سوشل میڈیا اور انسانی ذہن پر اس کا اثر
بقلم: محمد علی سبحانی ✍️
آج کے اس ڈیجیٹل دور میں سوشل میڈیا ہماری زندگی کا ایک لازمی حصہ بن چکا ہے۔ ہم صبح آنکھ کھولتے ہی سب سے پہلے اپنے موبائل فون کی اسکرین پر نظر ڈالتے ہیں، نوٹیفکیشنز چیک کرتے ہیں، اور دن کا آغاز لائکس، کمنٹس اور شیئرز سے کرتے ہیں۔ بظاہر یہ پلیٹ فارمز ہمیں دنیا سے جوڑنے، معلومات فراہم کرنے اور اظہارِ خیال کا موقع دینے کا ذریعہ ہیں، لیکن حقیقت میں یہ آہستہ آہستہ ہمارے ذہنوں کو قابو میں کر رہے ہیں۔
یہ تصویر اسی حقیقت کی عکاسی کرتی ہے۔ ہاتھ جو دماغ کی ڈوریاں کھینچ رہا ہے، اس بات کی علامت ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیاں اور ان کے الگورتھمز ہماری سوچ، ترجیحات، اور حتیٰ کہ جذبات کو بھی کنٹرول کر رہے ہیں۔ ہم وہی دیکھتے ہیں جو یہ پلیٹ فارمز ہمیں دکھانا چاہتے ہیں، ہم وہی پسند کرتے ہیں جو ان کے حساب سے "ٹرینڈ" میں ہوتا ہے، اور ہم وہی سوچنے لگتے ہیں جو ہمیں بار بار دکھایا جاتا ہے۔
ہم اکثر کہتے ہیں کہ ہم صرف "کچھ دیر" موبائل دیکھنے جا رہے ہیں، لیکن ریلس دیکھتے دیکھتے پتا ہی نہیں چلتا کہ کب دو یا تین گھنٹے گزر گئے۔ اس دنیا میں کوئی چیز مفت نہیں ملتی، تو پھر یہ سوشل میڈیا ایپس ہمیں مفت میں ویڈیوز کیوں دکھاتی ہیں؟ اس کی قیمت ہے ، آپ کا وقت۔ اور جب آپ اپنا وقت دیتے ہیں، تو آہستہ آہستہ یہ آپ کے جذبات، فیصلوں اور دماغ پر بھی قابض ہونے لگتے ہیں۔
سوشل میڈیا نے انسان کو ایک مصنوعی دنیا میں قید کر دیا ہے جہاں اصل تعلقات، حقیقی خوشیاں اور قدرتی تجربات کم ہوتے جا رہے ہیں۔ لوگ اپنی زندگی کے حقیقی لمحات کو قیمتی سمجھنے کے بجائے سوشل میڈیا پر "پرفیکٹ" دکھنے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ نتیجتاً ذہنی دباؤ، احساسِ کمتری، تنہائی، اور اضطراب میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ سوشل میڈیا کے استعمال کو کم کریں تو ان آسان مگر مؤثر نکات پر عمل کریں:
1. سونے سے کم از کم دو گھنٹے پہلے موبائل الگ رکھ دیں۔
2. تمام سوشل میڈیا ایپس کی نوٹیفکیشنز بند کر دیں۔
3. انسٹاگرام کو ان انسٹال کر کے صرف براؤزر میں استعمال کریں۔
4. روزانہ کا “سکرین ٹائم” چیک کریں اور ایک حد مقرر کریں۔
5. ہر ہفتے ایک “ڈیجیٹل ڈیٹاکس ڈے” رکھیں جس میں کوئی سوشل میڈیا استعمال نہ کریں۔
6. فارغ وقت میں کتاب پڑھیں، چہل قدمی کریں یا کسی دوست سے آمنے سامنے بات کریں۔
7. غیر ضروری ایپس ڈیلیٹ کر دیں اور صرف ضرورت کی ایپس رکھیں۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سوشل میڈیا کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کریں، نہ کہ اسے اپنے اوپر حاوی ہونے دیں۔ یہ ایک طاقتور آلہ ہے، مگر اگر ہم اس کے غلام بن جائیں تو یہ ہماری ذہنی آزادی چھین لیتا ہے۔