استاد: کتابوں سے آگے شعور کی سلطنت بنانے والے

✒️ مفتی محمد تسلیم الدین المحمودی

ہر طالبِ علم کی زندگی میں ایک ایسا دور ضرور آتا ہے جب وہ اپنے وجود کی گہرائیوں، اپنے سوالات کی الجھنوں، اور اپنی خامشیوں کی بے زبانی کو کسی ایسے فرد کے روبرو رکھنا چاہتا ہے،جو محض پڑھانے والا نہ ہو، بلکہ سمجھنے والا، سنبھالنے والا، اور نکھارنے والا ہو۔

اسی لمحے ایک شخصیت ابھرتی ہے — جسے دنیا "استاد" کے معزز لقب سے یاد کرتی ہے۔

مگر حقیقت یہ ہے کہ استاد محض نصابی علم کا نگران نہیں ہوتا۔ وہ تو کردار سازی کا معمار، فکر و شعور کا نگہبان، اور انسانیت کے بنیادی اوصاف کا خاموش زارع ہوتا ہے۔

استاد بچوں کو صرف یہ نہیں بتاتا کہ "یہ سوال یوں حل ہوتا ہے"، بلکہ یہ سکھاتا ہے کہ "زندگی کے پیچیدہ سوالات سے کیسے نبرد آزما ہونا ہے"۔

وہ محض علم کا پیالہ نہیں تھماتا، بلکہ شعور و آگہی کا ذوق عطا کرتا ہے۔ وہ بچوں کو اظہارِ خیال کا ہنر دیتا ہے — اور ساتھ خاموشی کے وقار کا درس بھی۔

وہ ان کے قلم کو الفاظ سے بھر دیتا ہے — مگر ساتھ دل کو احساسات کی روشنی بھی عطا کرتا ہے۔

کبھی وہ بس اتنا کہتا ہے:"تم میں صلاحیت ہے، بس خود پر اعتماد رکھو!"

اور یہی ایک جملہ کسی متزلزل وجود کو ایک پُرعزم قائد میں تبدیل کر دیتا ہے۔

استاد کے روزمرہ کے چھوٹے چھوٹے افعال جیسے تمام طلبہ کو برابری کا موقع دینا، کسی کو تضحیک کا نشانہ نہ بننے دینا، یا کسی غلطی پر ڈانٹنے کے بجائے شفقت سے راہنمائی کرنا۔دراصل وہ خاموش بیج ہوتے ہیں جو بچوں کے باطن میں عزت، حوصلہ، برداشت اور مساوات جیسے اوصاف کی نشوونما کرتے ہیں۔

دنیا کے ہر عظیم مفکر، مصلح اور رہنما کے پسِ پردہ ایک استاد کی خاموش تربیت کارفرما ہوتی ہے۔ وہ استاد جو کبھی درختوں کے سائے میں علم بانٹتا ہے، تو کبھی کسی گاؤں کے مٹیالے کمرے میں افکارِ عظیم کی آبیاری کرتا ہے۔

آج جب معاشرہ اخلاقی زوال، فکری تعصب، اور بے صبری جیسے بحرانوں سے دوچار ہے، تو ایسے ماحول میں استاد وہ روشن چراغ ہے جو ذہنوں کو جلا، دلوں کو وسعت، اور رویوں کو شائستگی عطا کرتا ہے۔

ہمیں استاد کو محض "تعلیمی نگران" نہیں، بلکہ "کردار کا معیاری نمونہ" سمجھنا ہوگا۔

کیونکہ استاد صرف نصاب نہیں پڑھاتا — وہ تو انسان کو زندگی کی زبان، رویے کا وقار، اور وجود کا معنی سکھاتا ہے۔

اگر تم نے زندگی میں کبھی سچ بولنے کا حوصلہ کیا ہو،صبر کی چادر اوڑھی ہو،یا کسی کو معاف کرنے کا ظرف پیدا کیا ہو،تو یقیناً اس کی کہیں نہ کہیں جڑیں ایک استاد کے دردمند دل اور سنجیدہ تربیت میں پیوست ہوں گی۔