انسان کی اصل عظمت اس کے منصب، دولت یا شہرت میں نہیں، بلکہ اس کی شخصیت میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ شخصیت وہ جوہر ہے جو انسان کو ہجوم میں بھی پہچان عطا کرتا ہے اور تنہائی میں بھی اس کے وقار کی حفاظت کرتا ہے۔ علامہ اقبالؒ کی فکر کا مرکزی نکتہ بھی یہی ہے کہ انسان اپنی ذات کو پہچانے، سنوارے اور مقصدِ حیات سے جوڑے۔
اقبالؒ کے نزدیک شخصیت کی بنیاد خودی ہے—یعنی خود شناسی، خود داری اور خود احتسابی۔ وہ انسان کو احساس دلاتے ہیں کہ جب تک وہ اپنی قدر خود نہ پہچانے، دنیا اسے کوئی مقام نہیں دیتی:


خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے، بتا تیری رضا کیا ہے


یہ شعر محض ایک مصرع نہیں، بلکہ شخصیت سازی کا مکمل منشور ہے۔ اقبالؒ انسان کو کمزور، مجبور اور حالات کا غلام نہیں دیکھنا چاہتے، بلکہ وہ ایک باوقار، صاحبِ کردار اور باعمل انسان کا تصور پیش کرتے ہیں۔
شخصیت کا دوسرا اہم ستون کردار ہے۔ علم اگر کردار سے خالی ہو تو وہ محض الفاظ کا انبار رہ جاتا ہے۔ اقبالؒ ایسے علم سے خبردار کرتے ہیں جو عمل سے جدا ہو:


عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی
یہ خاکی اپنی فطرت میں نہ نوری ہے نہ ناری ہے


یعنی انسان اپنی شخصیت خود تراشتا ہے؛ اس کے اعمال ہی اسے بلندی یا پستی کی طرف لے جاتے ہیں۔
اقبالؒ کے ہاں عزم، استقلال اور خود اعتمادی شخصیت کے لازمی اوصاف ہیں۔ وہ نوجوان کو خاص طور پر یہ پیغام دیتے ہیں کہ وہ خوف، جمود اور مایوسی کو اپنے قریب نہ آنے دے:
نہیں ہے ناامید اقبال اپنی کشتِ ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی
یہ شعر ہمیں یقین دلاتا ہے کہ اگر نیت خالص اور محنت مسلسل ہو تو شخصیت کی بنجر زمین بھی سرسبز ہو سکتی ہے۔
شخصیت سازی میں دین کو اقبالؒ مرکزی حیثیت دیتے ہیں۔ ان کے نزدیک دین انسان کو توازن، وقار اور مقصد عطا کرتا ہے۔ وہ ایسے مسلمان کا تصور پیش کرتے ہیں جو عبادت میں بھی زندہ ہو اور معاملات میں بھی:


یہ راز کسی کو نہیں معلوم کہ مومن
قاری نظر آتا ہے، حقیقت میں ہے قرآن


یعنی کامل شخصیت وہ ہے جس کی زندگی خود ایک زندہ کتاب بن جائے۔
ا

علامہ اقبالؒ کی فکر ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ شخصیت نہ وراثت سے ملتی ہے، نہ نعروں سے بنتی ہے، بلکہ یہ مسلسل جدوجہد، اخلاقی پختگی اور فکری بیداری کا نتیجہ ہوتی ہے۔ اگر ہم ایک مضبوط فرد، صالح معاشرہ اور باوقار قوم چاہتے ہیں تو ہمیں شخصیت سازی کو محض موضوع نہیں، مشن بنانا ہوگا۔
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ