Translation unavailable. Showing original.
بیٹیوں کی تربیت بچپن سے شروع کردیں
11 ستمبر، 2026
*بیٹیوں کی تربیت بچپن سے شروع کردیں*
تمام تعریفیں اللہ کے لئے ہیں اور ساری نعمتیں اسی کی دی ہوئی ہیں ، اللّٰہ تعالیٰ نے زندگی کے ہر مراحل کے لئے حدود متعین کئے ہیں تاکہ انسان اپنی زندگی کو خوشگوار بناسکیں اور آخرت بھی سنوار سکیں، اسی میں ایک حصہ اپنے بچوں کی تربیت کا ہے، والدین کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ اپنی اولاد کی تربیت اسلامی طور طریقوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں، خاص کر اپنی بیٹیوں کی تربیت پر دھیان رکھیں ایک لڑکی کی تربیت سے سات خاندان سنورتے ہیں بیٹے بھی معاشرے کا مستقبل ہوتے ہیں اور بیٹیوں کی تربیت ایک ایسی ذمہ داری ہے جس کے اثرات صرف ایک فرد تک محدود نہیں رہتے بلکہ آنے والی نسلوں تک پہنچتے ہیں،ایک تربیت یافتہ، بااعتماد، تعلیم یافتہ اور با اخلاق لڑکی مستقبل میں ایک ذمہ دار شہری، اچھی بیٹی، اچھی بہن، اچھی دوست، اور ایک ذمہ دار ماں بھی بن سکتی ہیں اسی لئے اپنی بیٹیوں کی تربیت کا آغاز بچپن ہی سے محبت، احترام، اعتماد اور مثبت رہنمائی کے ساتھ شروع کر دیں، محبت اور اعتماد کی بنیاد قائم رکھیں ،
بیٹی کی شخصیت سازی میں سب سے اہم چیز والدین کی محبت اور توجہ ہے ، گھر کے دیگر افراد بھی گھر کی بیٹیوں کے لئے مثبت انداز رکھیں، چھوٹی یا بہت چھوٹی بھی غلطی ہو تو مسکرا کر اس سے درست کروالیں اور شاباشی دیں، گھر کے تمام افراد کی عزت کرنا سکھائیں روزانہ صبح سویرے اٹھ کر سلام کرنے کی عادت ڈالیں، باہر سے گھر میں داخل ہوں تو سلام کرنے کی عادت ڈالیں، کھلے آنگن میں پانی نہلانے سے احتیاط کریں، گھر کے کسی فرد کے سامنے پیمپر یا کپڑے تبدیل نہ کریں، لڑکیوں کے لباس میں پائجامہ ضرور رکھیں ٹانگیں ہرگز کھلی نہ رکھیں، ہر ضد پوری نہ کریں، گھر میں جو بھی کھانے پینے کی چیزیں لائی جائے تب چھوٹے بچیوں سے ہی سلیقے سے تقسیم کروائی جائے، بچیوں کی ہر بات کو والدین دھیان سے سنیں انھیں بھی یہ احساس ہونا چاہیے کہ گھر میں ان کی بات سنی جاتی ہے اور ان کے جذبات کی قدر کی جاتی ہے ہر بات پر ڈانٹنے یا دوسروں سے موازنہ کرنے کے بجائے اسے سمجھنے کی کوشش کی جائے جب بچی کوئی سوال کرے تو اسے خاموش کرانے کے بجائے مناسب انداز میں جواب دیا جائے اس طرح اس کے اندر اعتماد پیدا ہوتا ہے اور وہ اپنی مشکلات والدین سے بلاجھجک بیان کرنے لگتی ہیں، بیٹی کو کم سنی سے ہی گھر کے مرد حضرات کے سامنے اسکارف باندھنے کی عادت ڈالیں، گھر کے بزرگ حضرات کی گھر میں اہمیت واضح کرتے رہیں، عمر اور اونچائی بڑھنے لگے تو خاندان کے رشتے دار لڑکوں کے سامنے چلنے پھرنے سے منع رکھیں، اس کے علاوہ لڑکیوں کے لئے تعلیم کو اولین ترجیح دیں، لڑکیوں کی تعلیم خاندان اور معاشرے دونوں کے لئے نہایت اہم ہے بچپن ہی سے لڑکی میں کتاب پڑھنے، سوال کرنے، نئی چیزیں سیکھنے اور اپنی صلاحیتیں دریافت کرنے کا شوق پیدا کیا جائے اسکول میں وہ جس طرح آگے کی جماعتوں میں بڑھتی جائیں اسے صرف مخصوص مضامین تک محدود نہ کیا جائے بلکہ سائنس، ادب، ریاضی، ٹیکنالوجی، کھیل، فنون اور دیگر شعبوں میں اپنی دلچسپی کے مطابق آگے بڑھنے کی ترغیب دی جائے
تعلیم کا مقصد صرف امتحان میں اچھے نمبر حاصل کرنا نہیں بلکہ سوچنے، سمجھنے، فیصلہ کرنے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا بھی ہے ایک تعلیم یافتہ لڑکی اپنے حقوق اور ذمہ داریوں کو بہتر طور پر سمجھ سکتی ہے بچیوں میں
خود اعتمادی پیدا کرنا بہت ضروری ہے، بچیوں کی تربیت میں خود اعتمادی بنیادی اہمیت رکھتی ہے والدین کو چاہیے کہ بچی کی معمولی کامیابی کو بھی سراہیں اگر وہ کوئی کام پہلی بار درست نہ کر سکے تو اسے ناکام قرار دینے کے بجائے دوبارہ کوشش کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے ،
”تم نہیں کر سکتیں“ جیسے جملوں کے بجائے ”کوشش کرو، تم سیکھ سکتی ہو“ جیسے الفاظ استعمال کئے جائیں اس سے بچی کے اندر مثبت سوچ پیدا ہوتی ہے اور وہ مشکلات سے گھبرانے کے بجائے ان کا مقابلہ کرنا سیکھتی ہے ، آج کے ماحول میں لڑکیوں کے لئے
اچھے اور برے لمس کی آگاہی کروائی جائے،
بچپن ہی سے بچیوں کو ان کی ذاتی حدود اور جسمانی خودمختاری کے بارے میں عمر کے مطابق، سادہ اور باوقار انداز میں آگاہ کرنا ضروری ہے انہیں بتایا جائے کہ ان کے جسم سے متعلق بعض حصّے نجی ہوتے ہیں اور کسی کو بھی ان کی مرضی کے بغیر چھونے کا حق نہیں ہے، بچی کو یہ اعتماد بھی دیا جائے کہ اگر کوئی شخص اسے کسی ایسے رویے سے پریشان کرے جو اسے غلط یا غیر محفوظ محسوس ہو تو وہ فوراً والدین، استاد یا کسی قابلِ اعتماد بڑے کو بتا سکتی ہیں سب سے اہم بات یہ ہے کہ بچی کو یہ یقین ہو کہ سچ بتانے پر اسے ڈانٹا یا قصوروار نہیں ٹھہرایا جائے گا،اچھے اخلاق اور انسانی اقدار کی تعلیم پر بھی توجہ دی جائے، تربیت کا ایک اہم پہلو اخلاق ہے بچیوں کو سچ بولنے، دوسروں کا احترام کرنے، چھوٹوں سے شفقت، بڑوں سے ادب، ضرورت مندوں کی مدد اور اپنے وعدے کی پاسداری کی تعلیم دی جائے ، انہیں یہ بھی بتایا جائے کہ اچھا انسان بننا صرف ظاہری آداب کا نام نہیں بلکہ دوسروں کے دکھ کو سمجھنا، انصاف کرنا اور غلطی ہونے پر معذرت کرنا بھی اچھے کردار کا حصہ ہے، دینی اور اخلاقی تربیت بھی محبت اور حکمت کے ساتھ کی جانی چاہیے محض خوف پیدا کرنے کے بجائے بچی کو نیکی، رحم، سچائی، امانت اور انصاف کی اہمیت سمجھائی جائے گھر کے کام اور خود انحصاری کی تربیت دیں، بچی کو گھر کے بنیادی کام سکھانا مفید ہے، لیکن یہ تصور درست نہیں کہ گھر کے کام صرف لڑکیوں کی ذمہ داری ہیں کھانا بنانا، صفائی، کپڑے ترتیب دینا، اپنی چیزوں کی حفاظت اور روزمرہ کے کام لڑکے اور لڑکی دونوں سیکھ سکتے ہیں ،
اسی طرح بچی کو اپنی ضروریات کا خیال رکھنے، وقت کی پابندی کرنے، چیزوں کو منظم رکھنے اور مناسب فیصلے کرنے کی عادت ڈالنی چاہیے، یہ تربیت مستقبل میں اسے زیادہ خودمختار اور ذمہ دار بناتی ہے ،مالی شعور اور فیصلہ سازی کے قابل بنائیں،
بچپن سے ہی بچیوں کو پیسے کی قدر اور بنیادی مالی معاملات سے آگاہ کرنا چاہیے انہیں سمجھایا جائے کہ ضرورت اور خواہش میں کیا فرق ہے، بچت کیوں ضروری ہے اور چیز خریدنے سے پہلے اس کی ضرورت پر غور کیوں کرنا چاہیے اسی طرح روزمرہ کے چھوٹے فیصلوں میں بچی کو مناسب حد تک شریک کیا جائے اس سے اس میں فیصلہ سازی اور ذمہ داری کا احساس پیدا ہوتا ہے ،
ڈیجیٹل دنیا میں رہنمائی بھی بیحد ضروری ہے، ہر عمر میں موبائل ضرورت بن چکا ہے، آج کے دور میں بچیوں کی تربیت میں انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل ذرائع کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا بچیوں کو عمر کے مطابق آن لائن رازداری، مضبوط پاس ورڈ، اجنبی افراد سے محتاط رویے اور ذاتی معلومات محفوظ رکھنے کی بنیادی باتیں سکھائی جائیں ،
والدین کو صرف موبائل چھین لینے کے بجائے بچی سے گفتگو کرنی چاہیے اور اسے سمجھانا چاہیے کہ آن لائن دنیا میں ہر شخص قابلِ اعتماد نہیں ہوتا کسی بھی پریشان کن پیغام یا تجربے کی صورت میں کسی قابلِ اعتماد بڑے سے بات کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے ،
ظاہری شکل کے بجائے شخصیت پر توجہ دیں، خوب صورت بنانے سے زیادہ خوب سیرت بنانے پر توجہ دیں، بچی کی تعریف صرف اس کی خوب صورتی، لباس یا ظاہری شکل کی بنیاد پر نہیں ہونی چاہیے اس کی محنت، ذہانت، تخلیقی صلاحیت، شائستگی، بہادری، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت اور دوسروں کی مدد کرنے جیسے اوصاف کو بھی سراہا جائے ،بچی کو یہ احساس دیا جائے کہ اس کی قدر صرف اس کی ظاہری شکل سے نہیں بلکہ اس کی شخصیت، کردار، صلاحیتوں اور انسان ہونے کی حیثیت سے ہے ، والدین خود ہر وقت عملی نمونہ بنے رہے، بچے نصیحت سے زیادہ عمل سے سیکھتے ہیں اگر والدین ایک دوسرے سے احترام سے بات کریں، اختلاف کے باوجود شائستگی برقرار رکھیں، سچ بولیں اور دوسروں کے ساتھ اچھا سلوک کریں تو بچی بھی یہی رویہ سیکھے گی
خاص طور پر والدین کو بیٹے اور بیٹی کے درمیان غیر ضروری امتیاز سے بچنا چاہیے دونوں کو تعلیم، محبت، احترام، مواقع اور اپنی صلاحیتیں استعمال کرنے کا حق ملنا چاہیے
بیٹیوں کی اچھی تربیت دراصل ایک بہتر معاشرے کی بنیاد رکھنے کے مترادف ہے تربیت کا مقصد بچی کو خوف زدہ یا محدود کرنا نہیں بلکہ اسے محفوظ، بااعتماد، بااخلاق، تعلیم یافتہ، ذمہ دار اور باصلاحیت انسان بنانا ہے اسے اپنی عزت کے ساتھ دوسروں کی عزت کرنا، اپنے حقوق کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سمجھنا، مشکل حالات میں مدد طلب کرنا اور اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں استعمال کرنا سکھایا جائے اگر ہم بچپن ہی سے اپنی بیٹیوں کو محبت، تعلیم، اعتماد، اخلاق، خود انحصاری اور محفوظ حدود کی سمجھ دیں تو وہ نہ صرف اپنی زندگی بہتر انداز میں گزار سکیں گی بلکہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کریں گی ایک بیٹی کی اچھی تربیت دراصل ایک روشن مستقبل کی تربیت ہے ان شاءاللہ ۔