اُمّ المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا
03 جون، 2026
آج علم کے ایک مینار کے رخصت ہونے کا دن ہے ۔
یہ اس مبارک ماں کا دن ہے جس کے دم سے مدینہ کی گلیوں میں علم کا ایک دریا بہتا تھا اور اس دریا کا سرچشمہ اُمّ المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا مبارک گھر تھا۔
یہ اس معزز ہستی کا دن ہے جس کے لئے اللہ تعالیٰ نے آسمان سے آیات نازل کر کے اپنی محبوب بندی کی پاک دامنی کو قیامت تک کے لیے روشن کر دیا۔
یہ علم و بصیرت کا دن ہے، فقہ و حدیث کی روشنی کا دن ہے۔
یہ اس ذہانت، فہم اور حکمت کی عظیم ماں کی وفات کا دن ہے جس نے امتِ مسلمہ کے لیے علم کے بے شمار دروازے کھول دیے۔
آج وفات کا دن ہے اس عظیم ماں کا جو رسولِ اکرم ﷺ کی صحبت میں رہ کر علم عبادت اور معرفت کے ایسے خزانے سمیٹے کہ بڑے بڑے صحابہ بھی مسائل میں ان کی طرف رجوع کرتے تھے۔
اُمّ المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہؓ کے حجرے سے حدیثِ رسول ﷺ کی صدائیں بلند ہوتی تھیں ۔
امی جان کا گھر وہ گھر ہے جہاں وحی کے نزول کی برکتیں آئیں جہاں سے علم کی روشنی پھیلی ۔
ہاں یہی وہ عظیم ہستی ہیں جنہوں نے علم عبادت زہد اور تقویٰ کے ذریعے امت کے دلوں میں ایک ایسا مقام حاصل کیا جو ہمیشہ باقی رہے گا۔
وہ رسولِ اکرم ﷺ کی محبوب زوجہ تھیں۔
وہ ایمان والوں کی ماں تھیں۔
وہ علم و حکمت کی معلمہ تھیں۔
ان کی زندگی عبادت کا نمونہ تھی ان کی گفتگو علم کا خزانہ تھی اور ان کا کردار پاکیزگی اور عظمت کی مثال تھا۔
صحابۂ کرامؓ جب کسی مشکل مسئلے میں الجھ جاتے تو اُمّ المؤمنین حضرت عائشہؓ کے دروازے پر آتے اور وہ علم و حکمت کے موتی بکھیر دیتیں۔
ان کی زبان سے نکلنے والی احادیث آج بھی امت کے لیے روشنی کا چراغ ہیں۔
ان کی روایتیں دین کی سمجھ شریعت کے فہم اور سیرتِ رسول ﷺ کے بیان کا عظیم سرمایہ ہیں۔
اُمّ المؤمنین حضرت عائشہؓ کا پیغام امتِ مسلمہ کے نام
امی جان ہمیں بتاتی ہے کہ عورت بھی علم و حکمت کے میدان میں امت کی رہنمائی کر سکتی ہیں
امی جان ہمیں سکھاتی ہے کہ رسول اکرم ﷺ کی محبت سنت کی پیروی اور دین کی خدمت ہی زندگی کی اصل کامیابی ہے۔
اے امتِ مسلمہ کے نوجوانو!
اے علم کے متلاشیو!
آؤ اُمّ المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہؓ کی زندگی سے سبق حاصل کریں۔
علم حاصل کرنے کا عزم کریں۔
سنتِ رسول ﷺ کی پیروی کا عہد کریں۔
اور دین کی خدمت کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرنے کا ارادہ کریں۔
اے اہلِ ایمان!
اُمّ المؤمنین حضرت عائشہؓ کی خدمت میں عقیدت، محبت اور احترام سے بھرا سلام پیش کرو۔
امی جان کی زندگی ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ علم اور تقویٰ وہ چراغ ہیں جو زمانوں کو روشن کر دیتے ہیں۔
حضرت عائشہؓ کا نام تاریخِ اسلام کے آسمان پر ہمیشہ ایک روشن ستارے کی طرح چمکتا رہے گا۔
اور قیامت تک امتِ مسلمہ ان کے علم تقویٰ اور عظمت سے رہنمائی حاصل کرتی رہے گی۔
حمزہ اجمل جونپوری