بنت محمد رافع✍️

یا اللہ… اس رمضان میں ہمیں اپنے حبیب ﷺ کا دیدار نصیب فرما دے… 🥹
رمضان کی سحر ہوتی ہے… آسمان پر نور اتر رہا ہوتا ہے… فرشتے رحمتیں بانٹ رہے ہوتے ہیں… مگر ایک دل ہے جو بے چین ہے… جو کسی اور چیز کے لیے نہیں دھڑک رہا… وہ صرف ایک ہستی کے لیے تڑپ رہا ہے… اُس نبی کے لیے جس نے کبھی ہمیں دیکھا نہیں… مگر ہمارے لیے روئے بہت ہیں…
ہم نے پڑھا کہ جب آپ ﷺ پر طائف میں پتھر برسائے گئے، جب جسمِ مبارک لہولہان تھا، جب جوتیاں خون سے بھر گئیں… تب بھی زبان پر بددعا نہیں آئی… بلکہ فرمایا: “اے اللہ! انہیں ہدایت دے، یہ جانتے نہیں…”
اُف… کون ہوتا ہے ایسا؟ کون اتنا رحیم ہوتا ہے؟ وہ ہمارے نبی ﷺ تھے… ہماری خاطر رونے والے… ہماری شفاعت کے لیے قیامت کے دن سجدے میں گر جانے والے…
اور ہم؟
ہم گناہوں میں ڈوبے ہوئے… نمازوں میں سستی… زبان پر شکایتیں… دل میں دنیا… پھر بھی دل یہ کہنے سے باز نہیں آتا:
یا اللہ! ایک بار… بس ایک بار خواب میں ہی سہی… ہمیں اپنے محبوب ﷺ کا چہرہ مبارک دکھا دے…
رات کے پچھلے پہر جب سب سو جائیں… تنہائی میں سجدے میں گر کر دیکھو… دل سے نکالو وہ سسکی جو سینے میں دبی ہے… اور کہو:
یا رب! میں اس قابل نہیں… میری آنکھیں پاک نہیں… میرا دل صاف نہیں… مگر میں تیرے محبوب ﷺ سے محبت رکھتی ہوں… اس محبت کو جھوٹا نہ ہونے دے… مجھے خالی نہ لوٹا… اگر خواب میں دیدار نہیں تو کم از کم قیامت میں ان کے قدموں میں جگہ دے دینا…
ذرا سوچو… قیامت کا میدان ہے… سورج سروں پر ہے… لوگ نفسی نفسی پکار رہے ہیں… اور وہ ﷺ فرما رہے ہیں: “اُمَّتی… اُمَّتی…”
وہ ہمیں ڈھونڈ رہے ہوں گے… کیا ہم ایسے ہوں گے کہ وہ پہچان لیں؟ یا ہمارے چہرے سنت سے خالی ہوں گے؟ ہمارے اعمال شرمندہ کر دیں گے؟
دیدار صرف آنکھوں کا نہیں ہوتا… دیدار نصیب کا ہوتا ہے… اور نصیب اُن کا جاگتا ہے جو درود سے رشتہ جوڑ لیتے ہیں… جو سنت کو زندگی بنا لیتے ہیں… جو گناہ پر رو لیتے ہیں… جو تنہائی میں اللہ سے کہہ دیتے ہیں:
یا اللہ! مجھے اپنے محبوب ﷺ کی سچی اُمتی بنا دے…
اگر اس رمضان خواب میں دیدار ہو گیا تو وہ لمحہ زندگی کا سب سے قیمتی لمحہ ہوگا… مگر اگر دیدار نہ بھی ہوا… اور دل بدل گیا… آنکھیں نم ہوگئیں… نمازیں سنور گئیں… زبان درود سے تر ہوگئی… تو یقین کرو یہی اصل کرم ہے… یہی اصل قرب ہے…
یا اللہ… ہم کمزور ہیں… خطاکار ہیں… مگر تیرے محبوب ﷺ سے محبت رکھتے ہیں… اس محبت کی لاج رکھ لے…
اس رمضان ہماری قسمت بدل دے…
ہماری آنکھوں کو وہ نور دکھا دے…
اور اگر دنیا میں نہیں… تو آخرت میں اپنے حبیب ﷺ کے قدموں میں گرا دے…
آمین یا رب العالمین… 🤲🏻🥹