تبصرہ کتاب بیاناتِ سیرتِ نبویہ

مصنف: حضرت مولانا ڈاکٹر محمد اسجد قاسمی ندوی صاحب

شیخ الحدیث و مہتمم، مدرسہ عربیہ امدادیہ مرادآباد


تبصرہ نگار✍🏻 محمد عادل ارریاوی

_________________________________


محترم قارئین استاذ محترم حضرت مولانا ڈاکٹر محمد اسجد قاسمی ندوی صاحب کی عظیم تصنیف بیاناتِ سیرتِ نبویہ سیرت نبویؐ کے موضوع پر نہایت عمدہ مستند اور دلنشین اضافہ ہے۔ 438 صفحات پر مشتمل یہ مبارک کتاب حضور سیدِ عالم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی مکی و مدنی حیاتِ طیبہ کو جس حسنِ ترتیب سلاستِ بیان اور قوتِ استدلال کے ساتھ پیش کرتی ہے وہ مصنف کی علمی گہرائی تحقیقی بصیرت اور عشقِ رسول ﷺ کا روشن ثبوت ہے۔

مصنف نے نہ صرف واقعاتِ سیرت کو محض بیان کرنے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ ان کے باطنی اسرار حکمتوں اور عملی دروس کو نہایت حکیمانہ انداز میں اُجاگر کیا ہے ہر مقام پر مستند دلائل ٹھوس حوالہ جات اور متوازن تجزیہ کتاب کو عام قارئین کے ساتھ ساتھ اہلِ علم کے لیے بھی یکساں طور پر مفید بنا دیتا ہے۔ اسلوبِ بیان رواں دل میں اتر جانے والا اور ایمان کو تازگی بخشنے والا ہے۔ خصوصاً حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی اخلاقی دعوتی اصلاحی اور انقلابی زندگی کا بیان پڑھ کر دل کی دنیا بدل جاتی ہے۔

اس کتاب کا ایک بڑا امتیاز یہ بھی ہے کہ اس میں سیرتِ نبویؐ کو محض تاریخی واقعات کے طور پر نہیں پیش کیا گیا بلکہ عصرِ حاضر کے چیلنجز اور امتِ مسلمہ کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے اس سے عملی راہ نمائی فراہم کی گئی ہے یہی وہ خصوصیت ہے جو اس کتاب کو دیگر عام تصانیف سے ممتاز کرتی ہے۔

خاکسار نے جب اس کتاب کا مطالعہ کیا تو دل بے اختیار محبتِ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے لبریز ہو گیا اور ہر صفحہ پڑھ کر اپنی روح میں ایک نئی تازگی سکون اور معرفت کا اضافہ محسوس کیا بلاشبہ یہ کتاب سیرت کے ذخیرے میں ایک قیمتی اور لاثانی تحفہ ہے۔

دعا ہے کہ اللہ ربّ العزت حضرت مصنف کی اس محنتِ شاقہ کو قبول فرما کر اسے عام نفع عام کرے اسے امت کے دلوں میں زندہ و جاوید اثرات بخشے اور حضرت کی علمی و روحانی خدمات کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔

آمین ثم آمین یا ربّ العالمین۔