✍️ محمد علی سبحانی

عید خوشیوں، محبت اور اپنائیت کا تہوار ہے۔ جب عید کا چاند آسمان پر نظر آتا ہے تو ہر طرف مسرت کی لہر دوڑ جاتی ہے۔ آج کے جدید دور میں جیسے ہی چاند کی خبر آتی ہے، موبائل فون ہاتھوں میں آ جاتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر لوگ فوراً “عید مبارک” کے اسٹیٹس لگاتے ہیں، پیغامات بھیجتے ہیں اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دیتے ہیں۔ یوں عید کی خوشیاں اب صرف گھروں تک محدود نہیں رہتیں بلکہ ڈیجیٹل دنیا میں بھی نظر آنے لگتی ہیں۔

عید کی صبح جب بچے اور نوجوان نئے کپڑے پہنتے ہیں تو خوشی کا اظہار کرنے کا انداز بھی بدل چکا ہے۔ اب اکثر لوگ عید کے نئے لباس میں تصاویر کھینچ کر اپنے اسٹیٹس اور سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔ دوست اور رشتہ دار ان تصاویر کو دیکھ کر مبارکباد دیتے ہیں اور یوں خوشیوں کا یہ سلسلہ ایک نئی شکل اختیار کر لیتا ہے۔ مگر ان تصویروں اور مسکراہٹوں کے پیچھے ایک حقیقت ایسی بھی ہے جسے اکثر ہم بھول جاتے ہیں، وہ ہے والدین کی قربانیاں۔

ایک باپ مہینوں محنت کرتا ہے تاکہ عید کے دن اس کے بچوں کو کسی چیز کی کمی محسوس نہ ہو۔ مہنگائی اور مشکلات کے باوجود وہ یہ کوشش کرتا ہے کہ بچوں کے چہروں پر خوشی برقرار رہے۔ کبھی وہ اپنی ضروریات کو نظر انداز کر دیتا ہے، مگر بچوں کے لیے نئے کپڑے اور ضرور خریدتا ہے۔ بچوں کی ایک مسکراہٹ اس کی ساری تھکن کو ختم کر دیتی ہے۔

اسی طرح ماں کی محبت اور محنت بھی بے مثال ہوتی ہے۔ عید سے پہلے کے دنوں میں وہ گھر کی صفائی، پکوانوں کی تیاری اور بچوں کی ضروریات پوری کرنے میں مصروف رہتی ہے۔ وہ اپنے آرام کی پروا کیے بغیر اس بات کا خیال رکھتی ہے کہ گھر کا ہر فرد عید کے دن خوش نظر آئے۔ اس کی دعائیں اور اس کی شفقت ہی گھر کی اصل رونق ہوتی ہیں۔

اسلام بھی والدین کے احترام اور ان کے ساتھ حسنِ سلوک کی تعلیم دیتا ہے۔ آقاے دوجہاں سرورِ کونین حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے والدین کی خدمت کو عظیم نیکی قرار دیا ہے۔ عید کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ہمیں اپنی خوشیوں کے پیچھے چھپی والدین کی محنت اور محبت کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔

آج کے ڈیجیٹل دور میں اگرچہ عید کی خوشیوں کا اظہار سوشل میڈیا پر بھی کیا جاتا ہے، مگر عید کی اصل خوبصورتی اب بھی وہی ہے، والدین کی دعائیں، گھر کی محبت اور اپنوں کے ساتھ گزارے ہوئے وہ قیمتی لمحے۔ اگر ہم اس عید پر اپنے والدین کے ساتھ وقت گزاریں، ان کا شکریہ ادا کریں اور ان کے چہروں پر مسکراہٹ لائیں تو یقیناً یہی عید کی سب سے بڑی خوشی ہوگی۔