بہت اعلیٰ عبادت ہے نمازیں وقت پر پڑھنا
سعادت ہی سعادت ہے نمازیں وقت پر پڑھنا
خدائے پاک سے آقا سے اسلام و صحابہ سے
محبت کی علامت ہے نمازیں وقت پر پڑھنا
گناہوں سے الگ ہو کر جو مسجد کو چلا جائے
تو جنت کی ضمانت ہے نمازیں وقت پر پڑھنا
یہ سستی کاہلی غفلت فقط شیطاں کی منشا ہے
کہ شیطان سے عداوت ہے نمازیں وقت پر پڑھنا
نگاہوں کی حفاظت ہو تو خود محسوس ہوتا ہے
یہ ایمانی حرارت ہے نمازیں وقت پر پڑھنا
شہہِ ابرار کی آنکھوں کی ٹھنڈک پر مسلمانو!
ادائے استقامت ہے نمازیں وقت پر پڑھنا
۔