*تم کیا جانو نماز میں کتنا سکون ہے*

*خامہ بکف محمد عادل ارریاوی*
________________________________
نماز ایک ایسی عظیم عبادت ہے جس کو ادا کرکے بندۂ مؤمن کے دل کو بےحد سکون راحت اور اطمینان حاصل ہوتا ہے۔ نماز اللہ ربّ العزت سے بندے کے تعلق کو مضبوط کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ جب انسان دنیا کی پریشانیوں غموں اور مشکلات سے گھبرا جاتا ہے تو نماز ہی وہ عبادت ہے جو اس کے دل کو سکون بخشتی ہے۔ ہمارے پیارے آقا محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک قرار دیا۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم جب کسی پریشانی یا معاملہ سے دوچار ہوتے تو فوراً نماز کی طرف متوجہ ہوجاتے کیونکہ نماز دلوں کی راحت اور روح کی غذا ہے۔
جب اللہ ربّ العزت نے معراج کی مبارک رات میں اپنے محبوب صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو نماز کا عظیم تحفہ عطا فرمایا تو صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم بےحد خوش ہوئے کیونکہ اب انہیں اپنے رب سے مانگنے اس کے سامنے جھکنے اور اپنی حاجتیں پیش کرنے کا بہترین وسیلہ مل گیا تھا۔ نماز وہ عبادت ہے جس میں بندہ اپنے ربّ کے سب سے زیادہ قریب ہوجاتا ہے سجدہ کی حالت میں انسان اپنے ربّ سے جو دعا مانگتا ہے اللہ تعالیٰ اس کو سنتا اور قبول فرماتا ہے۔
مگر افسوس آج بہت سے مسلمان نماز جیسی عظیم عبادت کو معمولی سمجھ کر چھوڑ دیتے ہیں۔ بعض لوگ تو ایسے ہیں جو دن رات دنیا کے کاموں میں مصروف رہتے ہیں لیکن نماز کے لیے چند لمحے بھی نکالنا گوارا نہیں کرتے۔ کچھ لوگ صرف جمعہ یا عید کی نماز پڑھتے ہیں اور باقی نمازوں سے غفلت برتتے ہیں حالانکہ قیامت کے دن سب سے پہلے نماز ہی کے بارے میں سوال ہوگا۔ اگر نماز درست ہوگی تو باقی اعمال بھی سنور جائیں گے اور اگر نماز ہی خراب ہوئی تو باقی اعمال بھی خطرے میں پڑ جائیں گے۔
یقین جانیے جو شخص سچے دل اخلاص اور پابندی کے ساتھ نماز ادا کرتا ہے وہ ایک الگ ہی سکون محسوس کرتا ہے۔ نماز انسان کے دل سے بےچینی خوف اور پریشانی کو ختم کردیتی ہے۔ جب بندہ وضو کرکے اللہ کے سامنے کھڑا ہوتا ہے قرآن کی تلاوت کرتا ہے رکوع و سجدہ کرتا ہے تو اس کے دل پر رحمتوں کا نزول ہوتا ہے۔ نماز انسان کو گناہوں سے بچاتی ہے بےحیائی اور بری باتوں سے روکتی ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے خود قرآن مجید میں فرمایا کہ بےشک نماز بےحیائی اور برے کاموں سے روکتی ہے۔
نماز کے بےشمار دینی اور دنیاوی فوائد ہیں۔ نماز پڑھنے والا انسان جسمانی طور پر بھی صحت مند رہتا ہے کیونکہ نماز کے اندر قیام رکوع سجدہ اور بیٹھنے کے ایسے اعمال ہیں جو انسان کے جسم کے لیے نہایت مفید ہیں۔ نماز انسان کے اندر نظم و ضبط پاکیزگی اور وقت کی پابندی پیدا کرتی ہے۔ جو شخص پانچ وقت نماز کا عادی بن جاتا ہے اس کی زندگی میں برکت آجاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کے رزق میں کشادگی عطا فرماتا ہے اس کے دل کو سکون دیتا ہے اور اسے بہت سی مصیبتوں اور پریشانیوں سے محفوظ فرماتا ہے۔
 تم کیا جانو نماز پڑھنے سے کیا کیا نعمتیں حاصل ہوتی ہیں کتنی رحمتیں نازل ہوتی ہیں اور کتنی بلائیں ٹل جاتی ہیں۔ نماز ہی وہ عبادت ہے جو دلوں کو سکون دیتی ہے انسان کو گناہوں سے بچاتی ہے اور اللہ تعالیٰ کے قریب کردیتی ہے۔ جو لوگ نماز کی پابندی کرتے ہیں ان کی زندگی دوسروں سے مختلف اور زیادہ پرسکون ہوتی ہے۔ ہمیں خود اس بات کا اندازہ ہوا کہ جب سے ہم نماز کے عادی ہوئے ہیں اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ اپنی رحمتوں سے نوازا بےشمار پریشانیوں اور مصیبتوں سے حفاظت فرمائی اور دل کو ایک عجیب اطمینان عطا کیا۔
کبھی سچے دل سے نماز کی پابندی کرکے تو دیکھو پھر معلوم ہوگا کہ نماز میں کتنا سکون کتنی برکت اور کتنی راحت پوشیدہ ہے۔ دنیا کی کوئی دولت اور کوئی آرام وہ سکون نہیں دے سکتا جو اللہ کے سامنے سجدہ کرنے میں ملتا ہے۔ مسلمان کی اصل کامیابی نماز میں ہے اور جو شخص نماز سے جڑ جاتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی زندگی کو نور سے بھر دیتا ہے۔
اللہ ربّ العزت ہم سب کو پانچ وقت کی نماز کی پابندی کرنے والا بنائے نماز کی حقیقت اور اس کی اہمیت کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں دنیا و آخرت کی کامیابی نصیب فرمائے۔ آمین یارب العالمین۔