*نئی نسل اور بےحیائی کا فتنہ*

*خامہ بکف محمد عادل ارریاوی*
______________________________
بلاشبہ آج کے دور کا ایک بہت بڑا فتنہ بےحیائی ہے، جو بڑی تیزی سے ہمارے معاشرے میں عام ہوتی جا رہی ہے۔ یہ صرف کوئی ایک معمولی سا مسئلہ نہیں ہے بلکہ ایک ایسا اخلاقی زوال ہے جو ہماری نئی نسل کے ایمان، کردار اور اسلامی شناخت کو کھوکھلا کر رہا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ بےحیائی اب صرف مخصوص جگہوں تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ اسکولوں کالجوں یونیورسٹیوں اور حتیٰ کہ گھروں تک میں داخل ہو چکی ہے۔
آج ہم دیکھتے ہیں کہ تعلیمی اداروں میں مختلف پروگرامز اور فنکشنز کے نام پر لڑکے اور لڑکیاں ایک ساتھ ایسے مشاغل میں حصہ لیتے ہیں جو اسلامی اقدار سے بالکل متصادم ہیں۔ خاص طور پر یہ منظر انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے کہ مسلمان بچیاں، جو حجاب جیسے مقدس شعار کو اپنائے ہوئے ہوتی ہیں، اسی حالت میں رقص کرتی نظر آتی ہیں۔ یہ تضاد نہ صرف دین کی روح کے خلاف ہے بلکہ حجاب کے اصل مقصد کو بھی مجروح کرتا ہے۔
مزید افسوسناک پہلو یہ ہے کہ اس سب کو دیکھنے والے، چاہے وہ اساتذہ ہوں یا والدین، اکثر خاموش تماشائی بنے رہتے ہیں۔ بعض اوقات تو والدین خود اس بات پر خوش ہوتے ہیں کہ ان کا بچہ یا بچی اسٹیج پر پرفارم کر رہا ہے، چاہے وہ عمل اسلامی تعلیمات کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔ یہ رویہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ہم نے دنیاوی خوشیوں اور وقتی تعریفوں کو اپنے دین اور آخرت پر ترجیح دینا شروع کر دیا ہے۔
ہمیں یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اولاد اللہ ربّ العزت کی امانت ہے، اور ان کی تربیت ہماری ذمہ داری ہے۔ اگر ہم نے ان کی دینی تعلیم و تربیت میں غفلت برتی، تو کل قیامت کے دن ہمیں اس کا جواب دینا ہوگا۔ بےحیائی کو معمولی سمجھنا دراصل ایمان کی کمزوری کی علامت ہے۔ جب برائی عام ہو جائے اور لوگ اسے برا سمجھنا چھوڑ دیں، تو یہ ایک خطرناک صورتحال ہوتی ہے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ لمحوں نے خطا کی صدیوں نے سزا پائی۔
لہٰذا ہر مسلمان ماں باپ کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی صرف دنیاوی تعلیم ہی نہیں بلکہ ان کے ایمان، اخلاق اور دینی شعور کی بھی فکر کریں۔ انہیں یہ سکھائیں کہ عزت، حیا اور پاکیزگی ہی ایک مسلمان کی اصل پہچان ہیں۔ تعلیمی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی حدود کو پہچانیں اور ایسے پروگرامز سے گریز کریں جو طلبہ و طالبات کو بےحیائی کی طرف لے جاتے ہیں۔
 اللہ ربّ العزت سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ہمیں صحیح سمجھ عطا فرمائے ہمیں دین پر ثابت قدم رکھے ہماری نسلوں کی حفاظت فرمائے اور ہمیں ہر قسم کی بےحیائی سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے آمین یارب العالمین ۔