علم صرف کتابوں تک محدود نہیں ہوتا، بلکہ یہ کردار، ماحول اور تربیت میں بھی جھلکتا ہے—یہ بات مجھے اس مدرسے کے دورے کے دوران شدت سے محسوس ہوئی۔
حال ہی میں مجھے جامعۃ الحسنین کے اندر جانے کا موقع ملا، جہاں داخل ہوتے ہی ایک نورانی اور پُرسکون فضا نے میرا استقبال کیا۔ طلبہ کی قرآنِ مجید کی تلاوت کی آوازیں دل کو سکون بخش رہی تھیں اور ہر طرف علم و تربیت کا حسین امتزاج نظر آ رہا تھا۔
یہاں طلبہ کو صرف قرآنِ مجید کی تعلیم ہی نہیں دی جاتی بلکہ ان کی ہمہ جہت تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ جامعہ کے اہم اہداف میں طلبہ کو جدید علوم سے آراستہ کرنا بھی شامل ہے۔ حفظِ قرآن کے ساتھ ساتھ باقاعدہ اسکول کی تعلیم کا انتظام موجود ہے، جبکہ درسِ نظامی کے ساتھ میٹرک تک تعلیم کا مربوط نظام بھی قائم ہے۔
مزید برآں، "حفاظ ایجوکیشن سسٹم" کے تحت طلبہ کو ایک سال میں عربی زبان پر عبور دلایا جاتا ہے، اور اگلے ہی سال وہ انگریزی زبان میں بھی مہارت حاصل کر لیتے ہیں۔ یہ ایک نہایت قابلِ تحسین کاوش ہے جو طلبہ کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بناتی ہے۔
غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی جامعہ کسی سے پیچھے نہیں۔ کراٹے کی تربیت سرفہرست ہے، جہاں ایک ماہر انسٹرکٹر طلبہ کو نہ صرف کراٹے بلکہ لاٹھی گھمانے جیسے ہنر بھی سکھاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کو کمپیوٹر کے جدید فنون سے بھی روشناس کرایا جاتا ہے تاکہ وہ آنے والے وقت کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔
مدیرِ جامعہ سے ملاقات بھی اس دورے کا ایک اہم حصہ تھی۔ وہ ایک صاحبِ فکر، محنتی اور باصلاحیت شخصیت کے مالک ہیں، جن کی سوچ عالمِ اسلام کے غلبے اور ترقی کے گرد گھومتی ہے۔ وہ نہایت جانفشانی سے مدرسے کے امور کو سنبھال رہے ہیں اور طلبہ کی بہترین تربیت کے لیے کوشاں ہیں۔
اسی دوران سر محمد صاحب سے بھی ملاقات ہوئی، جو مدرسے کے نہایت محنتی اور قابل فرد ہیں۔ وہ مدرسے کی تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں کی ویڈیوز ایڈیٹ کرتے ہیں اور جدید ذرائع کے ذریعے ادارے کی نمائندگی کرتے ہیں۔
یہ دورہ میرے لیے نہایت یادگار رہا۔ دل سے یہ خواہش پیدا ہوتی ہے کہ ہر مدرسہ اپنے طلبہ کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید علوم، غیر نصابی سرگرمیوں اور کمپیوٹر جیسے فنون سے بھی آراستہ کرے، تاکہ یہ طلبہ دینِ حنیف کا پیغام مؤثر اور تیز رفتاری سے دنیا بھر میں پہنچا سکیں۔
آخر میں میں تہہ دل سے شکر گزار ہوں مولانا اعجاز محمود صاحب، سر محمد صاحب اور مولانا احمد صاحب کا، جنہوں نے ہمیں یہ دورہ کروایا اور اپنے قیمتی وقت میں سے ہمیں وقت دیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس مدرسے کو دن دگنی، رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔
آمین یا رب الشہداء والمجاہدین۔

بقلم 
طوفان احمری