الحمدللہ! ماہ رجب المرجب کی آمد ہو چکی ہے اور اس با برکت مہینے کے نمودار ہوتے ہی دل فرحت و مسرت سے لبریز ہے۔ ایک الگ ہی سکون اور خوشی کا احساس ہے۔ رفتہ رفتہ یہ مہینہ ہمیں ماہ رمضان کے قریب ہونے کا خوب صورت احساس دلا رہا ہے۔

چند دنوں قبل ایک کتابوں کی پوسٹ دیکھی تھی۔ کتب اور مصنف کا نام پڑھتے ہی دل بہت خوش ہوا تھا۔ جب ان کتابوں کے بارے میں معلومات حاصل کی تو پتا چلا کہ ان میں سے صرف دو کتابیں ہی مل پائیں گی۔ جس کی وجہ سے کتابیں لینے کا ذہن نہ ہوا؛ لیکن دل کی خواہش تھی کہ ائے کاش! ساری کتابیں مل جاتیں۔

بات آئی گئی ہو گئی۔ آج ایک پارسل آیا۔ اور جیسے ہی پارسل کھولا، تو اس میں وہی ساری کتابیں تھیں، جن کو لینے کی تمنا تھی۔ اللہ اللہ! کتابیں دیکھ کر سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کیا۔ اور انہیں کھول کر زیارت کی۔

کچھ دیر بعد معلوم ہوا کہ یہ کتابیں انہی بہن نے تحفے میں بھجوائی ہیں، جن سے ہم نے کتابوں کی معلومات حاصل کی تھی اور لینے کے لیے منع کر دیا تھا۔ ان پیاری بہن کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اللہ کریم کا جتنا شکر ادا کیا جائے، کم ہے۔ کہتے ہیں نہ کہ جو خیال ہمارے دل میں ہوتے ہیں، کبھی زبان پر نہیں آتے؛ کریم رب ہمارے ان خیالوں سے بھی واقف ہے اور ان کو مکمل کرنے کی بہترین تدبیر فرمانے والا ہے۔

کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اس طرح ساری کتابیں ایک ساتھ حاصل ہو جائیں گی۔ یہ سب اللہ کریم کی کرم نوازی ہے۔ جب بندہ دل سے، اپنی کریم رب سے کوئی شئے مانگتا ہے، تو وہ سارے جہاں کا مالک و مولا عطا فرما دیتا ہے۔

الحمدللہ! آج کا دن بہت شاندار رہا؛ کیوں کہ تحفے میں کتابیں ملنا بھی ایک عظیم نعمت ہے، جو ہر کسی کو نہیں ملا کرتی! اللہ کریم ہمیں نعمتوں کی قدر کرنے والا بنائے۔ آمین یا رب العالمین! 

4 رجب المرجب 1447
25 دسمبر 2025
شب جمعہ