بسم اللہ الرحمن الرحیم
___از قلم محمودالباری
دل کو جھنجھوڑ دینے والا سبق آموز
کوا اور مور کی کہانی —
ایک گھنے جنگل میں ایک کوا اپنی آزادی کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہا تھا۔ نہ کوئی قید، نہ کوئی روک ٹوک، بس ہنسی خوشی کے دن۔
ایک دن اس کی نظر ایک حسین مور پر پڑی۔ مور کی خوبصورتی اور رنگین پروں کو دیکھ کر کوا کے دل میں حسد کی آگ بھڑک اٹھی۔ اس نے سوچا:
"کاش! میں بھی مور کی طرح خوبصورت ہوتا تو سب میری تعریف کرتے۔"
کچھ دنوں بعد کوا کو ایک جگہ مختلف رنگوں کی سیاہی کے ڈبے ملے۔ موقع دیکھ کر وہ ان میں لوٹنے لگا۔ جب وہ باہر نکلا تو اس کے پروں پر رنگ چڑھ چکے تھے۔ آئینے میں خود کو دیکھ کر وہ خوشی سے نہال ہو گیا:
"واہ! اب میں بھی مور لگتا ہوں!"
یہ خوش فہمی لے کر وہ موروں کے جھنڈ میں جا پہنچا۔ ابتدا میں سب کچھ ٹھیک چلتا رہا۔ وہ موروں کے ساتھ گھومتا، مزے کرتا اور اپنے نئے روپ پر فخر محسوس کرتا۔
مگر ایک دن آسمان پر بادل چھا گئے اور موسلا دھار بارش شروع ہو گئی۔ پانی کے ساتھ ساری سیاہی بہہ گئی اور کوے کا اصل رنگ ظاہر ہو گیا۔ موروں نے حقیقت جانتے ہی اس کی خوب مرمت کی اور اپنے گروہ سے نکال دیا۔ اب کوا نہ موروں کا رہا، نہ اپنی پہچان کا۔
پیغام:
آج کے زمانے میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو اپنی اصل کو چھپا کر کسی جماعت، تحریک یا مذہبی طبقے کا لبادہ اوڑھ لیتے ہیں، صرف اپنے مفاد کے لیے۔ بعض سادہ لوگ ان کے ظاہر سے متاثر ہو کر دھوکے میں آ جاتے ہیں۔
میرے بھائیو!
یہ صرف کہانی نہیں، یہ آج کے دور کا سچ ہے! آج بھی ایسے لوگ ہیں جو دین کا لبادہ اوڑھ لیتے ہیں! جو صرف وقتی فائدہ اٹھانے کے لیے جبہ و دستار پہن لیتے ہیں! جو ممبر رسول پر بیٹھ جاتے ہیں، حالانکہ نہ وہ مفتی ہیں، نہ عالم، نہ سند یافتہ! یہ دین فروش لوگ معاشرے کو گمراہ کرتے ہیں، ایمان لوٹتے ہیں!
سوال یہ ہے: ہم کہاں کھڑے ہیں؟
کیا ہم ان کے دھوکے میں آئیں گے؟ کیا ہم اپنی آنکھیں بند کر لیں گے؟
نہیں بھائیو! ہرگز نہیں! ہم ایسے دھوکے بازوں کو پہچانیں گے، ہم ان سے دور رہیں گے!
ہم اپنے معتبر علماء سے رہنمائی لیں گے! ہم اپنے ایمان اور سماج کی حفاظت کریں گے!
یاد رکھو!
جو لوگ دین کے نام پر دھوکہ دیتے ہیں، ان کا انجام کوے جیسا ہے! آج لوگ ان کو سلام کرتے ہیں، کل ان کو ذلیل و خوار کر دیا جائے گا!
لہٰذا میں آپ سے اپیل کرتا ہوں:
📢 آج عہد کرو! ہم ایسے چالاک، بد دماغ، لالچی لوگوں سے بچیں گے! اپنے گھروں کو بچائیں گے! اپنے بچوں کے ایمان کو محفوظ رکھیں گے!
📢 آج عہد کرو! ہم دین کو دنیا کے لالچ کے لیے استعمال کرنے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے!
اللہ تعالیٰ ہم سب کو حق پہچاننے، باطل سے بچنے، اور اپنے ایمان کی حفاظت کرنے کی توفیق عطا فرمائے!
آمین، ثم آمین!
والسلام علیکم و رحمت اللہ و برکاتہ