Translation unavailable. Showing original.
کل سے پہلے آج کا حساب کیجیے؟؟؟
13 جون، 2026
ذی الحجہ کا مبارک مہینہ اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے ایک اور اسلامی سال ہماری زندگی سے رخصت ہو رہا ہے۔
1. اسلامی سال کا اختتام محض تاریخ کی تبدیلی نہیں بلکہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہماری عمر کا ایک اور حصہ گزر گیا اور ہم اپنی آخرت کے مزید قریب ہو گئے ہیں۔
حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کا یہ مشہور قول نقل کیا جا سکتا ہے:
حَاسِبُوا أَنْفُسَكُمْ قَبْلَ أَنْ تُحَاسَبُوا: المصنف (ابن ابی شیبہ:۷/۹۶)
"اپنا محاسبہ خود کر لیا کرو اس سے پہلے کہ تمہارا حساب لیا جائے۔"
2. اسلامی سال کا اختتام اور نئے سال کا آغاز خوشی کی تقریبات یا مخصوص رسوم و رواج کا موقع نہیں، بلکہ توبہ، استغفار، محاسبۂ نفس اور آئندہ زندگی کی اصلاح کا موقع ہے۔
3۔ یہ لمحہ ہمیں غور وفکر کی دعوت دیتا ہے کہ ہماری عمر کا ایک اور حصہ کم ہو گیا۔ وقت بڑی تیزی سے گزرتا جا رہا ہے اور ہر گزرتا دن ہمیں اپنی آخرت کی تیاری کی طرف متوجہ کرتا ہے۔
اللہ تعالیٰ قرآنِ کریم میں ارشاد فرماتے ہیں:
﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَلْتَنْظُرْ نَفْسٌ مَّا قَدَّمَتْ لِغَدٍ﴾
(سورۃ الحشر: 18)
ترجمہ: "اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور ہر شخص یہ دیکھے کہ اس نے کل (آخرت) کے لیے کیا آگے بھیجا ہے۔"
یہ آیت ہمیں اپنی زندگی اور اعمال کا محاسبہ کرنے کی دعوت دیتی ہے کہ ہم نے گزشتہ سال میں کیا نیکیاں کیں، کن گناہوں سے بچ سکے اور کن کمزوریوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
«الْكَيِّسُ مَنْ دَانَ نَفْسَهُ وَعَمِلَ لِمَا بَعْدَ الْمَوْتِ»
(سنن الترمذی)
ترجمہ: "عقلمند وہ ہے جو اپنے نفس کا محاسبہ کرے اور موت کے بعد کی زندگی کے لیے عمل کرے۔"
لہٰذا ایک مومن کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے نفس کا جائزہ لے، اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگے اور آئندہ زندگی کو بہتر انداز میں گزارنے کا عزم کرے۔
زندگی بہت مختصر ہے اور موت ایک اٹل حقیقت ہے۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے وقت کو اللہ کی اطاعت، والدین کی خدمت، مخلوقِ خدا کے حقوق کی ادائیگی اور نیک اعمال میں صرف کریں۔ کامیاب وہی ہے جو ہر گزرتے سال کے ساتھ اپنے کردار اور اعمال کو بہتر بناتا جائے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی زندگی کا صحیح محاسبہ کرنے، گزشتہ کوتاہیوں پر سچی توبہ کرنے اور آنے والے وقت کو خیر و بھلائی کے کاموں میں صرف کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔