*نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم انسانیت کے سب سے بڑے محسن*

*خامہ بکف محمد عادل ارریاوی*
_______________________________

ہمارے نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی سب سے عظیم نعمت اور اس روئے زمین پر سب سے بہترین پاکیزہ اور کامل انسان ہیں۔ اللہ ربّ العزت نے آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو دونوں جہانوں کے لیے رحمت بنا کر مبعوث فرمایا۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی ذاتِ اقدس سراپا رحمت سراپا شفقت اور سراپا ہدایت ہے۔ دنیا کی تاریخ میں نہ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم جیسا کوئی پیدا ہوا اور نہ قیامت تک ہوگا۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی زندگی کا ہر لمحہ انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی بعثت سے پہلے دنیا ظلم جہالت کفر و شرک اور بے راہ روی کی تاریکیوں میں ڈوبی ہوئی تھی۔ لوگ پتھروں کے بتوں کو اپنا معبود مانتے تھے شراب نوشی جوا قتل و غارت گری اور فحاشی عام تھی۔ معمولی معمولی باتوں پر سالہا سال جنگیں لڑی جاتی تھیں۔ طاقتور کمزوروں پر ظلم کرتے تھے یتیموں کا مال ہڑپ لیا جاتا تھا ناپ تول میں کمی کی جاتی تھی سود خوری عام تھی اور انسانیت سسک رہی تھی۔
عورتوں کی کوئی عزت و وقعت نہ تھی۔ انہیں حقیر سمجھا جاتا تھا ان کے ساتھ ناانصافیاں کی جاتی تھیں بلکہ بعض ظالم لوگ اپنی بیٹیوں کو زندہ دفن کردیا کرتے تھے۔ ماں باپ کی عزت پامال کی جاتی تھی رشتوں کی قدر ختم ہوچکی تھی رحم دلی اور انسانیت ناپید ہوچکی تھی۔ ہر طرف جہالت اندھیرا اور گمراہی ہی گمراہی تھی۔ انسان اپنی اصل پہچان اور اپنے رب سے دور ہوچکا تھا۔
ایسے پرُفتن اور تاریک ماحول میں اللہ ربّ العزت نے اپنے محبوب حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو مبعوث فرمایا۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی آمد سے دنیا کی کایا پلٹ گئی۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے انسانیت کو توحید کا درس دیا لوگوں کو اخلاق و کردار کی عظمت سمجھائی ماں باپ کے حقوق بیان فرمائے عورتوں کو عزت و مقام عطا فرمایا یتیموں مسکینوں اور کمزوروں کے حقوق کی حفاظت کا حکم دیا۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے بتایا کہ سب انسان برابر ہیں کسی عربی کو عجمی پر اور کسی گورے کو کالے پر کوئی فضیلت نہیں فضیلت صرف تقویٰ سے ہے۔
میرے آقا صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے انسان کو جینے کا سلیقہ سکھایا۔ ماں کی گود سے لے کر قبر تک زندگی گزارنے کے تمام آداب سکھائے۔ کھانے پینے اٹھنے بیٹھنے سونے جاگنے چلنے پھرنے تجارت کرنے پڑوسیوں کے حقوق ادا کرنے صلہ رحمی کرنے صفائی اختیار کرنے حتیٰ کہ مسکرانے تک کے آداب سکھائے۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تعلیمات صرف عبادات تک محدود نہیں بلکہ پوری زندگی کے لیے کامل نظام ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو اعلیٰ ترین اخلاق عطا فرمایا۔ قرآنِ کریم نے گواہی دی
وَإِنَّكَ لَعَلٰی خُلُقٍ عَظِيمٍ
بے شک آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم عظیم اخلاق کے بلند مرتبے پر فائز ہیں۔
آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی سچائی امانت داری رحم دلی صبر عدل اور حسن اخلاق کا اعتراف دشمن بھی کرتے تھے۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے کبھی کسی پر ظلم نہیں کیا بلکہ ہمیشہ معاف کرنا درگزر کرنا اور محبت بانٹنا سکھایا۔ طائف کے پتھر کھانے کے باوجود بددعا نہ دی بلکہ ان کے لیے ہدایت کی دعا فرمائی۔ یہی وہ عظیم اخلاق ہیں جنہوں نے لاکھوں دلوں کو اسلام کی روشنی سے منور کردیا۔
آج کے دور میں بھی غیر مسلم جب نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی سیرت آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی سنتوں اور تعلیمات کا مطالعہ کرتے ہیں تو حیران رہ جاتے ہیں۔ سائنس آج جن باتوں کو تحقیق کے بعد درست ثابت کررہی ہے میرے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم چودہ سو سال پہلے ہی ان کی تعلیم دے چکے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ بے شمار لوگ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی سچائی اور اسلام کی حقانیت کو قبول کرکے مسلمان ہورہے ہیں۔
افسوس آج ہم مسلمانوں نے اپنے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی سنتوں کو پسِ پشت ڈال دیا ہے۔ ہمیں دنیا کے کاموں کے لیے تو وقت مل جاتا ہے مگر سیرتِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا مطالعہ کرنے اور سنتوں کو اپنی زندگی میں اپنانے کے لیے فرصت نہیں ملتی۔ حالانکہ کامیابی عزت سکون اور نجات صرف اسی میں ہے کہ ہم اپنے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے طریقوں کو اپنائیں اور اپنی زندگی کو سنت کے مطابق بنائیں۔
خدا کی قسم اگر ہم سچے دل سے نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی سنتوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے اخلاق کو اپنالیں آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کریں تو دنیا میں بھی کامیابی ہمارے قدم چومے گی اور آخرت میں بھی سرخروئی نصیب ہوگی۔
اپنے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی ایک ایک سنت کو زندہ کریں سیرتِ طیبہ کا مطالعہ کریں اپنے گھروں معاشروں اور اپنی زندگیوں کو سنتِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے نور سے روشن کریں۔
اللہ ربّ العزت ہم سب کو حضور اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی سچی محبت نصیب فرمائے آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی مبارک سنتوں پر عمل کرنے والا بنائے اور دنیا و آخرت میں کامیابی عطا فرمائے۔
آمین یا ربّ العالمین۔