معاشرے میں بے نمازی کا بڑھتا ہوا رجحان ایک سنجیدہ حقیقت ہے جس کے پیچھے گہرے فکری و عملی اسباب کارفرما ہیں۔ یہ رجحان نہ صرف فرد کی روحانی زندگی کو متاثر کرتا ہے بلکہ اس کے اخلاقی اور معاشرتی اثرات بھی نہایت دور رس ہیں۔ زیرِ نظر تحریر میں اسی ترتیب کے ساتھ اس رجحان کا جائزہ، اس کے اسباب و اثرات کا تجزیہ، اور پھر اس بحران سے نکلنے کے عملی حل پیش کیے جا رہے ہیں۔
 بے نمازی کے رجحان کی بنیادی وجہ ایمان کی کمزوری اور روحانی شعور کا زوال ہے۔ جب دل سے اللہ کی عظمت اور آخرت کی جواب دہی کا احساس کمزور ہو جائے تو نماز بوجھ محسوس ہونے لگتی ہے۔ اصل مسئلہ وقت کی کمی نہیں بلکہ ترجیحات کی تبدیلی ہے۔
اسباب: آج کا انسان دنیاوی مصروفیات، روزگار کی دوڑ اور سوشل میڈیا میں اس قدر الجھ چکا ہے کہ اسے چند منٹ کی نماز غیر ضروری معلوم ہوتی ہے۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ جس کے پاس گھنٹوں غیر ضروری مشغولیات کے لیے وقت ہو، وہ نماز کے لیے بھی وقت نکال سکتا ہے، اگر دل آمادہ ہو۔

اثرات: نماز چھوڑنے کے دینی اور معاشرتی نقصانات)
قرآن مجید نے اس کو نہایت واضح الفاظ میں بیان کیا ہے:
اَضَاعُوا الصَّلَاةَ وَاتَّبَعُوا الشَّهَوَاتِ
یعنی پہلے نماز ضائع ہوئی، پھر خواہشات کی پیروی شروع ہوئی۔ اس ترتیب سے واضح ہوتا ہے کہ نماز کا چھوٹ جانا ایک اندرونی قوت کے ختم ہوجانے کا اعلان اور اِس حقیقت کا اظہار ہے کہ انسان آہستہ آہستہ اپنی زندگی کے مرکز سے دور ہوتا جا رہا ہے۔
 نماز کا ترک دراصل انسان کی خود فراموشی ہے۔ علامہ اقبال نے جس خودی کی بیداری کا پیغام دیا تھا، اس کی پہلی شرط یہی تھی کہ انسان اپنا سر صرف ایک رب کے سامنے جھکانا سیکھ لے۔ مگر ایک سجدے سے انکار نے اسے سینکڑوں جھوٹے سجدوں میں تقسیم کر دیا ہے۔ آج کا انسان سجدہ ترک کرکے آزاد نہیں ہوا بلکہ وقت، خواہش اور مفاد جیسی بے شمار طاقتوں کا غلام بن چکا ہے۔
جب سجدہ چھوٹ جاتا ہے تو دل سے خشیت اور عاجزی ختم ہو جاتی ہے۔ نماز ترک کرنے کے اثرات صرف فرد تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورے معاشرے کو متاثر کرتے ہیں۔
روحانی سطح پر بے نمازی انسان سکون سے محروم ہو جاتا ہے۔ وہ ظاہری کامیابی کے باوجود اندر سے بے چین اور مضطرب رہتا ہے، کیونکہ اس نے سکون کے اصل سرچشمے سے ناتا توڑ لیا ہوتا ہے۔
اخلاقی اعتبار سے نماز انسان کو برائی سے روکتی ہے۔ جب نماز چھوٹتی ہے تو جھوٹ، دھوکہ، بے حیائی اور خود غرضی جیسے رویے عام ہو جاتے ہیں۔ ضمیر کی وہ داخلی روک ختم ہو جاتی ہے جو انسان کو خود احتسابی پر آمادہ رکھتی ہے۔
معاشرتی سطح پر مسجد سے دوری اجتماعیت کے خاتمے کا سبب بنتی ہے۔ افراد تنہا اور بے حس ہو جاتے ہیں، اور معاشرہ نظم و ضبط کے بجائے بگاڑ کی طرف بڑھنے لگتا ہے۔
حل: بے نمازی کے مسئلے کا حقیقی اور عملی علاج)
یہ مسئلہ محض خطبات یا سماجی دباؤ سے حل نہیں ہوگا، کیونکہ خرابی عمل سے پہلے انسان کے باطن میں پیدا ہوئی ہے۔ لہٰذا حل بھی وہی مؤثر ہوگا جو انسان کو اس کے مرکز کی طرف واپس لے آئے۔
 [1] ایمان اور شعور کی اصلاح
سب سے پہلا حل یہ ہے کہ انسان کو یہ احساس دلایا جائے کہ نماز اس پر بوجھ نہیں بلکہ اس کی روح کی ضرورت ہے۔ نماز زندگی سے وقت نہیں لیتی بلکہ زندگی کو مقصد عطا کرتی ہے۔ جب انسان اس حقیقت کو سمجھ لے گا تو نماز اس کے لیے مشکل نہیں رہے گی۔
 [2] گھر سے عملی تربیت
بے نمازی کے مسئلے کی جڑ اکثر گھروں میں ہوتی ہے۔ والدین خود نماز کے پابند ہوں اور بچوں کو زبردستی کے بجائے عمل اور مثال کے ذریعے نماز کی عادت ڈالیں۔ گھر کا ماحول درست ہوگا تو مسجد خود بخود آباد ہونے لگے گی۔
 [3] مسجد کو زندگی کا مرکز بنانا (خاص طور پر نوجوانوں کے لیے)
آج کا نوجوان مسجد سے اس لیے دور نہیں کہ وہ دین دشمن ہے، بلکہ اس لیے کہ مسجد اس کے لیے اجنبی ماحول بن چکی ہے۔
یہ فاصلہ عبادت سے نہیں، روّیوں سے پیدا ہوا ہے۔
عملی طور پر ضروری ہے کہ:
مساجد میں نرم مزاجی اور وسعتِ قلب ہو
نوجوانوں کو نفرت کی نظر سے نہیں، امید اور محبت کی نظر سے دیکھا جائے۔
کیونکہ انسان محبت سے بدلتا ہے، نفرت سے نہیں۔
امام اور منتظم صرف نگران نہیں، رہنما ہوں
مسجد کو صرف نماز کی جگہ نہیں،
بلکہ تربیت، اعتماد، حضوری قلب، تعلق مع اللہ کا مرکز بنایا جائے۔اور جہاں تعلق اور حضوری ہو، حاضری خود بخود ہو جاتی ہے۔ 
اختتاماً یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ نماز کا بحران دراصل عبادت کا نہیں بلکہ انسان کے باطن کے خالی ہو جانے کا بحران ہے۔ جب تک انسان اپنے مرکز، یعنی اللہ سے تعلق کی طرف واپس نہیں لوٹے گا، اس کی فکری، اخلاقی اور روحانی سمت درست نہیں ہوسکتی۔ سجدہ وہ عمل ہے جو انسان کو خاک نشین رکھتے ہوئے ربِ ذوالجلال کے حضور پہنچا دیتا ہے۔ اور یہی ربط فرد کی اصلاح اور معاشرے کی بقا کا ضامن ہے۔