*نیک لوگوں کی صحبت کامیابی کا پوشیدہ راز*

*خامہ بکف محمد عادل ارریاوی*
________________________________
کامیابی کا ایک بہت بڑا اور بنیادی راز یہ ہے کہ انسان اپنی صحبت سے اپنے اردگرد رہنے والے لوگوں کو بدل دے یہ بات صرف ایک نصیحت یا عام سی کہاوت نہیں ہے بلکہ ایک گہری حقیقت ہے جس کا اثر انسان کی پوری زندگی پر پڑتا ہے۔
یہ بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ جیسی صحبت ویسا اثر۔ یعنی آپ جن لوگوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں ویسے ہی خیالات عادات اور رویے آپ کے اندر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔ اگر آپ ترقی کرنا چاہتے ہیں آگے بڑھنا چاہتے ہیں اور زندگی میں کچھ بڑا حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ آپ ایسے لوگوں کے ساتھ بیٹھیں جو آپ کو بلند سوچ دیں آپ کے حوصلے بڑھائیں اور آپ کو آگے بڑھنے کی ترغیب دیں نہ کہ ایسے لوگوں کے ساتھ جو آپ کو نیچے کھینچیں اور آپ کے راستے میں رکاوٹ بنیں۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ اونچی پرواز کریں تو ایسے لوگوں کا انتخاب کریں جو آپ کو آسمان کی وسعتوں کا احساس دلائیں آپ کے خوابوں کو سمجھیں اور ان کی قدر کریں۔ ایسے دوست ہرگز نہ بنائیں جو آپ کی کمزوریوں کا مذاق اڑائیں یا آپ کو احساسِ کمتری میں مبتلا کریں بلکہ ایسے دوست چنیں جو آپ کی خامیوں کو سمجھیں آپ کو بہتر بننے میں مدد دیں اور آپ کی شخصیت کو مضبوط کریں۔
اچھا دوست وہ ہوتا ہے جو آپ کے خوابوں پر ہنسے نہیں بلکہ ان کو حقیقت بنانے کے لیے آپ کا ساتھ دے۔ وہ آپ کے مشکل وقت میں آپ کے ساتھ کھڑا رہے آپ کو حوصلہ دے اور آپ کو مایوسی سے نکالے۔ حقیقت یہ ہے کہ زندگی میں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو اپنے اردگرد مثبت سوچ رکھنے والے مخلص اور حوصلہ دینے والے لوگوں کو رکھتے ہیں۔
کیونکہ ایک سچا اور نیک دوست صرف وقتی ساتھ نہیں دیتا بلکہ وہ انسان کی زندگی بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وہ آپ کی سوچ کو بہتر بناتا ہے آپ کے کردار کو سنوارتا ہے اور آپ کو صحیح راستے پر چلنے میں مدد دیتا ہے۔
اس کے برعکس منفی سوچ رکھنے والے لوگ مطلبی تعلقات اور وقت ضائع کرنے والی صحبتیں انسان کے خوابوں کو آہستہ آہستہ ختم کر دیتی ہیں۔ یہ نقصان فوراً نظر نہیں آتا مگر وقت کے ساتھ انسان کو پیچھے دھکیل دیتا ہے۔
 نیک اور اچھے دوست کیسے چنے جائیں؟ ایسے لوگوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں جو آپ کو اللہ تعالیٰ کے قریب کریں جو آپ کی سوچ کو مثبت اور بہتر بنائیں جو آپ کو برائی سے روکیں اور نیکی کی طرف لے جائیں۔ یاد رکھیں اصل کامیابی انسان کو اکیلے حاصل نہیں ہوتی بلکہ وہ ان لوگوں کے ساتھ مل کر حاصل ہوتی ہے جو مشکل وقت میں بھی اس کا ساتھ نہ چھوڑیں۔
اپنی محفل اور اپنے دوستوں کا انتخاب بدل لیں آپ کی زندگی خود بخود بدلنا شروع ہو جائے گی۔
نیک لوگوں کی صحبت انسان کو نہ صرف دنیا میں کامیاب بناتی ہے بلکہ اسے اللہ تعالیٰ کے قریب بھی کرتی ہے۔ اس لیے ہمیشہ کوشش کریں کہ اچھے دیندار اور بااخلاق لوگوں کے ساتھ رہیں۔
خاص طور پر طلبہ کو اس بات کا بہت زیادہ خیال رکھنا چاہیے کہ وہ کن لوگوں کے ساتھ دوستی کر رہے ہیں۔ ایسے طالب علموں سے دوستی کریں جو اخلاق کے اچھے ہوں نیک ہوں اور علم حاصل کرنے میں سنجیدہ ہوں۔ کیونکہ دوستوں کا اثر تعلیم کردار اور مستقبل سب پر پڑتا ہے۔ اگر انسان بری صحبت اختیار کر لیتا ہے تو وہ آہستہ آہستہ اللہ تعالیٰ سے دور ہوتا چلا جاتا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ بڑے چھوٹے کی تمیز کھو دیتا ہے والدین کی عزت نہیں کرتا اساتذہ کا احترام نہیں کرتا اور دین سے دور ہو جاتا ہے۔ اور یاد رکھیں جو شخص دین سے دور ہو جاتا ہے اس کی آخرت بھی خراب ہو جاتی ہے اور وہ اللہ تعالیٰ کی ناراضی کا سبب بن سکتا ہے۔
اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی زندگی کو سنوارنے کے لیے اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کی کوشش کریں کیونکہ اسی میں ہماری کامیابی بھلائی اور نجات ہے۔
دنیا میں آپ کو ہر طرح کے لوگ ملیں گے لیکن آپ کی کامیابی اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کس کو اپنا قریب رکھتے ہیں۔ ہمیشہ اچھے لوگوں کے ساتھ رہنے کی کوشش کریں ان سے اچھی باتیں سیکھیں ان کے ساتھ علمی اور اخلاقی تعلق قائم کریں۔
 اللہ ربّ العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمیں سیدھے راستے پر قائم رکھے اور ہمیں نیک لوگوں کی صحبت نصیب فرمائے آمین یارب العالمین۔