مکرمی!
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته.
پی ڈی ایف کتاب مانگنے والوں کی عجیب دنیا
کتاب فروش کی دنیا بھی عجیب دنیا ہے۔ ایک طرف کوئی صاحب کتاب خریدنے کے لیے قیمت پوچھتا ہے، دوسری طرف ایک صاحب بڑے معصومانہ انداز میں پوچھتے ہیں:
"بھائی! اس کتاب کی پی ڈی ایف مل سکتی ہے؟"
آپ قیمت بتا دیں تو فوراً جواب آتا ہے:
"اچھا… پی ڈی ایف کتنے کی ہے؟"
آپ کہیں کہ پی ڈی ایف دستیاب نہیں، تو جواب ملتا ہے:
"مفت میں بھی نہیں؟"
ایسے حضرات کتاب خریدنے کے لیے اتنے سنجیدہ نہیں ہوتے جتنے پی ڈی ایف مانگنے کے لیے ہوتے ہیں۔ کتاب کی قیمت تین سو روپے ہو تو ان کے پاس سو سوالات ہوتے ہیں، لیکن جب موبائل کا تین ہزار روپے والا ریچارج کروانا ہو تو انگلیاں اتنی تیزی سے چلتی ہیں کہ لگتا ہے موبائل بھی شرما جائے!
کبھی کبھی تو پی ڈی ایف مانگنے والے صاحب کتاب کا پورا تعارف بھی پوچھ لیتے ہیں:
"کتاب کتنے صفحات کی ہے؟ مصنف کون ہے؟ موضوع کیا ہے؟ طباعت کیسی ہے؟"
آپ سمجھتے ہیں کہ ماشاءاللہ! آج ایک اچھا خریدار ملا ہے۔
پھر آخر میں فرمان جاری ہوتا ہے:
"بس پی ڈی ایف بھیج دیں، کتاب بعد میں خرید لیں گے۔"
اور وہ "بعد میں" ایسا ہوتا ہے جیسے قیامت کے بعد کی تاریخ!
کچھ حضرات تو پی ڈی ایف کے لیے ایسی محبت دکھاتے ہیں جیسے کتاب کے اصل وارث ہوں:
"بھائی، آپ مسلمان ہیں، علم پھیلانا چاہیے!"
آپ دل میں سوچتے ہیں:
"بالکل بھائی! علم پھیلانا چاہیے، مگر کتاب فروش کا بجلی کا بل بھی کبھی کبھی علم سے نہیں، پیسوں سے ادا ہوتا ہے!"
ایک صاحب نے تو کمال کر دیا۔ کتاب کی پی ڈی ایف مانگی، میں نے کہا: "کتاب خرید لیجیے۔"
فرمانے لگے:
"بھائی! میں طالب علم ہوں۔"
میں نے کہا: "ماشاءاللہ! طلبِ علم مبارک!"
کہنے لگے:
"اسی لیے تو پی ڈی ایف مانگ رہا ہوں!"
پھر میں نے پوچھا: "اگر پی ڈی ایف مفت مل گئی تو کتاب کون خریدے گا؟"
فرمانے لگے:
"آپ بڑے کاروباری آدمی ہیں!"
میں نے کہا:
"جی بھائی، کتاب فروش ہوں… کتاب خیرات کا ادارہ نہیں!"
اصل مسئلہ یہ نہیں کہ پی ڈی ایف مانگنے والا برا ہے، مسئلہ یہ ہے کہ بعض لوگ ہر چیز مفت چاہتے ہیں۔ کتاب مفت، پی ڈی ایف مفت، شپنگ مفت، اور اگر ممکن ہو تو دعاؤں کے ساتھ چائے بھی مفت!
کتاب خریدنے والے کم ہوں تو کتاب فروش پریشان ہوتا ہے، لیکن پی ڈی ایف مانگنے والے زیادہ ہوں تو وہ موبائل کی اسکرین دیکھ کر صرف ایک ہی دعا کرتا ہے:
"یا اللہ! ان میں سے کم از کم ایک کو خریدار بنا دے!"
لہٰذا عزیزانِ گرامی!
اگر کسی کتاب کی پی ڈی ایف چاہیے تو پہلے یہ بھی یاد رکھیے کہ اس کتاب کے پیچھے مصنف کی محنت، مترجم کی محنت، ناشر کا خرچ اور کتاب فروش کی روزی بھی شامل ہوتی ہے۔
کتاب خریدیں، علم بھی حاصل کریں اور کتاب والوں کو بھی زندہ رہنے دیں!
ورنہ ایک دن کتاب فروش بھی کہے گا:
"پی ڈی ایف مانگنے والوں! اللہ آپ کو خوش رکھے… مگر کتاب خریدنے والوں کو بھی بھیج دیا کریں!"