شب و روز کی مصروفیات اور خدمتِ دین کا تسلسل
نگارشات: مفتی محمد تسلیم الدین المحمودی
محترم قارئین!
الحمدللہ رب العالمین، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری آن لائن اکیڈمی کے ذریعے ماہِ رمضان المبارک کے سلسلے میں ایک مختصر مگر مفید اور بابرکت پانچ روزہ کورس کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکا ہے۔ اس کورس میں رمضان المبارک سے متعلق ان اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی جن کا جاننا ہر مسلمان کے لیے نہایت ضروری ہے۔
ان نشستوں میں رمضان مینجمنٹ ،روزوں کے احکام و مسائل، زکوٰۃ کے احکام مسائل، نمازِ تراویح کے مسائل، اور شبِ قدر و لیلۃ الجائزہ کی حقیقت، فضائل اور اس کی قدر و اہمیت پر تفصیلی انداز میں گفتگو کی گئی۔ الحمدللہ، طلبہ و طالبات اور شرکاء نے بڑی توجہ اور دلچسپی کے ساتھ اس سے استفادہ کیا۔
گزشتہ چند دن شب و روز انہی علمی اور تعلیمی مصروفیات میں گزرے۔ اس کے ساتھ طلبہ کےسالانہ امتحانات، درسی ذمہ داریاں اور دیگر انتظامی امور بھی ساتھ ساتھ چلتے رہے۔ انہی مسلسل مشاغل کی وجہ سے تحریر و تصنیف کے لیے وہ وقت نہ مل سکا جو معمول کے مطابق میسر آ جاتا ہے۔ اگرچہ دل میں بارہا ارادہ ہوا، لیکن مصروفیات کا تسلسل غالب رہا۔
تاہم دل میں ہمیشہ یہ احساس زندہ رہا کہ "صدائےقلم" بھی کسی امانت سے کم نہیں۔ جب بھی کوئی مناسب موقع اور پلیٹ فارم میسر آئے تو اپنے خیالات، تجربات اور دینی پیغام کو تحریر کے ذریعے لوگوں تک پہنچانا ضروری ہے۔ علم کی خدمت صرف درس و تدریس تک محدود نہیں، بلکہ اس کی اشاعت اور اظہار بھی اسی کا ایک اہم حصہ ہے۔
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہماری ان معمولی کوششوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، ہمیں علمِ نافع عطا کرے، اخلاص کے ساتھ دین کی خدمت کی توفیق دے، اور ہمیں پڑھنے، لکھنے اور سیکھنے سکھانے کے اس مبارک سلسلے کو جاری رکھنے کی ہمت اور استقامت عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین