بنت محمد رافع✍️
وہ لڑکا آپ کا ہمدرد نہیں...
میری پیاری بہن!
اگر کوئی لڑکا آپ سے کہتا ہے کہ وہ آپ سے محبت کرتا ہے، لیکن وہ آپ کو اللہ سے دور کر رہا ہے، نمازوں میں سستی کا سبب بن رہا ہے، والدین سے جھوٹ بولنے پر مجبور کر رہا ہے، اور غیر محرم تعلقات کو معمولی بات بنا کر پیش کر رہا ہے، تو یاد رکھیں وہ آپ کا ہمدرد نہیں ہے۔
ہمدرد وہ ہوتا ہے جو آپ کو جہنم کے راستے سے بچائے، نہ کہ اس کی طرف دھکیلے۔
جو شخص واقعی آپ کی فکر کرتا ہو، وہ آپ کے دل، ایمان اور عزت کی حفاظت کرتا ہے۔ وہ کبھی یہ نہیں چاہے گا کہ قیامت کے دن آپ کے اعمال نامے میں اس کی وجہ سے گناہوں کا بوجھ ہو۔
بہن! شیطان ہمیشہ گناہ کو محبت، خلوص اور ہمدردی کے خوبصورت الفاظ میں لپیٹ کر پیش کرتا ہے۔ ابتدا میں باتیں اچھی لگتی ہیں، دل کو سکون محسوس ہوتا ہے، لیکن آہستہ آہستہ یہی تعلق انسان کو اللہ سے دور، دل کو بے چین اور روح کو زخمی کر دیتا ہے۔
سوچو! اگر وہ تمہارا ہمدرد ہے تو تمہاری عزت چھپ کر کیوں لوٹنا چاہتا ہے؟ تمہارے والدین کے دروازے پر عزت سے کیوں نہیں آتا؟ تمہیں گناہ کی راہوں میں کیوں الجھاتا ہے؟
یاد رکھو، سچی محبت حیا سکھاتی ہے، بے حیائی نہیں۔
سچی محبت اللہ کے حکم کا احترام کرتی ہے، اس کی نافرمانی نہیں۔
سچی محبت نکاح تک پہنچنے کا راستہ اختیار کرتی ہے، خفیہ تعلقات کا نہیں۔
تم بہت قیمتی ہو۔ تمہاری عزت، تمہارا ایمان اور تمہارا کردار چند میٹھی باتوں اور جھوٹے وعدوں سے کہیں زیادہ قیمتی ہیں۔ دنیا کا ہر شخص تمہیں چھوڑ دے تو بھی اللہ تمہارا ساتھ نہیں چھوڑتا، لیکن اگر تم اللہ کو ناراض کر دو تو کوئی تمہیں حقیقی سکون نہیں دے سکتا۔
اس لیے اپنی آنکھیں کھولو، اپنے دل کو قرآن کے نور سے روشن کرو، اور ہر اس تعلق سے دور ہو جاؤ جو تمہیں اللہ سے دور کرتا ہو۔
جو لڑکا تمہیں اللہ کی نافرمانی میں مبتلا کرے، وہ تمہارا ہمدرد نہیں؛ اور جو تمہیں اللہ کے قریب کرے، تم سے بے حیاء تعلق قائم نہ کرے وہی تمہارا حقیقی خیر خواہ ہے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کی حفاظت کرے
ہم سب کو ایسی ہدایت سے نوازے جس کے بعد کوئی گمراہی نہ ہو ۔
آمین ثم آمین یا رب العالمین