ایک عورت جب ماں بنتی ہے…
 تو صرف اس کی زندگی نہیں بدلتی، اس کی پوری کائنات بدل جاتی ہے۔
وہ اپنے اندر ایک نئی دنیا بساتی ہے، ایک ایسا جہاں جہاں ہر خوشی، ہر امید، ہر خواب کسی اور کے نام ہو جاتا ہے۔
اس کی ہر دھڑکن اب صرف اس کی اپنی نہیں رہتی…
 بلکہ ایک ننھی سی جان کے لیے بجنے لگتی ہے، جو ابھی دنیا میں آئی بھی نہیں ہوتی
مگر
 اس کے دل میں پوری طرح زندہ ہوتی ہے۔
وہ اپنے وجود کے اندر محبت کی ایک ایسی کہانی لکھتی ہے، جس کا ہر لفظ قربانی سے جڑا ہوتا ہے۔
اس کے جسم میں تبدیلیاں آتی ہیں، درد بڑھتا ہے، نیند کم ہو جاتی ہے، تھکن اس کے قدموں سے لپٹ جاتی ہے…
مگر اس کے لبوں کی مسکراہٹ کم نہیں ہوتی، کیونکہ وہ جانتی ہے
 کہ یہ مجھ سے جڑے ہر رشتے کے لیے خوشی کا باعث ہے
ماں بننا صرف ایک رشتہ نہیں
ایک ایسی کیفیت ہے جس میں عورت خود کو بھول کر کسی اور کے لیے جینا سیکھ لیتی ہے۔
وہ اپنی خواہشیں پیچھے چھوڑ دیتی ہے، اپنی راحت قربان کر دیتی ہے،
صرف اس لیے کہ اس کی گود میں آنے والی زندگی سکون سے سانس لے سکے۔
وہ درد سہتی ہے مگر شکوہ نہیں کرتی،
وہ جاگتی ہے مگر تھکن کا ذکر نہیں کرتی،
وہ ٹوٹتی ہے مگر ظاہر نہیں ہونے دیتی…
کیونکہ اس کے اندر ممتا جاگ چکی ہوتی ہے،
ماں صرف دیتی ہے… بدلے میں کچھ نہیں مانگتی۔
ماں وہ ہستی ہے جو اپنے وجود کو بانٹ دیتی ہے،
اپنے خواب کسی اور کی آنکھوں میں سجا دیتی ہے،
اپنی دنیا کسی اور کے نام کر دیتی ہے… اور پھر بھی خوش رہتی ہے۔
سلام ہے ہر اس ماں کو… 
جو خاموشی سے ہر دکھ سہہ کر بھی مضبوط رہتی ہے،
جو اپنے آنسو چھپا کر دوسروں کو مسکرانا سکھاتی ہے،
اور جو اس دنیا میں محبت کی سب سے خوبصورت مثال بن کر زندہ رہتی ہے۔
سلام ہے دنیا کی ہر ماں کو
کیا فرق پڑتا ہے میری ہے یا آپ کی ہے
ماں تو ماں ہے نا
 اس لیے ہر ماں کی قدر کریں
اپنی ماں کی طرح 
عائشہ ❤