سفر
سیرت 
قسط نمبر ۵

*آغازِ نبوت سے ہجرت حبشہ تک سیرت النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم*

✍🏻*محمد عادل ارریاوی
*
________________________________

*رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے شام کا دوسرا سفر*

         رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی عمر مبارک جب ۲۵ سال کی ہوئی اور آپکی امانت داری، سچائی اور پاکیزگی کا چر چا دور دور تک ہونے لگا، تو مکہ کی ایک مالدار خاتون حضرت خدیجہ ( جو اپنا مال دوسروں کو تجارت کے لئے فیصد پر دیا کرتی تھی ، انہوں ) نے آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے کہا کہ آپ میرا مال لیکر تجارت کے لئے شام جائیے ، میں آپ کو دوسروں کے مقابلہ میں زیادہ معاوضہ دوں گی، چنانچہ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم حضرت خدیجہ کا مال اور ان کے غلام میسرہ کے ساتھ شام کے لئے روانہ ہوئے جب شام کے مشہور شہر پہنچے تو ایک درخت کے سایہ میں آرام کرنے کے لئے آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم بیٹھ گئے ، وہاں نَسْطُورا نام کا ایک راہب رہتا تھا ، اس نے جب آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو دیکھا تو آپ کے پاس آیا اور کہا کہ حضرت عیسٰی کے بعد سے اب تک تمہارے علاوہ کوئی شخص بھی اس درخت کے نیچے نہیں بیٹھا ہے، پھر اس نے آپ کی آنکھوں کی سرخی دیکھی اور میسرہ سے کہا کہ یہ آخری نبی ہیں، اس سفر میں حضرت خدیجہ کو عام تجارتی اسفار کے مقابلہ میں بہت زیادہ نفع ہوا اور انھوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو مقررہ اجرت سے زیادہ معاوضہ دیا ، میسرہ کہتے ہیں کہ سفر کے دوران جب دھوپ کی شدت ہوتی تو میں دیکھتا کہ آپ پر دو فرشتے سایہ کئے ہوئے ہیں۔(دلائل النبوة ٦٦/٢)

*رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی حضرت خدیجہ سے شادی*

          رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم جب شام سے واپس آئے تو میسرہ نے حضرت خدیجہ کو سفر کے حالات اور واقعات کے بارے میں بتایا، حضرت خدیجہ نے ان باتوں کا اپنے چچازاد بھائی وَرَقَة بن نوفل سے تذکرہ کیا جو ایک نصرانی عالم تھے، انھوں نے کہا کہ اگر یہ واقعات سچے ہیں تو یقیناً محمد ہی آخری نبی ہیں ، یہ سن کر حضرت خدیجہ کے دل میں آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے شادی کرنے کی رغبت پیدا ہوئی ، چنانچہ حضرت خدیجہ نے آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو نکاح کا پیغام دیا ، آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے اپنے چچا ابوطالب کے مشورہ سے نکاح کر لیا ، حضرت ابو طالب نے آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا نکاح پڑھایا ، اس وقت حضرت خدیجہ کی عمر ۴۰ سال اور آپ کی عمر ۲۵ سال تھی۔ (سيرة المصطفى ا۔ ۱۰۷)

*بیت اللہ کی نئی تعمیر اور آپ ﷺ کا حکیمانہ فیصلہ*

      جب آپ ﷺ کی عمر مبارک ۲۵ سال ہوئی تو خانۂ کعبہ میں بارش کی وجہ سے دیواروں میں دراڑ پڑ جانے کے سبب کعبۃ اللہ کی نئی تعمیر ہوئی۔
کعبہ بنانے میں دروازے والی دیوار بنی عبد مناف اور بنی زہرہ کے ذمہ آئی۔ رکنِ یمانی اور حجرِ اسود کے درمیان کی دیوار بنو مخزوم اور بنو تیم نے تعمیر کی۔ حطیم والا حصہ بنو عبدالدّار، بنو اسد اور بنو عدی کے حصے میں آیا، اور پچھلی دیوار بنو سہم اور بنو جُمح نے تعمیر کی۔
جب حجرِ اسود کو اپنی جگہ رکھنے کا موقع آیا تو مختلف خاندانوں کے درمیان کشمکش شروع ہوئی اور لڑائی جھگڑے کا اندیشہ پیدا ہو گیا۔ ایسے موقع پر مکہ کے ایک بزرگ اُمیہ بن مغیرہ نے رائے پیش کی کہ کل جو شخص سب سے پہلے کعبۃ اللہ میں آئے، وہی حجرِ اسود کو اپنی جگہ پر رکھے۔
         اگلے دن سب سے پہلے کعبۃ اللہ میں آنے والی شخصیت آپ ﷺ کی تھی۔ چنانچہ آپ ﷺ نے ایک چادر منگوائی اور اس کے درمیان حجرِ اسود رکھا۔ ہر خاندان سے ایک ایک ذمہ دار شخص کو بلایا اور ان سب سے فرمایا کہ وہ چادر کے کنارے پکڑ کر حجرِ اسود کو اس جگہ تک لے جائیں جہاں اسے لگایا جانا ہے۔
جب حجرِ اسود اپنی جگہ تک پہنچ گیا تو آپ ﷺ نے اپنے دستِ مبارک سے اسے اس کی جگہ پر رکھ دیا۔ اس طرح آپ ﷺ کے حکیمانہ فیصلے سے ایک بڑے اختلاف اور ممکنہ خون ریزی کا خاتمہ ہو گیا۔

*صادق و امین*

          نبی بنائے جانے سے پہلے بھی آپ ﷺ نے کبھی بتوں کی عبادت نہیں کی اور کوئی ایسا کام نہیں کیا جو گناہ یا شرم و حیا کے تقاضوں کے خلاف ہو۔
آپ ﷺ کے خصوصی دوستوں میں حضرت ابوبکر صدیقؓ، حضرت حکیم بن حزامؓ اور حضرت ضِماد بن ثعلبہؓ تھے، اور یہ سب بعد میں مسلمان ہوئے۔
خوش اخلاقی، امانت داری اور صاف و سچی بات کی وجہ سے نبوت سے پہلے بھی لوگ آپ ﷺ کو امین (امانت دار) اور صادق (سچا) کہا کرتے تھے۔
(حیاتِ طیبہ از: مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب مدظلہم)

*رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی بعثت کا مختصر واقعہ*

           رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا خلوت نشینی کو پسند کرنا جب رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی عمر مبارک جب ۴۰ سال کے قریب ہوئی تو آپ تنہائی کو پسند فرمانے لگے، مکہ سے تین میل کے فاصلہ پر ایک پہاڑ ہے جس کا نام جبل نور ہے، اس پہاڑ کی چوٹی پر ایک غار ہے جو غار حراء کے نام سے مشہور ہے، رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کھانے پینے کی کچھ چیزوں کے ساتھ اس غار میں تشریف لے جاتے ، کئی کئی دنوں تک وہاں قیام کرتے اور اس دوران ہر وقت غور و فکر اور اللہ کی عبادت میں مشغول رہتے ، پھر جب کھانے پینے کی چیزیں ختم ہو جا تیں تو آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم واپس تشریف لے آتے اور توشہ لیکر پھر غار حراء تشریف لے جاتے۔ (سیرت النبی ۱۵۵/۱)

*رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا سچا خواب دیکھنا*

         جب آپ کی عمر مبارک ۴۰ سال کی ہوئی تو ربیع الاول کے مہینہ سے آپ سچا خواب دیکھنے لگے، یعنی خواب میں جو چیز دیکھتے تھے صبح میں وہ پورا ہو جاتا تھا، یہ سلسلہ چھ ماہ تک جاری رہا، ہر ماہ کے بعد رمضان کے مبارک مہینہ میں آپ پر پہلی وحی نازل ہوئی۔

*رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے پاس حضرت جبرئیل کا تشریف لانا*

          آپ غار حراء میں عبادت میں مشغول تھے کہ اچانک حضرت جبرئیل آپ کے پاس ایک ریشمی رومال لیکر آئے ، جس پر سورۂ علق کی درج ذیل ابتدائی پانچ آیتیں لکھی ہوئیں تھیں۔ اقرأ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِي خَلَقَ ، خَلَقَ الْإِنْسَانَ مِنْ عَلَى إِقْرَأْ وَ رَبُّكَ الْأَكْرَمُ الَّذِي عَلَّمَ بِالْقَلَمِ ، عَلَّمَ الْإِنْسَانَ مَا لَمْ يَعْلَمْ . (سورۃ العلق) ترجمہ اپنے رب کے نام سے پڑھئے جس نے پیدا کیا، جس نے جمے ہوئے خون کے ایک لوتھڑے سے انسان کی تخلیق کی ، پڑھئے اور آپ کا رب بڑا کریم ہے، جس نے قلم کے ذریعہ علم سکھایا اور انسان کو وہ علم دیا جو وہ نہیں جانتا تھا۔ حضرت جبرئیل نے آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو وہ رومال دکھایا اور کہا کہ اس کو پڑھئے ، آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمايا ما أنا بقاری ( میں نہیں پڑھ سکتا ) یہ جواب سن کر حضرت جبرئیل نے آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو اپنے سینے سے لگایا اور پوری قوت کے ساتھ آپ کو دبایا اور کہا پڑھئے اس بار بھی آپ نے وہی جواب دیا، تیسری بار حضرت جبرئیل نے پھر پوری وقت کے ساتھ آپ کو دبایا اور مذکورہ بالا آیات پڑھ کر سنائیں ، پھر آپ کو پڑھنے کے لئے کہا، اس بار آپ نے ان آیات کو پڑھ دیا اور اس کے بعد حضرت جبرئیل آپ کی نظروں سے اوجھل ہو گئے۔(سیرت ابن ہشام ۲۶۷/۱،)

*رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا حضرت خدیجہ کے پاس تشریف لے جانا*

        وحی الٰہی کے نزول کے بعد آپ پر خوف طاری ہو گیا اور آپ حضرت خدیجہ کے پاس تشریف لے گئے اور ان سے کہا کہ اے خدیجہ مجھے کمبل اڑھاؤ مجھے کمبل اڑھاؤ مجھے اپنی جان کے ہلاک ہونے کا اندیشہ ہے، حضرت خدیجہ نے آپ کے بدن پر کمبل ڈالدیا ، اس کے بعد آپ نے حضرت خدیجہ کو پورا واقعہ سنایا ، حضرت خدیجہ نے آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا کہ ہر گز نہیں اللہ تعالی آپ کو رسوا نہیں کر سکتے ہیں (یعنی آپ ہلاک نہیں ہو سکتے ہیں، کیوں کہ ) آپ تو رشتوں کو جوڑتے ہیں، مہمان نوازی کرتے ہیں، لوگوں کا بوجھ اٹھاتے ہیں، فقیروں کو کما کر دیتے ہیں، لوگوں کی مصیبتوں میں ان کی مدد کرتے ہیں۔

*حضرت خدیجہ کا ورقہ بن نوفل کے پاس جانا*

          اس کے بعد حضرت خدیجہ اپنے چچازاد بھائی وَرَقَة بن نَوْفَلْ کے پاس گئی اور ان کو پورا واقعہ بتایا ، یہ سن کر وَ رَقَة بن نوفل نے کہا کہ خدا کی ذات پاک ہے خدا کی ذات پاک ہے اس ذات کی قسم جس کے قبضہ میں میری جان ہے اگر تم سچ بول رہی ہو تو اس کے پاس وہی فرشتہ آیا ہے جو حضرت موسٰی کے پاس آتا تھا، اور محمد اس امت کے نبی ہوں گے، ان سے کہو کہ وہ
ثابت قدم رہیں ۔

*سب سے پہلے مسلمان*

          نبوت کے بعد آپ ﷺ نے مکہ میں تیرہ سال گزارے۔ آپ ﷺ کی دعوت پر عورتوں میں سب سے پہلے حضرت خدیجہؓ نے، مردوں میں حضرت ابوبکر صدیقؓ نے، بچوں میں حضرت علیؓ نے اور غلاموں میں حضرت زید بن حارثہؓ نے لبیک کہا۔
شروع دور میں جن لوگوں نے اسلام قبول کیا، ان کو سابقون الاولون (پہلے ایمان لانے والے) بھی کہا جاتا ہے۔ ان کے نام یہ ہیں۔
1. حضرت بلال حبشیؓ
2. حضرت خباب بن ارتؓ
3. حضرت عثمان غنیؓ
4. حضرت زبیر بن عوامؓ
5. حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ
6. حضرت سعد بن ابی وقاصؓ
7. حضرت طلحہ بن عبداللہؓ
8. حضرت عبداللہ بن عبدالاسدؓ
9. حضرت ابوعبیدہ عامر بن عبداللہ بن جراحؓ
10. حضرت ارقمؓ
11. حضرت عثمان بن مظعونؓ
12. حضرت عبداللہ بن مسعودؓ
13. حضرت سعید بن زیدؓ
14. حضرت فاطمہ بنت خطابؓ
15. حضرت اُمّ الفضل لبابۃ الکبریٰؓ (حضرت عباسؓ کی بیوی)
16. حضرت اسماء بنت ابوبکر صدیقؓ
17. حضرت یاسر بن عامرؓ
18. حضرت عمار بن یاسرؓ
19. حضرت سمیہ بنت خیاطؓ
20. حضرت عبیدہ بن حارثؓ
21. حضرت خالد بن سعید بن عاصؓ
22. حضرت نُعیم بن عبداللہؓ
23. حضرت جعفر بن ابی طالبؓ
24. حضرت عبداللہ بن جحشؓ
25. حضرت سائب بن مظعونؓ
26. حضرت عبداللہ بن مظعونؓ
27. حضرت قدامہ بن مظعونؓ
28. حضرت سعد بن عثمانؓ
29. حضرت مسعود بن ربیعہؓ
30. حضرت خنیس بن حذافہ سہمیؓ
31. حضرت عیاش بن ربیعہؓ
    مکہ کے باہر کے لوگوں میں
32. حضرت ابوذر غفاری
    (حیاتِ طیبہ از: مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب مدظلہم)

*رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا خفیہ طور پر دعوت دینا*

          جب آپ پر دوبارہ وحی کا سلسلہ شروع ہوا اور سورہ مدثر کی ابتدائی آیات میں قم فَأَنْذِرْ کے ذریعہ آپ کو تبلیغ کا حکم دیا گیا تو آپ نے خفیہ طور پر اسلام کی دعوت دینی شروع کردی، چوں کہ اس دور میں علی الاعلان اسلام کی دعوت نہیں دی جاسکتی تھی اور نہ ہی اس کا حکم ہوا تھا، اس لئے آپ تین سال تک چپکے چپکے اسلام کی دعوت دیتے رہے، اور آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے حضرت زید بن ارقم کے گھر کو جو خانہ کعبہ سے ۱۳۰ میٹر کی دوری پر کوہ صفا کے قریب واقع تھا اپنے کام کا مرکز بنالیا، آپ اس مکان میں دعوت و تبلیغ کا فریضہ انجام دیتے اور اسلام قبول کرنے والوں کی خصوصی تربیت بھی اسی مکان میں فرماتے ، بعد میں یہی مکان دارارقم کے نام سے مشہور ہوا۔ (سیرۃ المصطفی ۱/ ۱۶۵)

*رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا علی الاعلان دعوت دینا*

         نبوت ملنے کے تین سال بعد رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو اپنے قریبی رشتہ داروں اور عام لوگوں کو علی الاعلان دین اسلام کی دعوت دینے کا حکم ہوا ۔ ( عیون الاثر ۱۸۸/۱) 
          چنانچہ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے خدا کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے اپنے خاندان کے لوگوں کو کھانے کی دعوت پر بلایا جس میں تقریبا ۵۰ لوگ شریک ہوئے ، کھانے سے فراغت کے بعد آپ نے ان کے سامنے دین حق کا اعلان کیا لیکن ان میں سے کسی شخص نے بھی اسلام قبول نہیں کیا۔
         پھر آپ نے عام لوگوں کو دعوت دینے کے لئے ایک دن صفا پہاڑی پر چڑھ کر یہ آواز لگائی یا صباحاه ( ہائے صبح کا خطرہ ہائے صبح کا خطرہ اس زمانہ کا یہ دستور تھا کہ کسی اہم بات کو بیان کرنے کے لئے پہاڑی پر چڑھ کر اسی طرح اعلان کیا جاتا تھا ) جب سارے لوگ جمع ہو گئے تو آپ نے فرمایا کہ اگر میں کہوں کہ اس پہاڑ کے پیچھے دشمنوں کی فوج ہے جو تم پر حملہ کرنا چاہتی ہے، تو کیا تم اسے سچ مانو گے؟ سبھوں نے کہا کہ ہاں ہم اس بات کو سچ سمجھیں گے۔ اس کے بعد آپ نے ان میں سے ہر قبیلہ والوں کا نام لیکر پکارا اور فرمایا کہ اے قریش کی جماعت اے بنو عبد مناف اے بنو عبد شمس اے بنو کعب بن لؤی اے عباس اپنے آپ کو جہنم کی آگ سے بچاؤ، اس بات کا اقرار کر لو کہ اللہ کے علاوہ کوئی معبود نہیں ہے تا کہ تم کامیاب ہو جاؤ، یقیناً اللہ کے عذاب سے میں تمہیں نہیں بچا سکتا ہوں ، یہ سن کر قریش غصہ میں آگئے اور ابولہب نے غصہ میں آگ بگولہ ہو کر آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی طرف ایک مٹھی مٹی پھینکا اور کہا کہ اے محمد تم بر باد ہو جاؤ، کیا تم نے ہم سب کو اسی کام کے لئے جمع کیا تھا؟ اللہ رب العزت نے ابولہب کی اس بیہودہ حرکت پر اسی وقت سورہ تبت یدا ابی لہب نازل فرمائی۔
(سبل الہدی والرشاد ۳۲۳/۲)

              مشرکینِ مکہ آپ ﷺ پر طرح طرح کے الزام لگاتے تھے کبھی آپ ﷺ کو جادوگر کہتے
وَقَالَ الْكَافِرُونَ هَذَا سَاحِرٌ كَذَّابٌ کبھی کہتے یہ گزشتہ قوموں کی کہانیاں ہیں جن کو آپ ﷺ نے لکھ لیا ہے۔ کبھی نبوت کے دعوے کو من گھڑت دعویٰ کہتے
إِنْ هَذَا إِلاَّ إِفْکُنِ افْتَرَاهُ اس کے علاوہ آپ ﷺ کا مذاق کرنا تو عام بات تھی۔ لوگوں کو قرآن مجید سننے سے منع کرتے، جب آپ ﷺ قرآن پڑھتے تو چیخ و پکار شروع کر دیتے تاکہ کوئی سن نہ سکے، نضر بن حارث نے فارس کے بادشاہوں جیسے رستم و اسفندیار کی کچھ باتیں سن رکھی تھیں، حضور ﷺ کی بات سننے سے روکنے کے لیے اسے لوگوں کے سامنے پیش کرتا، اس نے ایک گانے بجانے والی خرید رکھی تھی جب کسی کے بارے میں معلوم ہوتا کہ اس نے اسلام قبول کیا ہے تو اس کو اس کے پاس بھیج دیتا کہ وہ گانا بجانا کرکے اور کھلا پلا کر اس کو اسلام سے پھیر دے۔
نبوت کے ساتویں سال رسول اللہ ﷺ اور آپ ﷺ کے خاندان کو اجتماعی تکلیف پہنچائی گئی، چنانچہ مشرکین نے تعلقات ختم کرنے کا فیصلہ کرکے ایک قول و قرار مرتب کیا اور اسے کعبے کے غلاف سے لٹکا دیا، اس عہد نامے میں تھا کہ کوئی شخص نہ خاندانِ بنی ہاشم سے رشتہ داری کرے گا، نہ ان کے ہاتھ خرید و فروخت کرے گا، نہ ان سے ملے گا، نہ ان کے پاس کھانے پینے کا سامان جانے دے گا، جب تک وہ محمد ﷺ کو قتل کے لیے حوالے نہ کر دیں، تین سال تک یہ معاملہ جاری رہا یہاں تک کہ وہاں رہنے والوں نے درخت کے پتے کھا کھا کر بسر کیے، حضرت سعد بن ابی وقاص کا بیان ہے کہ ایک دفعہ رات کو سوکھا ہوا چمڑا ہاتھ آ گیا، میں نے اس کو پانی سے دھویا پھر آگ پر بھونا اور پانی میں ملا کر کھایا، بچے جب بھوک سے روتے تھے اور باہر آواز آتی تھی تو قریش سن سن کر خوش ہوتے تھے۔
            آپ ﷺ کو دعوتِ دین سے روکنے کے لیے آفر کی گئی کہ اگر آپ حکومت چاہتے ہیں تو مکہ والے آپ کو اپنا بادشاہ بنا لیں گے، دولت چاہتے ہیں تو سب لوگ مل کر دولت و ثروت جمع کر دیں گے، اور کسی خوبصورت لڑکی سے شادی کرنا چاہتے ہیں تو ان سے شادی کر دیں گے۔ آپ ﷺ نے اس کے جواب میں قرآن کریم کی کچھ آیات پڑھیں اور انہیں دین کی حقیقت سمجھانے کی کوشش کی۔
           جب وہ اس بات سے مایوس ہو گئے تو انہوں نے آپ کے اچھے اور سب سے بڑے مددگار حضرت ابو طالب سے کہا کہ یا تو آپ اپنے بھتیجے کو اس نئے دین کی دعوت سے روکیں یا پھر آپ بھی میدان میں آ جائیں؟ حضرت ابو طالب نے آپ ﷺ سے کہا ۔بوڑھے چچا پر اتنا ہی بوجھ ڈالو جتنا وہ برداشت کر سکے، یہ سن کر آپ کی آنکھوں میں آنسو آ گئے، آپ ﷺ نے سمجھا کہ شاید چچا کا سہارا بھی ختم ہونے والا ہے، پھر آپ ﷺ نے فرمایا اگر یہ لوگ میرے ایک ہاتھ میں سورج اور ایک ہاتھ میں چاند رکھ دیں تب بھی میں اس دعوت سے باز نہیں آ سکتا، آپ ﷺ کے اس ارادے کو دیکھ کر حضرت ابو طالب نے کہا تم جو کچھ کرتے ہو کرتے رہو، میرے جیتے جی کوئی تم کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

*رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو کفار کا دنیوی لالچ دینا*

           جب قریش کی پہلی تد بیر نا کام ہوگئی تو انہوں نے اپنے سردار عتبہ بن ربیعہ کو آپ کے پاس بھیجا، تا کہ وہ آپ کو ہر قسم کی دنیوی لالچ دیکر اسلام کی تبلیغ سے خاموش کر دے، عقبہ آپ کے پاس آیا اور کہا کہ اے بھتیجے تم حسب و نسب کے اعتبار سے قوم میں سب سے اچھے ہو، اس کے باوجود تم نے اپنی جماعت میں اختلاف پیدا کر دیا ہے، تم ان کے معبودوں کو برا بھلا کہتے ہو اور ان کے آباؤ و اجداد کو جاہل سمجھتے ہو، لہذا اگر اس نبوت کے دعوے سے تمہارا مقصد مال جمع کرنا ہے تو ہم سب مل کر تمہیں اتنا مال دیں گے کہ تم سب سے مالدار ہو جاؤ گے، اگر اس دعوت سے تمہارا مقصد سرداری کا حصول ہے تو ہم سب تمہیں اپنا سردار ماننے کے لئے تیار ہیں، اور اگر اس دعوت سے تمہارا مقصد بادشاہ بننا ہے تو ہم سب تمہیں اپنا بادشاہ تسلیم کرتے ہیں ، اور اگر تم یہ سب باتیں کسی دماغی خرابی یا پاگل پن کی وجہ سے کہتے ہو تو ہم تمہارا علاج کرانے کے لئے تیار ہیں۔ عتیبہ جب گفتگو سے فارغ ہوا تو آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے اسے سورہ حم کی ابتدائی آیات پڑھ کر سنائیں، جن کو سننے کے بعد عقبہ دم بخود ہو گیا اور کفار کی جماعت کے پاس جا کر بولا کہ جو کلام میں نے سنا ہے نہ تو وہ جادو ہے، نہ ہی وہ شاعروں اور کاہنوں کا کلام ہے، لہذا تم اس شخص کو اپنا کام کرنے دو کیوں کہ اس کے کلام میں ایسی تاثیر ہے کہ ایک نہ ایک دن ضرور اس کے کلام کو غلبہ حاصل ہوگا ، یہ سن کر کفار کہنے لگے کہ محمد نے عتبہ پر بھی جادو کر دیا ہے۔

*کفار کا مسلمانوں کو سخت سزائیں دینا*

            مشرکین مکہ نے جب دیکھا کہ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو دعوت اسلام سے روکنے کے لئے نہ تو ابو طالب سے مدد مل رہی ہے اور نہ ہی آپ کسی قسم کی لالچ سے متاثر ہورہے ہیں تو انہوں نے مسلمانوں کو سخت سزائیں دینی شروع کر دی، چنانچہ کسی صحابی کو تپتی ہوئی ریت پر لٹا کر اس قدر مارا جا تا کہ وہ بیہوش ہو جاتے کسی صحابی کو پانی میں غوطہ دیا جاتا کسی صحابی کو آگ کے انگاروں پر لٹا دیا جاتا کسی صحابی کو لوہے کی زرہیں پہنا کر دھوپ میں کھڑا کر دیا جاتا کسی صحابی کے پاؤں میں زنجیریں ڈال کر مکہ کی گلیوں میں گھسیٹا جاتا اور کسی صحابی کے سینہ پر گرم گرم پتھر رکھے جاتے تھے لیکن ان تمام تکلیفوں کے باوجود ان میں سے ہر ایک صحابی کی زبان پر اللہ ایک ہے، اللہ ایک ہے، اللہ ایک ہے کا نعرہ رہتا تھا۔ (سیرة المصطفی ۲۲۹/۱)

 *مسلمانوں کی حبشہ کی طرف پہلی ہجرت*

        جب کفار مسلمانوں پر بے انتہا ظلم و ستم کرنے لگے تو آپ نے حبشہ کے بادشاہ کی رحم دلی اور انصاف پروری پر نظر رکھتے ہوئے مسلمانوں کو مکہ سے حبشہ کی طرف ہجرت کرنے کی اجازت دی، چنانچہ اس اجازت کے بعد ایک مختصر سا قافلہ ( جس میں صحیح قول کے مطابق ۱۲ مرد اور ۵ خواتین تھیں ۔ حضرت عثمان بن مظعون اور حضرت عثمان بن عفان کی معیت میں نبوت کے پانچویں سال رجب کے مہینہ میں حبشہ کے لئے روانہ ہوا، وہاں پہنچنے کے بعد یہ لوگ امن و امان کے ساتھ اللہ کی عبادت کرنے لگے، اسکے بعد دھیرے دھیرے مکہ کے دوسرے مسلمان بھی وہاں ہجرت کر کے جانے لگے حتی کہ ان کی تعداد ۸۰ ہوگئی۔

*مسلمانوں کی حبشہ کی طرف دوسری ہجرت*

          نبوت کے چھٹے سال کے شروع میں حبشہ کے مہاجرین تک یہ غلط افواہ پہنچی کہ مکہ والوں نے اسلام قبول کر لیا ہے، یہ سن کر ان میں سے ۳۳ افراد مکہ واپس آگئے ، مکہ کے قریب پہنچنے پر معلوم ہوا کہ خبر غلط تھی لیکن اس کے باوجود یہ لوگ حبشہ واپس ہونے کے بجائے مکہ آگئے ، یہاں آنے کے بعد کفار ان پر پہلے سے زیادہ ظلم کرنے لگے، اس لئے آپ نے مسلمانوں کو دوبارہ حبشہ کی طرف ہجرت کرنے کی اجازت دی، چنانچہ نبوت کے چھٹے سال ۸۳ مرد اور ۱۸ عورتیں حبشہ کے لئے روانہ ہوئیں ، اس طرح مسلمانوں کی ایک اچھی خاصی تعداد حبشہ میں جمع ہوگئی۔ (سیرت ابن ہشام ۱۸/۲)

*کفار کا حبشہ کے بادشاہ کو ورغلانا*

         جب مکہ والوں کو یہ خبر پہنچی کہ مسلمان حبشہ میں امن و امان کے ساتھ عبادت میں مشغول ہیں تو ان کو مسلمانوں کا یہ سکھ چین گوارا نہیں ہوا ، اس لئے کفار مکہ نے اپنے نمائندوں کو تحائف دیگر حبشہ کے بادشاہ کے پاس بھیجا، یہ لوگ حبشہ کے بادشاہ کے پاس پہنچے، انہیں تحفہ دیا اور بادشاہ سے یہ مطالبہ کیا کہ جو لوگ مکہ سے بھاگ کر حبشہ آئے ہیں ان کو مکہ والوں کے سپرد کر دیا جائے۔
              اس کے بعد حبشہ کے بادشاہ نجاشی (اصل نام اصحمہ ہے ) نے معاملہ کی تحقیق کیلئے مسلمانوں کو بلایا، چنانچہ مسلمانوں کی جماعت بادشاہ کے دربار میں آئی ، مسلمانوں میں سے حضرت جعفر طیار آگے بڑھے اور بادشاہ کے دربار میں زمانہ جاہلیت کی برائیاں، آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور کفار مکہ کے مظالم کو پرسوز انداز میں بیان کیا نجاشی آپ کی تقریر سے بہت متاثر ہوا اور نجاشی نے مکہ والوں کے ہدایا اور تحائف کو واپس کر دیا، نیز مسلمانوں کو امن و امان کے ساتھ حبشہ میں رہنے کی اجازت دیدی اور بعد میں وہ خود بھی مسلمان ہو گیا۔ (سبل الہدیٰ والرشاد ۳۸۹)

*مسلمانوں اور ان کی مدد کر نیوالوں کا بائیکاٹ*

          جب قریش نے دیکھا کہ مسلمانوں کو حبشہ میں ایک محفوظ جگہ مل گئی ہے اور وہ دھیرے دھیرے مضبوط ہوتے جارہے ہیں ؟ تو انہوں نے باہمی مشورہ سے ایک عہد نامہ لکھا جس میں آپ کے خاندان بنو ہاشم اور بنو مطلب سے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا، اس عہد نامہ میں یہ لکھا ہوا تھا کہ ان لوگوں سے خرید و فروخت نہ کی جائے ، اپنی لڑکیوں کی شادی ان سے نہ کی جائے اور نہ ہی ان کی لڑکیوں سے نکاح کیا جائے ، ان سے گفتگو بھی نہ کی جائے ، ان کو کوئی شخص کھانا دینے کی کوشش کرے تو انہیں اس سے روکا جائے ، انہیں گلیوں اور بازاروں میں گھومنے پھرنے نہ دیا جائے ، یہ بائیکاٹ اس وقت تک رکھا جائے جب تک بنو ہاشم اور بنو مطلب محمد کو ہمارے حوالہ نہ کر دیں۔ اس کے بعد اس عہد نامہ کو بیت اللہ کی چھت سے لٹکا دیا گیا۔
         چنانچہ حضرت ابو طالب بنو ہاشم اور بنو مطلب کو لیکر مسجد حرام سے ۳۰۰ میٹر کے فاصلہ پر واقع جبل أبي قبيس کے درمیان ایک گھائی میں چلے گئے ، جو بعد میں شعب ابی طالب کے نام سے مشہور ہوا ۔ ( نقوش پائے مصطفیٰ : ۵۹)
          مسلمان تین سال تک نہایت بے سروسامانی کے عالم میں اس گھائی میں مقیم رہے، درختوں کے پتے کھا کھا کر زندگی بسر کرنے لگے، بالآخر قریش کے چند اچھے اور بھلے آدمیوں کے مشورہ سے اس بائیکاٹ کو ختم کر دیا گیا ، نبوت کے ساتویں سال محرم الحرام کے مہینہ میں اس عہد نامہ کا اعلان کیا گیا اور نبوت کے نویں سال کے اختتام پر اس بائیکاٹ کو ختم کر دیا گیا۔
(نقوش پائے مصطفی ۵۹)
        اللہ ربّ العزت ہم سب کو رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرماۓ آمین یارب العالمین ۔