دہلی میں ہونے والا تاریخی مباحثہ فکری
 ارتداد کے مقابلے میں ایک مضبوط علمی
سنگِ میل

حالیہ دنوں میں دہلی میں 20 دسمبر کو صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک منعقد ہونے والا مباحثہ بلاشبہ عصرِ حاضر کا ایک نہایت اہم، کامیاب اور دور رس اثرات رکھنے والا علمی و فکری واقعہ ثابت ہوا۔ یہ محض ایک رسمی مناظرہ نہیں تھا، بلکہ ایمان، عقل اور فکر کے سنگم پر ہونے والی ایک سنجیدہ علمی گفتگو تھی جس کے اثرات پوری دنیا میں محسوس کیے گئے۔
مباحثے کی نمایاں شخصیات
یہ مباحثہ دو ممتاز اور معروف شخصیات کے درمیان منعقد ہوا۔ ایک جانب معروف شاعر، ادیب اور دانشور جاوید اختر تھے، جو اپنے لاادری و الحادی رجحانات کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں، جبکہ دوسری جانب اسلامی فکر، دینی بصیرت اور عقلی استدلال کی نمائندگی معروف عالمِ دین اور محقق مفتی شمائل ندوی نے کی۔ اس علمی مقابلے میں دلیل، منطق اور سنجیدگی کے ساتھ افکار پیش کیے گئے۔

*شبہات کے جال کا انہدام*

مستشرقین، ملحدین اور دشمنانِ اسلام کی طرف سے جو فکری شبہات کا ایک وسیع اور منظم جال برسوں سے دنیا بھر میں پھیلایا جا رہا تھا، اس مباحثے کے بعد وہ جال یا تو ٹوٹ گیا یا کم از کم اس کی بنیادیں ہل کر رہ گئیں۔ الحادی فکر کے علمبرداروں کے لیے یہ مباحثہ ایک سخت فکری چیلنج بن کر سامنے آیا، یہاں تک کہ ان کے فکری اعتماد پر واضح ضرب پڑی۔

*فکری ارتداد بشکلِ الحاد کی روک تھام*

یہ حقیقت بھی پوری وضاحت کے ساتھ سامنے آئی کہ فکری ارتداد بشکلِ الحاد جو خاموشی کے ساتھ نوجوان نسل کے اذہان میں سرایت کر رہا تھا، اس مباحثے کے ذریعے اس کی مؤثر روک تھام ممکن ہوئی۔ اللہ تعالیٰ کے وجود، عقل و فطرت کے دلائل اور اخلاقی بنیادوں کو جس مضبوطی کے ساتھ پیش کیا گیا، اس نے الحادی فکر کی جڑوں کو کمزور کر دیا۔

*مذہبی حلقوں میں فکری بیداری کا نیا مرحلہ*

اس مباحثے کے بعد خارج از اسلام فکری دھارے چراغ پا نظر آئے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ اہلِ سنت والجماعت کے حلقوں میں ایک نئی بیداری بھی پیدا ہوئی۔ طویل غفلت کے بعد اب یہ احساس تازہ ہوا کہ الحاد کے فتنوں کا مقابلہ صرف جذبات سے نہیں بلکہ مضبوط علمی و فکری تیاری سے ہی ممکن ہے، چنانچہ اس سمت سنجیدہ کوششوں کا آغاز ہو چکا ہے۔

*مثبت اثرات اور علمی پذیرائی*

اس مباحثے کے اثرات محض نظری سطح تک محدود نہیں رہے، بلکہ بہت سے افراد نے الحاد سے براءت کا اعلان کیا۔ عدل و انصاف پسند حلقوں نے کھل کر اس مباحثے کی تعریف کی، اور ملک و بیرونِ ملک کے بڑے بڑے علماء، دانشور اور اہلِ فکر مفتی شمائل ندوی صاحب کو مبارکباد اور حوصلہ افزائی پیش کر رہے ہیں۔

*سوشل میڈیا اور عالمی ردِ عمل*

یہ مباحثہ پوری دنیا میں ایک فکری تہلکہ بن کر ابھرا۔ ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد اس پر اپنی رائے پیش کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اثر و رسوخ رکھنے والے افراد، خواہ وہ موٹیویشنل اسپیکر ہوں یا ماہرینِ نفسیات، سب نے اس مباحثے کو موضوعِ گفتگو بنایا اور اپنے تاثرات پیش کیے۔
تعصب پر مبنی اعتراضات
اگرچہ بعض متعصب اور عصبیت کا شکار افراد نے اس مباحثے پر غیر سنجیدہ، کمزور اور سطحی اعتراضات بھی کیے، مگر ایسے دعوے اس مباحثے کی علمی اہمیت اور افادیت کو متاثر کرنے میں ناکام رہے۔
مدارس اور علماء سے متعلق

 *غلط فہمیوں کا ازالہ*

اس مباحثے کا ایک نہایت اہم فائدہ یہ بھی ہوا کہ مدارس، ان کے طلبہ اور علماء سے متعلق پائی جانے والی بہت سی غلط فہمیاں دور ہو گئیں۔ یہ تاثر عام تھا کہ مدارس کے طلبہ دنیاوی علوم، انگریزی زبان اور عصری فکری مباحث سے ناواقف ہوتے ہیں، مگر اس مباحثے نے واضح کر دیا کہ مدارس کے طلبہ اور علماء دینی بصیرت کے ساتھ ساتھ عصری فکر اور عقلی مباحث پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں۔ یوں مدارس اور ان سے وابستہ علماء کی شان و وقار میں نمایاں اضافہ ہوا۔

*خلاصہ*

بہرحال، دہلی میں ہونے والا یہ مباحثہ اسلام اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے ایک عظیم فکری کامیابی ثابت ہوا۔ اسلام کے خلاف رچی جانے والی بہت سی سازشیں بے نقاب ہوئیں، اللہ تعالیٰ کے وجود سے متعلق بنیادی حقائق واضح ہوئے، اور بے شمار اذہان میں موجود فکری ابہام دور ہونا شروع ہوا۔ بلاشبہ یہ مباحثہ عصرِ حاضر میں دعوتِ دین اور فکری دفاعِ اسلام کی تاریخ میں ایک نمایاں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔


✒️ *محمد اظہر الدین*