Translation unavailable. Showing original.
مسلمان کی زندگی میں غفلت کے مہلک اثرات
14 جون، 2026
غفلت انسان کی روحانی و اخلاقی تباہی کی جڑ ہے۔ یہ ایسی باطنی بیماری ہے جو ایمان، عمل، اخلاق اور آخرت کی تیاری کو کھا جاتی ہے۔ قرآنِ مجید نے غفلت کو کفر و ضلالت کے قریب ترین رویہ قرار دیا ہے، اور نبی اکرم ﷺ نے اس کے نتائج سے امت کو سختی سے آگاہ فرمایا ہے۔ زیرِ نظر مضمون میں غفلت کے مفہوم، اس کے قرآنی و نبوی مضمرات، اس کے مہلک اثرات اور اصلاحی علاج کا تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔
اسلام انسان کو بیداریِ شعور، ذمہ داری اور مقصدیت کی زندگی عطا کرتا ہے۔ قرآن مجید کا بنیادی پیغام یہی ہے کہ انسان اللہ کے ذکر، ایمان کے تقاضوں اور آخرت کی تیاری سے غافل نہ ہو۔ غفلت کی حالت دراصل ایمان کی کمزوری، قلب کی قساوت اور روح کی بیماری کی علامت ہے۔ قرآنِ مجید نے اسے گمراہی کا مقدمہ قرار دیا، اور حدیثِ نبوی ﷺ نے اس کے اخلاقی و دینی نقصانات پر واضح تنبیہ فرمائی۔
(1) غفلت کی تعریف و مفہوم
لفظِ ’’غفلت‘‘ عربی مادہ (غ ف ل)سے ماخوذ ہے، جس کے معنی ہیں بےخبری، لاپرواہی، اور کسی اہم امر سے توجہ کا ہٹ جانا۔ امام راغب اصفہانی لکھتے ہیں:
الغَفْلَةُ: سُقوطُ الشيءِ عن القلب. "غفلت کسی بات کا دل سے گر جانا اور اس کی طرف توجہ نہ رہنا ہے۔"
قرآن کی اصطلاح میں غفلت وہ حالت ہے جس میں انسان اللہ، آخرت، حقائقِ ایمان، اور مقصدِ تخلیق سے بےخبر ہوجاتا ہے۔
(2) قرآنِ مجید میں غفلت کا بیان
الف) غفلت انسان کو حیوانیت سے نیچے گرا دیتی ہے وَلَقَدْ ذَرَأْنَا لِجَهَنَّمَ كَثِيرًا مِّنَ الْجِنِّ وَالْإِنسِ... أُولَـٰئِكَ كَالْأَنْعَامِ بَلْ هُمْ أَضَلُّ، أُولَـٰئِكَ هُمُ الْغَافِلُونَ. یہاں غافلین کو نہ صرف عقل کے استعمال سے محروم کہا گیا بلکہ حیوانات سے بھی زیادہ گمراہ قرار دیا گیا۔ امام قرطبیؒ کے مطابق یہ غفلت عقلی اور ایمانی حِس کو مردہ کر دیتی ہے۔
ب) دنیا پرستی کی غفلت :- يَعْلَمُونَ ظَاهِرًا مِّنَ الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَهُمْ عَنِ الْآخِرَةِ هُمْ غَافِلُونَ. یہ آیت انسان کے علمی تضاد کو بیان کرتی ہے — دنیاوی علم میں آگے، مگر روحانی شعور میں پیچھے۔ ابنِ کثیرؒ فرماتے ہیں: "یہ وہ لوگ ہیں جو دنیا کے ظاہر کو جانتے ہیں، مگر آخرت کی حقیقت سے اندھے ہیں۔"
ج) حساب و کتاب سے غفلت
اقْتَرَبَ لِلنَّاسِ حِسَابُهُمْ وَهُمْ فِي غَفْلَةٍ مُّعْرِضُونَ.
یہ آیت غفلت کے آخروی انجام کو ظاہر کرتی ہے کہ لوگ قیامت کے قریب ہونے کے باوجود بےفکری میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
د) ذکرِ الٰہی سے غفلت
وَمَن يَعْشُ عَن ذِكْرِ الرَّحْمَـٰنِ نُقَيِّضْ لَهُ شَيْطَـٰنًا فَهُوَ لَهُ قَرِينٌ.
غفلت کا سب سے خطرناک اثر یہ ہے کہ انسان شیطان کا ہمنشین بن جاتا ہے۔ امام ابنِ قیمؒ لکھتے ہیں: "ذکر سے غفلت، شیطان کی غلامی کا دروازہ ہے۔"
(3) احادیثِ نبویہ ﷺ میں غفلت کی شناعت
الف) موت کی یاد سے غفلت
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: «أَكْثِرُوا ذِكْرَ هَادِمِ اللَّذَّاتِ.»"لذتوں کو توڑ دینے والی چیز (یعنی موت) کو کثرت سے یاد کرو۔"
یہ حدیث بتاتی ہے کہ غفلت کی جڑ موت کو فراموش کرنا ہے، اور موت کی یاد روحانی بیداری کی کنجی ہے۔
ب) عمل سے غفلت — جھوٹی امیدوں کا فریب «الْكَيِّسُ مَنْ دَانَ نَفْسَهُ وَعَمِلَ لِمَا بَعْدَ الْمَوْتِ، وَالْعَاجِزُ مَنْ أَتْبَعَ نَفْسَهُ هَوَاهَا وَتَمَنَّى عَلَى اللَّهِ الْأَمَانِيَّ.» یہاں ’’عاجز‘‘ وہ شخص ہے جو عمل سے غافل اور خواہشات کا غلام بن جاتا ہے۔
ج) ذکر سے غفلت دل کی سختی کا سبب ہے «لَا تُكْثِرُوا الْكَلَامَ بِغَيْرِ ذِكْرِ اللَّهِ، فَإِنَّ كَثْرَةَ الْكَلَامِ بِغَيْرِ ذِكْرِ اللَّهِ قَسْوَةٌ لِلْقَلْبِ... یعنی غیر ضروری گفتگو، دنیاوی مشاغل اور بےمعنی مصروفیت دل کو غافل اور سخت کر دیتی ہے۔
(4) غفلت کے مہلک اثرات
1. ایمان کی کمزوری اور روحانی اندھیرا فَوَيْلٌ لِّلْقَاسِيَةِ قُلُوبُهُم مِّن ذِكْرِ اللَّهِ. غفلت دل کی قساوت کو جنم دیتی ہے، اور قساوت ایمان کے زوال کی علامت ہے۔
2. عبادات سے بےرغبتی
فَوَيْلٌ لِّلْمُصَلِّينَ، الَّذِينَ هُمْ عَن صَلَاتِهِمْ سَاهُونَ. یہاں ’’سَاهُونَ‘‘ (غافل) سے مراد وہ لوگ ہیں جو نماز پڑھتے ہیں مگر دل میں خشوع نہیں.
3. دنیا پرستی اور حرص
الْهَاكُمُ التَّكَاثُرُ، حَتَّىٰ زُرْتُمُ الْمَقَابِرَ. دنیا کی کثرت میں مشغولیت انسان کو قبر تک غافل رکھتی ہے۔
4. اخلاقی زوال اور اجتماعی تباہی غفلت انسان کو ظلم، ریا، اور خودغرضی کی طرف لے جاتی ہے۔ سوسائٹی سے عدل و احساس ختم ہو جاتا ہے۔
5. آخرت میں ندامت:- يَا لَيْتَنِي قَدَّمْتُ لِحَيَاتِي. غافل انسان آخرت میں حسرت سے کہے گا: "کاش میں نے اپنی اصل زندگی کے لیے کچھ کیا ہوتا۔"
(5) غفلت سے نجات کے قرآنی و نبوی علاج کا اصلاحی طریقہ
*کثرتِ ذکر و تلاوتِ قرآن* یَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اذْكُرُوا اللَّهَ ذِكْرًا كَثِيرًا
*موت کی یاد* أكثروا ذكر هادم اللذات *محاسبۂ نفس* حاسِبُوا أَنفُسَكُم قَبْلَ أَن تُحَاسَبُوا
*صالح صحبت* كُونُوا مَعَ الصَّادِقِينَ
*عملی استقامت* إِنَّ الَّذِينَ قَالُوا رَبُّنَا اللَّهُ ثُمَّ اسْتَقَامُوا
غفلت انسان کی شخصیت کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ یہ ایمان کو زنگ آلود کرتی ہے، اعمال کو بےروح بناتی ہے، اور انسان کو اس کے حقیقی مقصد سے دور کر دیتی ہے۔ قرآن و سنت کی روشنی میں اس سے نجات کا واحد راستہ یہ ہے کہ انسان ذکرِ الٰہی، محاسبۂ نفس، صالح صحبت اور موت کی یاد کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے۔ ایمان کی بیداری اور روحانی بیداری ہی وہ روشنی ہے جو غفلت کے اندھیروں کو مٹا سکتی ہے فَذَكِّرْ إِن نَّفَعَتِ الذِّكْرَىٰ، سَيَذَّكَّرُ مَن يَخْشَىٰ وَيَتَجَنَّبُهَا الْأَشْقَى