بڑے دل والے لوگ

کچھ لوگ بڑے دل والے ہوتے ہیں، اور کچھ چھوٹے دل والے۔ اسی طرح کوئی کمزور دل والا ہوتا ہے تو کوئی بہادر دل والا۔

دلوں کی اقسام تو بہت سی ہیں، جیسے لوگوں کی کئی قسمیں ہوتی ہیں۔ مگر ان سب میں وہ شخص نمایاں اور قابلِ محبت ہوتا ہے جو وسیع الظرف، قابلِ قدر اور بڑے دل والا ہو۔

اگر آپ کسی ایسے شخص سے ملیں جو آپ سے خندہ پیشانی اور محبت بھرے انداز میں ملاقات کرے تو یقین جانیے، اس سے مل کر آپ کی آدھی تھکن دور ہو جائے گی۔ ایسے لوگ اپنی گفتگو، اپنے اخلاق اور اپنے خلوص سے دلوں پر ایسا اثر چھوڑتے ہیں جو مدتوں قائم رہتا ہے۔

کچھ دوست ایسے ہوتے ہیں جو دور رہتے ہوئے بھی قریب محسوس ہوتے ہیں۔ وہ اپنے دوستوں کی خوشی، غمی، کامیابی اور ناکامی میں ہر لمحہ شریک رہتے ہیں، اگرچہ ان کا وجود میلوں دور ہی کیوں نہ ہو۔

گزشتہ دنوں ایک ایسے دوست سے ملاقات ہوئی جو دوسرے ملک میں رہتے ہیں۔ کافی عرصے سے جان پہچان تھی، مگر درمیان میں ایک طویل مدت تک رابطہ نہ ہو سکا۔ بعض اوقات ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ شدت سے یاد کرتے ہیں، مگر رابطے کا کوئی ذریعہ نہ ہونے کی وجہ سے جذبات کی شدت مزید بڑھتی چلی گئی۔

جب ان سے بات ہوئی تو کیفیت ہی عجیب تھی۔ خوب گپ شپ ہوئی، پرانے دنوں کی یادیں تازہ کی گئیں، دل کے احوال ایک دوسرے سے بیان کیے گئے اور مستقبل کی منصوبہ بندی بھی کی گئی۔

آدھی رات سے زیادہ وقت گزر چکا تھا، مگر باتیں تھیں کہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی تھیں۔ خوشی کی انتہا نہ تھی۔ یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے دل دھڑکنا بھول گیا ہو اور وقت اپنی رفتار کھو بیٹھا ہو۔

باتیں تو مستقبل کی ہو رہی تھیں، مگر احساس ایسا تھا جیسے ہم ماضی کے انہی خوبصورت دنوں میں واپس پہنچ گئے ہوں، جہاں خلوص تھا، اپنائیت تھی اور دوستی کے رشتے میں فاصلے کوئی معنی نہیں رکھتے تھے۔

حقیقی دوستی بھی ایک نعمت ہے، جو فاصلے مٹا دیتی ہے اور دلوں کو قریب کر دیتی ہے۔


دور رہ کر بھی جو دل کے پاس رہتے ہیں
وہی لوگ حقیقت میں خاص رہتے ہیں