【ﺑِﺴْـــــــــﻢِﷲِﺍﻟـــﺮَّﺣْﻤَﻦِﺍلْـــرﺣـــــــِﻴﻢ】
【اَلصَّلٰوةُ وَالسلَامُ عَلَیكَ يَارَسُوٌلَ الـلّٰهِﷺ】
فن تحریر اور قلم کی طاقت
قلم ایک صاحب قلم کا طاقتور ہتھیار ہے، ایک لکھاری علم، تجربات، سوچ، جذبات، مشاہدات، احساسات، مہارت اور تخلیقی صلاحیت کے ذریعے اپنا پیغام قارئین تک پہنچاتا ہے۔ جس طرح مصوری کو تصویری زبان کہا جاتا ہے اسی طرح تحریر کو الفاظ کی زبان کہا جاتا ہے۔ کسی بھی تحریر کی خوبصورتی اور پرتاثیر ہونے کا انحصار الفاظ کے انتخاب اور ان کے استعمال پر ہوتا ہے۔
ایک اچھا قلمکار قارئین کے ذہنی معیار کو سامنے رکھتا ہے جن سے مخاطب ہونا مقصود ہو۔
معاشرے کی عکاسی، مسائل کی تشریح، بہتری کے لئے مشورے اور رہنمائی اس کی قابلیت کی پہچان ہیں۔
ہم پرورش لوح و قلم کرتے رہیں گے
جو دل پہ گزرتی ہے رقم کرتے رہیں گے
ہر لکھنے والے پر کچھ اخلاقی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں جن کو مد نظر رکھنا ضروری ہے ۔جب معاشرتی مسائل پر لکھا جائے تو ضروری ہے کہ تحریر سے کسی کی کردار کشی نہ ہو، حالات اور مسائل کو گمنام یا فرضی کرداروں کے ذریعے پیش کیا جاسکتا ہے تاکہ کسی کی دل آزاری نہ ہو۔ خیال رہے کہ سنجیدہ تحریروں کے ساتھ ساتھ مذاق ”کرنے“ اور ”اڑانے“ کا فرق پتا ہو اور ایک لکھاری ”مزاح“ سے پہلے اس کے مہذب استعمال سے بخوبی واقف ہو۔ غیر اخلاقی الفاظ سے مکمل پرہیز ضروری ہے۔
کہا جاتا ہے کہ ایک اچھے لکھاری کے پاس عمدہ تحریر کے لئے ”چار میم“ کا ہونا ضروری ہے۔ معلومات، موضوع، مشاہدہ اور محنت۔
معلومات کا ہونا علم کی وجہ سے ہے اور علم در اصل مطالعہ اور مشاہدہ کا مجموعہ ہے۔ مطالعہ کرنے سے نہ صرف علم بڑھتا ہے بلکہ الفاظ کا ذخیرہ بھی جو کسی تحریر کے لئے بہت ضروری ہے۔ مشاہدہ اور تجربہ جتنا زیادہ ہو گا تحریر اتنی ہی خوبصورت اور دل کو چھو لینے والی ہو گی۔
ایک معیاری تحریر کے لئے موضوع اور عنوان کی اہمیت پر اب بات کر لیتے ہیں۔ شاعری ہو یا نثر، مرکزی خیال اور عنوان ہمیشہ ایسے ہوں جو نہ صرف قارئین کی توجہ حاصل کریں بلکہ اصلاح معاشرہ کا بھی باعث ہوں۔ تحریر میں نکھار اور پختگی کے لئے محنت اور بار بار لکھنا ضروری ہے۔
یہ نہیں دیکھتے کتنی ہے ریاضت کس کی
لوگ آسان سمجھ لیتے ہیں آسانی کو
ایک انسان کی خوش نصیبی ہے اگر وہ ان تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا گیا ہے جو ایک بہترین لکھاری کا خاصہ ہوتی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنے اندر موجود صلاحیتوں کو پہچانیں، ان کا بہترین استعمال کرتے ہوئے معاشرے کی بھلائی کا سبب بنیں اور قلم کی طاقت سے معاشرتی مسائل کے ساتھ جنگ کو حق کے راستے پر چلتے ہوئے الفاظ کے اسلحے سے جیت کر دکھائیں
هانية فاطمة القادري
١٩ ذى القعدة ١٤٤٥ بمطابق ٢٨ مئ ۲۰۲۴