--------------------------------
*🌻جن چیزوں سے روزہ نہیں ٹوٹتا*
[1] بھول کر کھانے پینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔ ایک سے زائد بار بھول کر کھا پی لیں تب بھی روزہ نہیں ٹوٹتا۔
[2]ایک شخص کو بھول کر کچھ کھاتے پیتے دیکھا تو اگر وہ اس قدر طاقت ور ہے کہ روزہ سے زیادہ تکلیف نہیں ہوتی تو روزہ یاد دلا دینا واجب ہے اور اگر اس قدر طاقتور نہیں بلکہ اسے روزہ سے تکلیف ہوتی ہے تو اس کو یاد نہ دلائیں ، کھانے دیں۔
[3] اپنا تھوک نگلنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا خواہ جتنا بھی ہو۔
[4] پان کھا کر خوب کلی، غرارہ کر کے منہ صاف کر لیا لیکن تھوک کی سرخی ختم نہیں ہوئی تو کوئی حرج نہیں روزہ صحیح ہے۔
[5]ناک کو اتنے زور سے سٹرک لیا کہ رینٹ حلق میں چلی گئی تو روزہ نہیں ٹوٹا۔ اسی طرح منہ کی رال سٹرک کر نگل جانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔
[6] خون تھوک سے کم ہو اور خون کا مزہ حلق میں معلوم نہ ہو تو روزہ نہیں ٹوٹتا۔
[7] اگر زبان سے کوئی چیز چکھ کر تھوک دی تو روزہ نہیں ٹوٹا لیکن خواہ مخواہ ایسا کرنا مکروہ ہے۔ اگر کسی کا شوہر بد مزاج ہو اور یہ ڈر ہو کہ اگر سالن میں نمک وغیرہ درست نہ ہو ا تو غصہ ہو گا، اس کو نمک چکھ لینے کی گنجائش ہے۔
[8] کسی چیز کو اپنے منہ سے چبا کر چھوٹے بچے کو کھلانا مکروہ ہے البتہ اگر اس کی شدید ضرورت پڑے اور مجبوری و ناچاری ہو تو گنجائش ہے۔
[9] مسواک سے دانت صاف کرنا درست ہے خواہ سوکھی مسواک ہو یا تازہ۔ مسواک کا ذائقہ منہ میں محسوس ہو تب بھی مکروہ نہیں۔
[10] خون دینے، خون لگوانے، انجکشن اور ڈرپ سے بھی روزہ نہیں ٹوٹتا۔
[11] میک اپ کرنے، کریم ، لوشن لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔
*📚کتابُ الفقہ جلد 01 صفحہ 186-187*
از متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن حفظہ اللہ