عظمتِ رمضان
22 فروری، 2026
الحمدللہ ہم اس مبارک ماہ میں داخل ہو چکے ہیں جس میں روز و شب رحمت و برکت اور بخشش کا نزول ہوتا ہے، یہ ایسا مبارک ماہ ہے جس کا انتظار مومنوں کو 11 مہینے تک رہتا ہے۔
ایسا مہینہ جس میں نیکیوں کا اجر و ثواب 70 گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔
ایسا مہینہ جس میں سونا بھی عبادت میں شمار ہوتا ہے، سونا عبادت میں شامل ہے اس کا مطلب یہ ہر گز نہیں کہ ہم زیادہ سے زیادہ سونے کو ہی عبادت سمجھیں
بلکہ سونے کو عبادت اس لیۓ کہا گیا ہے کہ ہم بجاۓ اس کے کہ لغویات میں پڑیں کچھ دیر سو کر نیند پوری کر کے عبادت کے لیۓ چاک و چوبند ہو جائیں، خوب عبادت کریں، خوب ذکر و اذکار، تلاوت اور نوافل کا اہتمام کریں، اپنے گناہوں کی معافی طلب کریں، رمضان کی عظمت کا خیال اور احترام کرتے ہوۓ اپنے آپ کو گناہوں سے دور رکھیں اور بالخصوص موبائل کو بلا ضرورت استعمال نہ کریں جتنا ہو سکے موبائل سے دور رہیں کیونکہ جہاں اس کا صحیح استعمال مفید اور کار آمد ہے وہیں ایک غلط ٹچ غلط استعمال آپ کی کمائی ہوئ نیکیوں پر پانی پھیرنے کے لیۓ کافی ہے۔
یہ مہینہ بڑی عظمتوں رحمتوں اور برکتوں والا ہے اس کو نۓ نۓ پکوان بنانے کھانے اور سونے میں، عید کی تیاریوں میں، بازاروں میں جا کر برباد نہ کیا جاۓ، رمضان قرآن کا مہینہ ہے اس ماہ مبارک میں خوب کثرت سے تلاوت کرنی چاہیۓ، جیسا کہ قرآن میں اللہ رب العزت کا ارشاد ہے: شهر رمضان الذي انزل فيه القرآن هدى للناس
`ترجمہ: رمضان کا مہینہ وہ جس میں قرآن نازل کیا گیا جو لوگوں کے لیۓ ہدایت کا ذریعہ ہے`
(سورہ بقرہ:آیت نمبر185)
رمضان مہمان ہے اور بہت خاص مہمان ہے یہ ایسا مہمان ہے جو مہینوں انتظار کے بعد آتا ہے اور یہ مہمان آپ کے گناہوں کو دھونے، آپ کی مغفرت کرنے، آپ کو جنت کی بشارت دینے کے لیۓ آتا ہے_
رمضان کی قدر کر لیں آج وقت ہے ہم خوش قسمت ہیں جنہیں اللہ نے سلامتی کے ساتھ رمضان تک پہنچایا، کیا پتہ اگلے رمضان تک ہم میں سے کون رہے گا کون نہیں...
رمضان میں فرشتے دعاؤں پر آمین کہتے ہیں اس لیۓ دعاؤں کا خوب اہتمام کرنا چاہیۓ اپنے اگلے پچھلے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیۓ کیونکہ رمضان بخشش کا پروانہ لے کر آتا ہے_
اللہ ہماری خطاؤں کو در گزر فرماۓ، ہمیں رمضان کا اکرام کرنے والا بناۓ اور خوب نیکیاں سمیٹنے والوں میں شامل فرماۓ ہماری ٹوٹی پھوٹی عبادات کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت بخشے۔ آمین
طالب دعا🤲
بنت شہاب✍🏻