`تڑپ ہو جس میں علم کی... وہی رہتا ہے کارواں میں`

*کل ایک روح پرور منظر دیکھنے اور سننے کو ملا، جو دل کے نہاں خانوں تک اتر گیا۔ ایک عظیم مجلس، جہاں افتاء کورس کی تکمیل کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم اور علم و حکمت سے بھرپور بیانات نے دلوں کو گرما دیا۔ لیکن ایک منظر ایسا تھا جس نے دل کو ایک نئی روشنی، ایک نئی فکر دی ـــ ایک جھنجھوڑ دینے والی حقیقت۔*

*وہ لمحہ، جب مجھے یہ علم ہوا کہ* `ایک 55 سالہ باوقار خاتون نے افتاء جیسا عظیم، محنت طلب اور پیچیدہ کورس مکمل کر لیا ہے۔` *دل رک سا گیا ... حیرت اور عقیدت کے ملے جذبات سے آنکھیں بھگنے لگیں۔*

*یہی خاتون جو بخاری شریف جیسی جلیل القدر کتاب کی معلمہ بھی ہیں، اس عمر میں بھی علمِ دین کی تڑپ لیے میدانِ علم میں مصروف عمل ہیں۔ آج جب کئی نوجوان لڑکیاں تھکاوٹ، بوجھ یا وقتی مصروفیات کو وجہ بنا کر علم کا سفر درمیان میں چھوڑ دیتی ہیں، وہاں یہ باہمت، پختہ عمر کی بہن ہمارے لیے جیتی جاگتی مثال بن کر سامنے آئیں۔*

*ان کا بیان سننے کا شرف بھی حاصل ہوا۔ ان کے الفاظ دل میں تیر کی مانند پیوست ہوتے گئے۔ جب انہوں نے پر جوش انداز میں یہ کہا:*

`"مرتے دم تک یہ تڑپ باقی رہے گی!"`

*تو نہ جانے کیوں آنکھیں نم ہو گئیں، دل کانپ اٹھا۔ ہم نے کب یہ جذبہ کھو دیا؟ وہ طلب، وہ دیوانگی، وہ بےچینی، جو ایک سچے طالبِ علم کی پہچان ہوتی ہے، وہ کہاں گئی؟*
*کاش! ہماری نوجوان طالبات اس پیغام کو سنیں، اس جذبے کو محسوس کریں، اور سمجھیں کہ* `علمِ دین عمر کا محتاج نہیں۔` *یہ تو دل کی پیاس ہے، روح کی بھوک ہے، جو ہر لمحہ سیرابی مانگتی ہے۔ افسوس، آج ہم ظاہری مشغولیات، وقتی رکاوٹوں اور سستی کے سبب اس راہِ علم سے کنارہ کش ہو جاتے ہیں۔*

`یہ بہن ہم سب کے لیے ایک آئنہ ہیں، جو ہمیں دکھا رہیں ہیں کہ:`

*نہ عمر کبھی راستہ روکتی ہے، نہ مصروفیات رکاوٹ بنتی ہے نہ ذمہ داریاں بہانے بنتی ہیں۔*

`فقط ایک سچی تڑپ، ایک خالص جنون، اور اللہ کے لیے خلوص چاہیے۔`

*آج ہمیں جھنجھوڑنے کی ضرورت ہے، بیدار ہونے کی حاجت ہے۔ اگر ہم نے اس موقع کو ضائع کر دیا، تو کل ہمارے پاس نہ علم ہوگا نہ وقت،*

`اے طالباتِ دین!`
*اٹھو، جاگو اور اس بہن کے قدموں پر نشان رکھو۔*
*کیوں کہ وہ تمہیں دکھا رہی ہیں کہ راہِ علم کی کوئی انتہائی نہیں... یہ سفر تو قبر تک جاری رہتا ہے۔*

*اللّٰہ تعالیٰ ہمیں بھی خلوصِ نیت طلبِ صادق اور فہمِ دین کے ساتھ جڑنے کی توفیق عطا فرمائے۔*
*آمین یارب العالمین*

✍🏻 `طالبۂ صالحات`