سوراخ والے بیگ سے ڈرو! کیا ہے سوراخ والا بیگ؟ آئیے آج سوراخ والے بیگ کے بارے میں جانتے ہیں... نیکیوں کو برباد کرنے سے بچو! زندگی کم اور کام زیادہ ہے، اور جس بیگ میں نیکیاں رکھنی ہیں اس بیگ میں سوراخ کرنے سے محفوظ رہو، کیا آپ نے کبھی سوچا کہ ہماری نیکیاں کیسے ضائع ہوتی ہیں؟؟؟
اگر آپ نیک کام تو کر رہے ہیں لیکن لوگوں کو دکھانے کے لیۓ تو یہ دکھاوا (ریا کاری) یہ سوراخ والا بیگ ہے جیسا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے: فويل للمصلين ١_ الذين هم يراءون
 ترجمہ: ہلاکت ہو ان نماز پڑھنے والوں کے لیۓ... جو دکھاوا کرتے ہیں_
(سورہ الماعون) 
اگر آپ وضو تو بہت اچھے طریقے سے کرتے ہیں لیکن پانی بہت زیادہ ضائع کرتے ہیں تو یہ سوراخ والا بیگ ہے، آپ فقیروں اور مسکینوں پر صدقۂ و خیرات کرتے ہیں پھر ان پر احسان جتلاتے ہیں انہیں تکلیف دیتے ہیں اور ان کی تذلیل کر کے ان پر ہنستے بھی ہیں تو یہ سوراخ والا بیگ ہے. 
جیسا کہ ارشاد ربانی ہے: لا تبطلوا صدقاتكم بالمن والأذي 
ترجمہ: اپنے صدقات کو احسان جتا کر اور تکلیف دے کر برباد مت کرو_
(سورہ البقرہ،آیت:264)
آپ روزہ بھی رکھتے ہیں بھوک پیاس پر صبر بھی کرتے ہیں لیکن پھر گالم گلوج لعن طعن بھی کرتے ہیں تو یہ سوراخ والا بیگ ہے، کیونکہ روزے کا مقصد تقوی اختیار کرنا اور گناہوں سے بچنا ہے. خواتین اپنے کپڑوں کے اوپر عبایہ پہننے کے باوجود خوشبو لگا کر بازار جاتی ہیں تو کیا فائدہ ایسے پردے کا یہ سوراخ والا بیگ ہے، آپ مہمان کی مہمان نوازی کرتے ہیں اور اس سے حسن سلوک بھی کرتے ہیں لیکن اس کے جانے کے بعد اس کی غیبت اور برائ بھی کرتے ہیں تو یہ سوراخ والا بیگ ہے، آپ نیک کام بھی کرتے ہیں لیکن دوسروں کو تکلیف بھی پہنچاتے ہیں تو یہ سوراخ والا بیگ ہے کیونکہ حدیث پاک میں آتا ہے: المسلم من سلم المسلمون من لسانه ويدہ_
ترجمہ: بہترین مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں_
 اپنی نیکیوں کو ضائع ہونے سے بچاؤ جنہیں آپ بڑی مشکل سے جمع کرتے ہیں اور پھر انہیں کس طرح بڑی آسانی کے ساتھ ضائع کر دیتے ہیں آگاہ رہیۓ اللہ کی جنت بڑی قیمتی ہے وہ بڑی بڑی قربانیوں کے بعد ملے گی تو اپنی ایک ایک نیکی بچا کے رکھیں تاکہ آپ جنت کے مستحق بن سکیں، نیکی کمانا بڑا مشکل ہے لیکن شیطان کے کہنے پر لگ کر اسے ضائع کر دینا بڑا آسان کام ہے_
ریا کاری، احسان جتلانا، غیبت کرنا، اور دوسروں کو تکلیف پہنچانا اس طرح کے اور بھی بہت سے عمل سوراخ والے بیگ کی طرح ہیں جو ہماری نیکیوں کو ضائع کر دیتے ہیں_
صرف نیک کام کرنا کافی نہیں ہے اسے محفوظ رکھنا بھی ضروری ہے_!!

✍️بنت شہاب💫