*تبصرہ* 
*آسان اسلامی عقائد*
*سوال و جواب کی روشنی میں*

*مؤلف مفتی محمد اسعد قاسمی پورنوی*
*امام و خطیب جامع مسجد پٹنہ جنکشن بہار*

*مبصر محمد عادل ارریاوی*
_________________________________
یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ عقیدہ اسلام کی بنیاد اور جڑ ہے۔ جس طرح کسی عمارت کی مضبوطی اس کی بنیاد پر موقوف ہوتی ہے اسی طرح دین کی مضبوطی بھی درست عقیدہ پر منحصر ہے۔ اگر عقیدہ صحیح نہ ہو تو انسان کی عبادات بھی بارگاہِ الٰہی میں شرفِ قبولیت حاصل نہیں کر پاتیں۔ عقیدہ دراصل ایمان کی روح ہے اگر یہ درست ہو تو انسان کی پوری زندگی سنور جاتی ہے اور آخرت کامیاب ہو جاتی ہے لیکن اگر اس میں خرابی آ جائے تو انسان کی دینی زندگی کی بنیادیں ہل کر رہ جاتی ہیں۔
کچھ عرصہ قبل مجھے آسان اسلامی عقائد کے نام سے یہ نہایت اہم اور مفید کتاب موصول ہوئی جیسے ہی مجھے اس کے مطالعہ کا موقع ملا میں نے پوری توجہ اور شوق کے ساتھ اسے ابتدا سے انتہا تک پڑھا۔ حقیقت یہ ہے کہ اس کتاب کے مطالعہ نے دل کو بے حد مسرت اور اطمینان بخشا کیونکہ مؤلفِ نے نہایت سادہ عام فہم اور دلنشین انداز میں عقائدِ اسلامیہ جیسے نہایت نازک اور بنیادی موضوع کو پیش کیا ہے۔
اس کتاب کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں عقائد کو صرف بیان نہیں کیا گیا بلکہ مدلل انداز میں یعنی قرآن و حدیث اور اکابر علماء کے اقوال کی روشنی میں نہایت مضبوط دلائل کے ساتھ واضح کیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ اسے سوال و جواب کے انداز میں مرتب کیا گیا ہے جس سے قاری کے ذہن میں پیدا ہونے والے اشکالات خود بخود دور ہوتے چلے جاتے ہیں اور سمجھنے میں غیر معمولی آسانی پیدا ہوتی ہے۔
مؤلفِ حضرت نے عقیدہ کے ہر جز کو اس قدر سہل اور منظم انداز میں بیان کیا ہے کہ ایک عام طالب علم بھی بآسانی اسے سمجھ سکتا ہے۔ اس کتاب میں اکابر علماء کرام کی تقاریظ بھی شامل ہیں جو اس کی علمی اہمیت اور صحتِ منہج پر مہرِ تصدیق ثبت کرتی ہیں۔ مزید برآں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ یہ کتاب علماءِ کرام کی نگرانی میں تیار کی گئی ہے جو اس کی ثقاہت اور افادیت کو مزید بڑھاتی ہے۔
بلاشبہ اس کتاب کی تیاری میں مؤلف حضرت نے غیر معمولی محنت اور اخلاص سے کام لیا ہے۔ ہر باب میں ترتیب سلاست اور جامعیت نمایاں نظر آتی ہے جو قاری کو متاثر کیے بغیر نہیں رہتی۔ موجودہ دور میں جبکہ نئی نسل کے عقائد مختلف فتنوں اور شبہات کی زد میں ہیں ایسی کتب کی اشد ضرورت ہے جو نہ صرف صحیح عقیدہ سکھائیں بلکہ اسے دل میں راسخ بھی کریں۔
الحمدللہ اس کتاب کو بہت کم عرصہ میں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ یہ کئی مدارس میں داخلِ نصاب ہو چکی ہے جو اس کی افادیت کا واضح ثبوت ہے۔ اب تک اس کے ہزاروں نسخے فروخت ہو چکے ہیں جو عوام و خواص میں اس کی پذیرائی کو ظاہر کرتے ہیں۔
میری ذاتی رائے میں یہ کتاب خصوصاً مدارس و مکاتب کے طلبہ کے لیے نہایت مفید اور بہترین انتخاب ہے۔ اس کے ذریعے بچوں کو ابتدائی سطح پر صحیح اور مضبوط عقائد سکھائے جا سکتے ہیں۔ میں ہر اس شخص کو اس کتاب کے مطالعہ کی دعوت دیتا ہوں جو اپنے یا اپنی اولاد کے عقائد کی اصلاح اور مضبوطی کا خواہاں ہے۔ یقیناً ایک بار اس کتاب کا مطالعہ دل کو خوشی اور اطمینان سے بھر دے گا ان شاء اللہ۔
میں دل کی گہرائیوں سے دعا گو ہوں کہ اللہ ربّ العزت مؤلف حضرت مفتی محمد اسعد قاسمی صاحب کی اس عظیم کاوش کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اسے ان کے لیے ذریعۂ نجات بنائے اور علماء و عوام میں اس کی مقبولیت کو مزید بڑھائے۔
آمین ثم آمین یا ربّ العالمین۔