🖋️بنتِ ابوالخیر اعظمیؔ
دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی حق نے سر اُٹھایا، باطل نے شور مچایا؛ جب بھی سچ نے قدم بڑھایا، حسد نے چیخیں بلند کیں۔
حسد وہ آگ ہے جو دوسروں کو جلانے سے پہلے اپنے ہی دل کو راکھ کر دیتی ہے۔
یہ وہ بیماری ہے جو آنکھوں کو اندھا، زبان کو تلخ اور دل کو بے سکون بنا دیتی ہے۔
حسد کرنے والا اپنے مقابل کو گرانے کی فکر میں رہتا ہے، مگر یہ نہیں جانتا کہ وہ دراصل اپنے ہی مقام کو کھوکھلا کر رہا ہوتا ہے۔
حسد کی چیخیں بظاہر بلند اور خوفناک محسوس ہوتی ہیں، مگر ان میں نہ دلیل ہوتی ہے، نہ وزن اور نہ ہی دوام۔
یہ چیخیں اس دل کی ہوتی ہیں جو سچ کی روشنی برداشت نہیں کر پاتا، جو کسی کے عروج کو اپنی شکست سمجھ بیٹھتا ہے۔
حسد شور مچاتا ہے، الزامات تراشتا ہے، باتوں کو توڑ مروڑ کر پیش کرتا ہے، مگر اس کے پاس آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نہیں ہوتا، اس لیے وہ دوسروں کے قدم روکنے کی ناکام کوشش میں مبتلا رہتا ہے۔
اس کے برعکس حق کی پیش قدمی خاموش ہوتی ہے۔ حق نہ شور کا محتاج ہے، نہ تالیوں کا، نہ تعریف کے نعروں کا۔
وہ اطمینان، وقار اور یقین کے ساتھ آگے بڑھتا ہے۔ حق جانتا ہے کہ سچائی کی طاقت آواز کی بلندی میں نہیں، بلکہ کردار کی مضبوطی میں ہوتی ہے۔ اسی لیے حق خاموش رہ کر بھی بولتا ہے اور ٹھہر کر بھی آگے بڑھتا ہے۔
تاریخ کے صفحات پلٹ کر دیکھ لیجیے انبیائے کرام علیہم السلام ہوں یا اولیائے عظام، مصلحین ہوں یا داعیانِ حق سب کو حسد، طعن و تشنیع اور مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔
مگر ان کی کامیابی کا راز یہی تھا کہ انہوں نے حسد کی چیخوں کا جواب شور سے نہیں، صبر سے دیا ، گالیوں کا جواب بددعا سے نہیں، دعا سے دیا۔
اور رکاوٹوں کا مقابلہ نفرت سے نہیں، استقامت سے کیا۔
حسد وقتی طور پر فضا کو آلودہ کر سکتا ہے، مگر حق کی روشنی کو بجھا نہیں سکتا۔ سورج پر اگر کوئی گرد ڈال دے تو اس کی روشنی کم نہیں ہو جاتی، بلکہ گرد ہی آخرکار بیٹھ جاتی ہے۔
اسی طرح حق کی راہ میں اٹھنے والا شور کچھ دیر بعد خود خاموش ہو جاتا ہے، مگر حق کا سفر جاری رہتا ہے۔
عقل مند وہ ہے جو حسد کی چیخوں میں اپنا وقت اور توانائی ضائع نہ کرے، بلکہ حق کی خاموش پیش قدمی کو اپنا شعار بنائے۔
کیونکہ آخرکار وہی کامیاب ہوتا ہے جو ثابت قدم رہتا ہے، جو اپنے مقصد پر نظر رکھتا ہے اور جسے اللہ پر کامل بھروسا ہوتا ہے۔
پس یاد رکھئے: حسد شور مچاتا ہے، مگر کچھ بنا نہیں پاتا۔
اور حق خاموشی سے چلتا ہے، مگر تاریخ بنا دیتا ہے۔