زندگی میں کچھ ملاقاتیں بظاہر بہت معمولی دکھائی دیتی ہیں، مگر اپنے اندر ایک گہری معنویت چھپا لیتی ہیں۔ یہ واقعہ بھی ایسی ہی ایک ملاقات کا تھا۔
2 جنوری 2026 میرے لیے ایک عام سا دن تھا۔ چند لوگ محفل میں گفتگو کر رہے تھے اور فضا میں رسمی شائستگی اور سماجی میل جول کا روایتی رنگ موجود تھا۔ لوگ سلام و دعا میں مصروف تھے، میں نے بھی ایک صاحبِ شناسائی کو تہذیب کے تقاضوں کے مطابق آگے بڑھ کر سلام کیا۔
سلام کا جواب تو ملا، مگر اس کے بعد آنے والا لمحہ غیر معمولی تھا۔
سامنے والے شخص نے مجھے ایک طویل اور گہری نظر سے دیکھا۔ وہ محض دیکھنا نہیں تھا، بلکہ ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے کوئی خاموش پیمائش یا 'محاکمہ' کر رہا ہو۔ انہوں نے آہستہ آہستہ مجھے سر سے پاؤں تک دیکھا، اور پھر سر کو ہلکی سی جنبش دی۔ اس مختصر سی حرکت میں ایک عجیب سا پیغام تھا—ایسا پیغام جس میں الفاظ تو مفقود تھے مگر ایک گہرا احساس ضرور موجود تھا۔
وہ لمحہ تو بیت گیا، مگر اس کی بازگشت دل و دماغ میں باقی رہی۔ میں وہاں سے خاموشی اور وقار کے ساتھ نکل آیا، لیکن اگلے پانچ چھ روز تک وہ منظر وقفے وقفے سے ذہن کی سکرین پر ابھرتا رہا۔ وہ تیکھی نظریں، وہ خاموش سر ہلانا اور وہ غیر مرئی سا نفسیاتی دباؤ... یہ ایک نا ۔ مُکمل ملاقات تھی 
پھر ایک لمحے کے لیے میں نے خود سے سوال کیا: "کیا واقعی کسی کی نگاہ انسان کی قدر و قیمت طے کر سکتی ہے؟"
اسی سوال کی کوکھ سے میرا جواب بھی برآمد ہو گیا۔
روحانی سکون کا راستہ
اسلام ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ عزت اور سکون کا اصل سرچشمہ صرف اللہ کی ذات ہے۔ جب انسان صدقِ دل سے یہ کہتا ہے:
"حَسْبِيَ اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ"
(اللہ میرے لیے کافی ہے اور وہ بہترین کارساز ہے)
تو دل کے اندر ایک غیر معمولی اطمینان کی لہر دوڑ جاتی ہے۔ اسی طرح قرآن کی دو مختصر مگر طاقتور سورتیں، سورہ الفلق اور سورہ الناس، انسان کو حسد، نظرِ بد اور منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک مستحکم روحانی حصار فراہم کرتی ہیں۔ جب دل اللہ کی پناہ میں آ جائے تو لوگوں کے رویے اپنی تاثیر کھو دیتے ہیں۔
نفسیاتی ادراک اور جسمانی طرزِ عمل
نفسیات کے مطابق بعض اوقات کوئی 'نامکمل' واقعہ ذہن میں بار بار اس لیے آتا ہے کہ انسانی دماغ اسے مکمل کرنا چاہتا ہے۔ اسے Zeigarnik Effect کہا جاتا ہے۔ ایسی صورتحال میں آپ کا پراعتماد جسمانی طرزِ عمل (Body Language) ہی آپ کا سب سے مؤثر اور خاموش ہتھیار ہے۔
دفاعی انداز اپنانے کے بجائے اپنے کندھے متوازن اور سیدھے رکھیں؛ سامنے والے کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنے کے بجائے اس کی پیشانی کے وسط میں دیکھیں۔ یہ عمل مقابل کو لاشعوری طور پر یہ احساس دلاتا ہے کہ آپ اس کے زیرِ اثر نہیں ہیں، بلکہ وہ خود اپنے وجود میں نقص ڈھونڈنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ یاد رکھیے، آپ کی پُروقار خاموشی اور ایک بے نیاز سی مسکراہٹ سامنے والے کے تکبر کو خاک میں ملانے اور اس 'نامکمل واقعے' کی تکمیل کے لیے کافی ہے۔
ظرف کی اصل جیت
زندگی کے سفر میں ایسے لوگ ملتے رہتے ہیں جو اپنی نگاہوں یا رویوں سے دوسروں کو کمزور محسوس کروانے کی کوشش کرتے ہیں۔ مگر اصل عظمت اس میں نہیں کہ ہم ہر رویے کا جواب دیں، بلکہ اصل فتح یہ ہے کہ ہم اپنے سکون اور عزتِ نفس کو کسی دوسرے کے رویے کا محتاج نہ بنائیں۔
عقاب جب آسمان کی بلندیوں میں پرواز کرتا ہے تو زمین سے اٹھنے والی گرد اس کی اڑان کو متاثر نہیں کر سکتی۔ اسی طرح جو انسان اپنی قدر پہچان لیتا ہے، لوگوں کی تیکھی نظریں اس کے وقار میں کمی نہیں کر سکتیں۔ درحقیقت یہی وہ گھڑی ہوتی ہے جب حاسدین کی نگاہوں اور آپ کے وقار کا اصل امتحان ہوتا ہے۔