عظمتِ قرآن... قرآن کی برکات اور اس کے فضائل
25 فروری، 2026
"آؤ ہم قرآن کو اپنی زندگی بنا لیں"
جس میں رشدو ہدایت کا سامان ہے
صرف قرآن ہے.......... صرف قرآن ہے
قرآن ایسی عظیم الشان کتاب ہے کہ جس نبی پر یہ نازل ہوئ اسے سارے نبیوں پر فضیلت حاصل ہے اسے سارے نبیوں کا امام بنا دیا گیا، جس فرشتے کے ذریعے قرآن نازل کیا گیا جو فرشتہ قرآن لے کر آتا تھا اسے سارے فرشتوں پر فضیلت حاصل ہے، جس مہینے میں قرآن نازل کیا گیا اس مہینے کو سارے مہینوں سے افضل قرار دے دیا گیا اور جس رات میں قرآن نازل کیا گیا اللہ اکبر اللہ اکبر اس رات کا مقام... اس رات کو ایک ہزار مہینوں سے بہتر بتایا گیا اور اس رات میں اللہ تعالی کثیر تعداد میں اپنے بندوں کی مغفرت فرماتا ہے۔
تو سوچیۓ قرآن کا کیسا عالیشان بلند و بالا مقام و مرتبہ ہے اللہ اللہ...
اللہ رب العزت ہمیں اس کتاب کے مقام و مرتبے کو سمجھنے والا بناۓ ہمیں ان لوگوں میں شامل فرماۓ جو قرآن والے تھے، جو قرآن والے ہیں۔
ہر مسلمان پر فرض ہے کہ قرآن مجید کو اللہ کی کتاب مانے اور اسکی عظمت کو تسلیم کرے۔
باقی ساری آسمانی کتابوں میں تحریف کر دی گئ لیکن دیکھیۓ.! کیا شان ہے اس کتاب کی بہت کوششیں کی گئیں اس کتاب میں رد و بدل کرنے کی لیکن ایک لفظ تو دور کی بات ایک حرکت، ایک اعراب بھی ادھر سے ادھر نہ ہو سکا عرب کے بڑے بڑے مشہور عربی جاننے والوں نے کوشش کی لیکن ہار مان کر کہہ دیا ما ھذا کلام البشر(یہ کسی بشر کا کلام نہیں ہے)
ایسا اس وجہ سے کیونکہ اس کتاب کی حفاظت کا ذمہ خود اللہ نے لیا ہے جیسا کہ اللہ رب العزت کا ارشاد ہے: "انا نحن نزلنا الذكر وانا له لحافظون"
ترجمہ: بے شک ہم نے ہی یہ قرآن نازل کیا ہے اور ہم ہی اس کی حفاظت کرنے والے ہیں
اللہ رب العزت نے اس کتاب کو محفوظ کرنے کا کیا خوب انتطام کیا ہے، اللہ تعالی نے حافظوں کے ذریعے اس کتاب کو محفوظ کیا اور دیکھیۓ آج دنیا بھر میں قرآن کے ہزاروں نہیں لاکھوں نہیں کروڑوں حفاظ اکرام موجود ہیں، 4 سال 6 سال کے بچے جو پوری طرح سنبھل نہیں پاتے جنہیں ٹھیک سے بولنا بھی نہیں آتا اللہ نے ان معصوم بچوں کے سینوں میں قرآن کو محفوظ کر دیا اللہ نے ان کے دلوں کو قرآن کے نور سے منور کر دیا، اللہ اکبر "بیشک اللہ ہر چیز پر قادر ہے"
اتنا ہی نہیں اللہ نے حافظ قرآن کے مقام کو بھی اتنا بلند کر دیا کہ انہیں نماز میں لوگوں کا امام بنا دیا، صرف ان کو نہیں بلکہ ان کے والدین کے مقام کو بھی بلند کر دیا ان کو یہ اعزاز بخشا کہ ان کو قیامت کے دن تاج پہنایا جاۓ گا اور حفاظ اکرام کی سفارش سے 10 گنہگاروں کی مغفرت کی بشارت دی گئ۔
ہمارے پیارے نبی پاکﷺنے اسے مضبوطی سے پکڑنے کی تاکید کی ہے، یہ ایسی کتاب ہے جس میں شک و شبہ کی کوئ گنجائش باقی نہیں یہ کتاب خود اپنی تعریف میں بتاتی ہے "ذالك الكتاب لا ريب فيه"
ترجمہ: اس میں رائی کے دانے کے برابر بھی شک کی گنجائش نہیں۔
اس کتاب کو پڑھنے والا اور اس پر عمل کرنے والا ہدایت پا جاۓ گا، جیسا کہ ارشاد ربانی ہے: "هدى للناس"
ترجمہ: یہ کتاب لوگوں کے لیۓ ہدایت ہے۔
اس کتاب میں لوگوں کی ہدایت کا سامان ہے جس نے اس پر عمل کر لیا وہ نجات پا گیا اس کی دنیا اور آخرت دونوں سنور گئ۔ قرآن دلوں میں نور اور سکون بھر دیتا ہے، قرآن وہ نور ہے جس کی روشنی میں دنیا اور آخرت دونوں کا راستہ دیکھا جا سکتا ہے،قرآن روح کو معطر کرتا ہے، قرآن کوئ عام کتاب جیسی نہیں ہے یہ آپ کے دکھوں کو آپ کی تکلیفوں کو اسکین کرتی ہے اللہ اس کتاب کے ذریعے اپنے بندوں سے ہم کلام ہوتا ہے آپ کو آپ کی زندگی کے موافق وہ آیتیں، وہ تسلیاں، وہ وضاحتیں آپ کے سامنے لے آتا ہے کہ آپ اس میں کھو جاتے ہیں، کبھی ایسا لگتا ہے بس اللہ نے یہ آیت اتاری ہی میرے لیۓ ہے کبھی جب آپ بہت پریشان ہوتے ہیں آپ کو کچھ سمجھ نہیں آ رہا ہوتا آپ کو تسلی کی ضرورت ہوتی ہے اور آپ قرآن کھول کر بیٹھ جاتے ہیں تو آپ کے سامنے وہ آیت آ جاتی ہے جس سے اللہ آپ کو تسلی دے رہا ہوتا ہے یہ کتاب صرف دنیا کی ساتھی نہیں یہ قبر کی بھی ساتھی ہے قرآن آپ کی قبر میں نور کی طرح ہوگا۔
ہمیں قرآن مجید کو اس طرح پڑھنا چاہیۓ جیسا کہ اسکو پڑھنے کا حق ہے قرآن کے کچھ حقوق ہیں جنہیں پورا کرنا چاہیۓ، وہ حقوق یہ ہیں کہ اسے تجوید کے ساتھ پڑھا جاۓ، اسے سمجھا جاۓ، اس میں تدبر کیا جاۓ، اسے اپنی زندگی میں لایا جاۓ یعنی اس پر عمل کیا جاے اور اس کی تبلیغ کی جاۓ۔ اگر کوئ شخص اس کتاب کو درست انداز پر پڑھے گا جس میں تدبر بھی شامل ہو تو اسے ایمان کی ہدایت مل جاۓ گی اور اس کے ایمان میں اضافہ اور مضبوطی پیدا ہوگی، جتنا ہو سکے قرآن کو سیکھو، قرآن سے اپنا تعلق مضبوط بناۓ رکھو، روزانہ کم از کم ایک آیت ضرور سیکھو،
قرآن علم کا وہ وسیع سمندر ہے جس میں آپ جتنی گہرائ تک غوطہ لگائیں گے اتنے ہی قیمتی گوہر آپ کے حصے میں آئینگے۔
قرآن برکت والی کتاب ہے قرآن اپنے آپ میں ایک معجزہ ہے جو اپنے پڑھنے اور سننے والے کو اپنی طرف مائل کر لیتا ہے_
قرآن ایسی کتاب ہے کہ اس کو جتنی بار پڑھوگے وہ پرانی نہیں لگے گی، وہ بورنگ نہیں لگے گی وہ ہر بار مزید دلچسپ لگے گی، ہر بار کچھ نہ کچھ نیا سکھاۓ گی، سمجھاۓ گی۔
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ اللہ ہمیں قرآن والا بناۓ، قرآن کے بتاے ہوۓ احکام پر چلنے والا بناۓ، قرآن کو سیکھنے سمجھنے اور اس پر عمل کرنے والا بناۓ
آمین یا رب العالمین
قرآن میری محبت....... قرآن میرا سکون
قرآن میری خوشی اور قرآن میرا جنون
القرآن الحیاتی...🤍🌹
بنت شہاب✍️