ابو المنذر ہشام اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ ملکۂ سبا نکاح کرنا پسند نہیں کرتی تھی۔ اس کے پاس رہنے والی چند عورتوں نے اس سے کہا:
"اے ملکہ! اللہ آپ کو سلامت رکھے، آپ شادی کیوں نہیں کر لیتیں؟"
ملکہ نے کہا: "تم پر افسوس! آخر شادی میں ایسی کیا بات ہے؟"
انہوں نے جواب دیا: "اس میں ایسی لذت اور راحت ہے جو دوسری چیزوں میں نہیں ملتی۔"
ملکہ نے کہا: "اچھا، تم میں سے ہر ایک اپنے شوہر کے اوصاف بیان کرے۔ اگر تمہاری باتیں واقعی ایسی ہیں کہ دل کو رغبت دلائیں، تو شاید میں بھی شادی کرلوں۔"
چنانچہ عورتوں نے اپنے اپنے شوہروں کا حال بیان کرنا شروع کیا۔
پہلی عورت نے کہا: "میرا شوہر مصیبتوں میں میرا سہارا بنتا ہے، خوش حالی میں میرا مددگار رہتا ہے۔ اگر میں ناراض ہو جاؤں تو نرمی سے مناتا ہے اور اگر وہ ناراض ہو تو جلد ہی محبت و شفقت کی طرف لوٹ آتا ہے۔"
ملکہ نے کہا: "یہ تو بہت اچھی صفت ہے۔"
دوسری عورت نے کہا: "میرا شوہر میری ضروریات پوری کرنے والا ہے، میری بیماری میں شفا اور تسکین کا ذریعہ بنتا ہے۔ اس کا بوسہ شہد سے زیادہ شیریں اور اس کی آغوش دائمی راحت کی مانند ہے۔ طویل رفاقت کے باوجود نہ وہ مجھ سے اکتا تا ہے اور نہ میں اس سے۔"
ملکہ نے کہا: "خدا کی قسم! اس جیسی نعمت کا کوئی بدل نہیں۔"
تیسری عورت نے کہا: "میرا شوہر سردی میں میرے لیے لباس کی طرح ہے، آرام کے وقت میرا سکون ہے، اور میری خواہشات و جذبات کی تکمیل کا ذریعہ ہے۔"
ملکہ نے کہا: "سبحان اللہ! یہ تو واقعی ایسی نعمت ہے جس کا کوئی مقابلہ نہیں۔ تم سب نے اپنے شوہروں کی بہت عمدہ تعریف کی ہے۔ اگر حقیقت بھی ویسی ہی ہے جیسا تم بیان کر رہی ہو تو میں تمہیں انعام و اکرام سے نوازوں گی، اور اگر تم نے مبالغہ کیا ہے تو سزا دوں گی۔"
اس کے بعد ملکہ نے اپنے چچا زاد شداد بن زرعہ سے نکاح کر لیا۔ نکاح کے بعد ایک ماہ تک لوگوں سے پردے میں رہی۔ پھر ایک دن حسبِ معمول اپنے دربار میں آ کر بیٹھی۔ وہی عورتیں اس کے پاس حاضر ہوئیں اور اس سے اس کے ازدواجی تجربے کے بارے میں پوچھا۔
ملکہ نے جواب دیا:
"یہ ایسی نعمت ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، اور ایسی لذت ہے جو ختم ہونے کا نام نہیں لیتی۔"
(بلاغات النساء ص۔٩٣)
نکاح انسانی فطرت کا تقاضا ہے۔ انسان کی جسمانی، نفسیاتی اور جذباتی ضروریات کی تکمیل کے لیے نکاح ایک فطری اور پاکیزہ ذریعہ ہے۔اسی طرح تجربہ بعض اوقات نظریات بدل دیتا ہے
*مطالعتی پیش کش۔۔ محمد مصعب پالنپوری*