ظاہر و باطن: فریبِ جمال یا حقیقت کا پردہ؟
✒️ محمد تسلیم الدین المحمودی
ضروری نہیں جو دکھتا ہے وہی ہو...
معاشرے نے آج ایسے نقاب اوڑھ لیے ہیں کہ سچائی چہروں سے نہیں، کرداروں سے بھی اوجھل ہو چکی ہے۔ آج کے دور میں چمکتے لباس، برانڈڈ جوتے، مہنگے موبائل اور مصنوعی مسکراہٹیں سب کچھ بتاتی ہیں، سوائے سچ کے۔
ہم ایسے معاشرے میں جی رہے ہیں جہاں قیمت کپڑوں کی دیکھی جاتی ہے، کردار کی نہیں۔ جہاں لباس کی مالیت سے انسان کی عظمت ماپی جاتی ہے، اور دل کی سچائی محض ایک کمزور جذبہ سمجھا جاتا ہے۔ سادہ بات ہے:
کپڑے مہنگے، دل سستے بھی ہوتے ہیں۔
یہ وہ دور ہے جہاں خوش اخلاقی ایک سوشل میڈیا اسٹریٹیجی بن چکی ہے، اخلاص اب مصلحت کے پردے میں چھپا نظر آتا ہے، اور سخاوت اکثر نمود و نمائش کی تصویر بن گئی ہے۔ جسے دیکھ کر رشک آئے، ضروری نہیں کہ وہ خوش ہو، اور جو خنداں ہو، ضروری نہیں کہ اس کے دل میں سکون ہو۔
ایسا کیوں ہے؟
کیونکہ ہم نے ظاہر پرستی کو معیارِ فضیلت بنا لیا ہے۔ ہم نے جھوٹے معیاروں کو اپنی قدر کی ترازو میں رکھ دیا ہے۔ اب عزت اس کی ہے جس کے پاس مہنگا لباس ہے، چاہے وہ جھوٹ بولتا ہو، وعدے توڑتا ہو، یا دلوں کو زخمی کرتا ہو۔
ہم بھول گئے کہ لباس شخصیت کا حصہ ہو سکتا ہے، مگر انسانیت کا پیمانہ ہرگز نہیں۔ وہ لوگ جو سادگی سے جیتے ہیں، دلوں میں وسعت رکھتے ہیں، وعدے نبھاتے ہیں، اور مخلص ہوتے ہیں — وہ اکثر نظر انداز ہو جاتے ہیں کیونکہ ان کے کپڑوں پر برانڈ کا لیبل نہیں ہوتا۔
دل سستے ہو چکے ہیں کیونکہ ہم نے انہیں بازاروں میں تولنا شروع کر دیا ہے۔ آج کوئی مشکل میں ہو تو پوچھنے والا نہیں، مگر اگر کسی کی سالگرہ ہو تو تصاویر کی بھرمار۔
اگر کوئی گریہ کرے تو خاموشی،
اور اگر کوئی ہنسے تو تبصرے۔
یہ وقت ہے، ہم رُک کر سوچیں:
کیا ہم نے انسان کو انسان کے طور پر پرکھنا چھوڑ دیا ہے؟
کیا ہم نے باطن کی روشنی کو ظاہری چمک دمک میں دفن کر دیا ہے؟
اب بھی وقت ہے…
ہم ظاہری پالش کے بجائے دلوں کی صفائی کی طرف توجہ دیں۔
کپڑوں سے زیادہ کردار کو قیمتی جانیں۔
اور اس سچائی کو پہچانیں کہ:
مہنگے کپڑے انسان کو عزت تو دلوا سکتے ہیں، مگر محبت صرف مخلص دل ہی دلاتے ہیں۔