کبھی تنہائی کے کسی لمحے میں اپنے دل کے دریچے وا کیجیے اور خود سے ایک سوال پوچھیے:
کیا میں وہی ہوں جو دنیا کو دکھائی دیتی ہوں، یا وہ جو خلوت میں اپنے آپ سے چھپتی پھرتی ہے؟
آئینۂ احتساب سامنے آ جائے تو چہرے کے نقوش نہیں، کردار کی لکیریں نمایاں ہوتی ہیں۔ وہاں بناوٹ کی کوئی گنجائش نہیں، عذر کی کوئی پناہ نہیں، اور دلیل کی کوئی دیوار نہیں رہتی۔ انسان کو اپنے لفظوں کی بازگشت سنائی دیتی ہے، اپنے رویّوں کا عکس دکھائی دیتا ہے، اور اپنی نیتوں کا وزن محسوس ہونے لگتا ہے۔
جو شخص اس آئینے میں جھانکنے کا حوصلہ کر لیتا ہے، وہ دوسروں کی خطاؤں سے پہلے اپنی لغزشوں کو دیکھنا سیکھ لیتا ہے۔ وہ فیصلہ سنانے سے پہلے دل میں رحم پیدا کرتا ہے، اور اصلاح کا آغاز اپنی ذات سے کرتا ہے۔
"یہی وہ لمحہ ہے جہاں سے اصلاح کا سفر شروع ہوتا ہے۔"
انسان کو پرکھنا آسان ہے مگر سمجھنا نہایت دشوار۔
ہم اکثر لوگوں کو ان کے ایک جملے، ایک لغزش یا ایک لمحاتی کیفیت کی بنیاد پر جانچ لیتے ہیں۔ جب تک کوئی ہماری مرضی کے مطابق خاموش رہے، ہمارے خیالات کی تائید کرے اور ہمارے مزاج کے خلاف کوئی بات نہ کہے، وہ ہمیں اچھا معلوم ہوتا ہے۔ لیکن جونہی وہ اپنی رائے کا اظہار کرتا ہے یا ہمارے نظریے سے مختلف بات کہتا ہے، ہم فوراً اس کے بارے میں رائے قائم کر لیتے ہیں۔
ہم اس کے الفاظ کو اس کے کردار کا پیمانہ بنا لیتے ہیں اور اس کے ایک عمل کو اس کی پوری شخصیت پر غالب کر دیتے ہیں۔ یہ بھول جاتے ہیں کہ انسان ایک واقعہ نہیں، ایک داستان ہے—اور داستان کے سب اوراق پڑھے بغیر اس کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔
 فیصلے سنانا بہت سہل ہے، مگر فہم و ادراک کی منزل تک پہنچنا صبر، بردباری اور وسعتِ قلب چاہتا ہے۔ ہم اپنی سہولت کے مطابق دوسروں کو ترازو میں تولتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سب ہمارے معیار کے مطابق ہوں، ہمارے انداز کو اختیار کریں، اور ہمارے سانچے میں ڈھل جائیں۔ مگر یہ نہیں سوچتے کہ ہر شخص کا ظرف، تجربہ اور آزمائش مختلف ہے۔
 ہو سکتا ہے جو ہمیں مغرور دکھائی دیتا ہے، شاید وہ اندر سے شکستہ ہو۔
جو ہمیں سخت مزاج لگتا ہے، ممکن ہے اس نے حالات کی تلخی برداشت کی ہو۔
جو ہمیں کمزور نظر آتا ہے، بعید نہیں کہ وہی سب سے زیادہ ثابت قدم ہو۔
اس ادراک کے ساتھ نگاہ جب باہر سے ہٹ کر اندر کی سمت مڑتی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ اصل اصلاح دوسروں سے نہیں اپنی ذات سے آغاز چاہتی ہے 
ہم زبان سے تو خیر خواہی کا دعویٰ کرتے ہیں، مگر اپنے لہجے کی سختی اور رویّے کی تنگی پر غور نہیں کرتے۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ہمیں سمجھیں، مگر ہم دوسروں کو سمجھنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے۔ ہم معافی کے طلب گار ہوتے ہیں مگر درگزر کرنے میں تنگ دلی کا مظاہرہ کرتے ہیں 
درحقیقت انسان کامل نہیں ہوتا، بلکہ سیکھنے والا ہوتا ہے۔ وہ ٹھوکر کھاتا ہے، گر جاتا ہے، سنبھلتا ہے اور پھر آگے بڑھتا ہے۔ اگر ہم ہر لغزش پر طنز کریں گے اور ہر کمزوری کو عیب بنا کر پیش کریں گے، تو معاشرہ نفرتوں کا مسکن بن جائے گا۔
ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ دلوں کو جیتنے کے لیے سختی نہیں، نرمی درکار ہوتی ہے۔
الفاظ تیر کی مانند ہوتے ہیں؛ نکل جائیں تو واپس نہیں آتے۔
ایک سخت جملہ برسوں کی رفاقت کو مجروح کر سکتا ہے، اور ایک نرم لفظ دلوں میں امید کی شمع روشن کر دیتا ہے۔
اسی لیے ضروری ہے کہ نگاہ کا رخ فیصلہ سنانے سے پہلے احتساب کی طرف ہو جب انسان اپنے نفس کو ترازو پر رکھتا ہے تو اسے اندازہ ہوتا ہے کہ حق کا معیار صرف اس کی رائے نہیں ہے 
معاف کرنا کمزوری نہیں، بلکہ دل کی وسعت ہے۔ جو شخص درگزر کرنا جان لیتا ہے، وہ دراصل خود کو بوجھ سے آزاد کر لیتا ہے۔ کینہ اور حسد دل کو زنگ آلود کر دیتے ہیں، جبکہ عفو و درگزر دل کو شفاف بنا دیتے ہیں۔
زندگی ایک آزمائش ہے۔ کوئی رزق کے ذریعے آزمایا جاتا ہے، کوئی محرومی کے ذریعے؛ کوئی عزت پا کر آزمائش میں ہے اور کوئی گمنامی میں۔ ہمیں یہ اختیار نہیں کہ ہم دوسروں کی آزمائشوں کا مذاق بنائیں یا ان پر حکم صادر کریں۔ ہمارا اختیار صرف اپنے عمل پر ہے۔
آخرکار بات اسی پر آ ٹھہرتی ہے کہ اصل عظمت اپنے نفس پر قابو پانے میں ہے۔
اگر ہم اپنی زبان کو نرم، اپنے دل کو کشادہ اور اپنی نگاہ کو منصف بنا لیں تو آدھی دنیا سنور سکتی ہے۔
فیصلہ سنانے سے پہلے فہم پیدا کریں،
تنقید کرنے سے پہلے دل میں رحم پیدا کریں،
اور دوسروں کو بدلنے سے پہلے خود کو سنواریں۔
کیونکہ ہم سب ادھورے ہیں—
اور اسی ادھورے پن میں سیکھنے، نکھرنے اور بہتر ہونے کا راستہ پوشیدہ ہے۔

ازقلم : شیخ فاطمہ ابوالکلام 🥀