مطالعہ کی اہمیت
بقلم ✍️ : محمد علی سبحانی
مطالعہ انسان کے ذہن کو کھولتا ہے اور اس کے علم میں اضافہ کرتا ہے۔ مطالعہ کے ذریعے انسان نئی باتیں سیکھتا ہے، مختلف خیالات سے واقف ہوتا ہے اور دنیا کو بہتر انداز میں سمجھنے لگتا ہے۔ عوامی تقریر (Public Speaking) میں سب سے زیادہ ضروری چیز علم ہے، اور علم میں اضافہ مطالعے سے ہی ممکن ہے۔ مطالعہ ہمیں لکھنے والوں کے مختلف اندازِ فکر، ان کی سوچنے کی صلاحیت اور ان کی زندگی کے پہلوؤں سے روشناس کراتا ہے۔
ایک مشہور کہاوت ہے: "سو برے دوستوں سے بہتر ایک اچھی کتاب ہے"۔ کتاب تنہائی میں انسان کی بہترین ساتھی ہوتی ہے۔ یہ نہ تھکتی ہے، نہ شکایت کرتی ہے، بلکہ ہر وقت ہمیں کچھ نیا سکھانے کے لیے تیار رہتی ہے۔
اگرچہ مطالعے کی اہمیت سے سب واقف ہیں، مگر مسئلہ یہ ہے کہ زیادہ تر لوگ مطالعہ کرنے کے صحیح طریقے سے ناواقف ہیں، یا پھر وہ اس میں مستقل مزاجی (Consistency) برقرار نہیں رکھ پاتے۔
مطالعہ کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ کے ہاتھ میں ایک الگ نوٹ بک ہو جس میں آپ اہم نکات لکھتے جائیں، یا کتاب میں اہم حصوں کو مارکر سے نمایاں کرتے جائیں۔ اس طرح پڑھی ہوئی چیزیں زیادہ دیر تک آپکے دماغ میں محفوظ رہیں گی۔ مطالعے کے دوران صرف آنکھوں سے پڑھنا کافی نہیں، بلکہ الفاظ کو زبان سے دہرانا بھی ضروری ہے تاکہ تمام باتیں اچھی طرح ذہن نشین ہوجایں۔
ہمیں چاہیے کہ مطالعے کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنا لیں۔ سفر کے دوران یا فارغ وقت میں موبائل پر ریلس دیکھنے کے بجائے کوئی اچھی کتاب ساتھ رکھیں۔ یہ ضروری نہیں کہ صرف تدریسی (تعلیمی) شعبے سے تعلق رکھنے والے ہی مطالعہ کریں؛ بلکہ ہر انسان کے لیے مطالعہ زندگی کا ایک لازمی جزو ہونا چاہیے۔
مطالعہ انسان کو نہ صرف علم فراہم کرتا ہے بلکہ اسے سوچنے، سمجھنے اور بہتر فیصلے کرنے کی صلاحیت بھی دیتا ہے۔ جو لوگ مطالعے کو اپنی عادت بنا لیتے ہیں، وہ ہمیشہ ترقی کی راہ پر گامزن رہتے ہیں۔
ہمیں دنیا سے کیا مطلب، کتب خانہ وطن اپنا۔
مریں گے ہم کتابوں میں، ورق ہوگا کفن اپنا۔