مضمون (55)
بسم اللہ الرحمن الرحیم
سفرِ ایمان — قرآن و سیرت کی روشنی میں اوائلِ صحابہؓ کی استقامت
*****************﴿رَّضِیَ اللّٰہُ عَنۡہُمۡ وَرَضُوۡا عَنۡہُ﴾
اسلام کی ابتدائی تاریخ ان مبارک ہستیوں کے اخلاص، قربانی اور استقامت سے عبارت ہے جنہوں نے سب سے پہلے نورِ ہدایت کو قبول کیا۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے نہ صرف اسلام کو اپنایا بلکہ اسے اپنی جان، مال اور عزت سے طاقت بخشی۔ ان کے قبولِ اسلام کے واقعات محض حکایات نہیں، بلکہ ایمان، صبر، اخلاق اور اللہ کی نصرت کے روشن مینار ہیں۔
جب ان واقعات کو قرآنِ کریم کی آیات اور سیرتِ نبوی کی معتبر کتب کے ساتھ پرکھا جاتا ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ زندگی کے عملی نمونے اور ربانی رہنمائی کی زندہ مث
مثالیں ہیں۔
ذیل میں چند اوائلِ صحابہ کے قبولِ اسلام کے واقعات تحقیق اور ترتیب کے ساتھ پیش کیے جاتے ہیں:
حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ — وفاداری و قربانی کا درخشندہ ستارہ
حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ کا قبولِ اسلام اوائلِ عہدِ نبوت کی صداقت و اخلاص کا روشن باب ہے۔ غلامی کی پستی سے اٹھ کر نبی اکرم ﷺ کی تربیت میں آئے، آزاد ہوئے اور پھر ایسا رشتہ قائم ہوا کہ حضور ﷺ نے انہیں اپنا متبنّٰی بنا لیا۔
ان کی زندگی اس حقیقت کی عملی تفسیر ہے کہ اسلام میں عزت کا معیار نسب نہیں، بلکہ ایمان اور وفاداری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قرآنِ کریم نے ان کا ذکر نام لے کر محفوظ فرمایا۔ سورۃ الاحزاب (33:37) میں ان کے خصوصی مقام کی طرف اشارہ ملتا ہے، جبکہ تفسیر ابنِ کثیر آیت 5 کی شرح میں ان کے ذاتی تعلق کی وضاحت ملتی ہے۔
حضرت زید رضی اللہ عنہ کی پوری زندگی اعلان کرتی ہے کہ ایمان زبان کا اقرار نہیں، بلکہ مخلصانہ وابستگی، قربانی اور رسول اللہ ﷺ سے غیر متزلزل وفاداری کا نام ہے۔
حوالہ: تفسیر ابن کثیر اردو، سورۃ الاحزاب آیات 5 ص 248، 37. ص 287؛
قریش کے مظالم — تاریخ کا لرزہ خیز باب ہے
جب رسول اللہ ﷺ نے اعلانِ نبوت فرمایا تو قریش کی دشمنی بھی بڑھتی گئی۔ وہ جانتے تھے کہ محمد ﷺ سچے، امانت دار اور باوقار ہیں، لیکن تکبر، قبائلی تعصب اور باطل پرستی نے ان کے دلوں پر پردے ڈال دیے۔
مسلمانوں پر ظلم کی جو مثالیں تاریخ میں ملتی ہیں، وہ انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیتی ہیں۔
تپتی دوپہر میں غریب مسلمانوں کو آگ برساتی ریت پر لٹایا جاتا، بھاری پتھروں سے دبایا جاتا، پانی میں ڈبویا جاتا، آگ کے انگاروں پر ڈالا جاتا۔
حضرت بلال رضی اللہ عنہ — استقامت کی چٹان بنے ان کے
سینے پر چٹان رکھی گئی، گھسیٹا گیا، جلتی ریت پر لٹایا گیا، مگر زبان پر یہی آواز تھی:
"احد، احد!"
نہ ایمان بدلا، نہ یقین میں لرزش آئی۔
حضرت عمار، سمیہ اور یاسر رضی اللہ عنہم — تاریخ کے پہلے شہداء ہیں.
حضرت عمارؓ، حضرت یاسرؓ اور حضرت سمیہؓ پر وہ ظلم ڈھائے گئے کہ زمین بھی کانپ اٹھی ۔
حضرت سمیہؓ کو ابو جہل نے برچھی مار کر شہید کیا—یہ اسلام کی پہلی شہیدہ بنیں۔
حضرت یاسرؓ بھی ظلم سہتے سہتے جان کی بازی ہار گئے۔
حضرت عمارؓ بے ہوش ہونے تک مارے جاتے، مگر دل ایمان پر قائم رہتا۔
حضرت صہیب رومی رضی اللہ عنہ — ایمان کے لیے سب کچھ قربان کردیئے
رومی نہیں تھے، مگر روم میں پرورش پائی۔ اسلام لائے تو قریش نے اذیتیں دیں، حتیٰ کہ ذہن ماؤف ہونے لگتا۔ جب ہجرت کا ارادہ کیا توقریش نے کہا:
“مال چھوڑ دو، تب جا سکتے ہو!”
حضرت صہیبؓ نے فرمایا:
“مال جاتا ہے تو جائے، ایمان سلامت رہے!”
اور خوشی سے سب کچھ قربان کر دیا. جب یہ خبر رسول اللہ ﷺ تک پہنچی تو آپ ﷺ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا:
“رَبِحَ صُهَيْبٌ، رَبِحَ الْبَيْعُ أَبَا یَحْیٰ”
“صہیب نے تو نفع کا سودا کر لیا۔”
اسی موقع پر یہ آیت تلاوت کی گئی:
﴿وَمِنَ النَّاسِ مَنْ يَشْرِي نَفْسَهُ ابْتِغَاءَ مَرْضَاتِ اللَّهِ﴾ (البقرۃ: 207)
تفسیرِ مظہری میں اس آیت کی تشریح میں یہ واقعہ تفصیل کے ساتھ درج ہے۔
حوالہ: سیرت النبی، شبلی نعمانی، جلد اول، ص 58-59
حضرت تمیم داری رضی اللہ عنہ — سفرِ شام سے سفرِ ایمان تک
حضرت تمیم داریؓ کے ایمان کی صبح شام کے ایک سفر میں طلوع ہوئی۔ رات کے اندھیرے میں ایک غیبی آواز نے پکارا:
“محمد ﷺ مکہ میں حق پر ہیں—ان کے پاس جاؤ!”
یہ آواز محض صدا نہ تھی، بلکہ نبوتِ محمدی ﷺ کی ایک روشن دلیل تھی۔ اسی لمحے ان کے دل پر حق غالب ہوا اور وہ مکہ پہنچے۔ حضور ﷺ کے چہرے کی نورانیت اور کلام کی صداقت نے تمام تردد مٹا دیا، اور وہ فوراً اسلام لے آئے۔
بعد ازاں داعیِ اسلام بنے، مدینہ ہجرت کی، اور مسجد نبوی میں سب سے پہلے چراغ روشن کرنے کا شرف حاصل کیا۔ حضور ﷺ نے دعا فرمائی:
“اللہ تمہیں ہمیشہ روشن رکھے!”
حوالہ: البدایہ والنہایہ، ابن کثیر، جلد 1، ص 800
حضرت زنیرہ رضی اللہ عنہا — صبر و ثبات کی بے مثال صحابیہ
تھیں حضرت زنیرہؓ حضرت عمرؓ کے گھرانے کی کنیز تھیں اور سخت ترین ظلم کا شکار ہوئیں۔ ابو جہل نے انہیں اتنا مارا کہ بینائی جاتی رہی۔ مگر ایمان میں کوئی دراڑ پیدا نہ ہوئی۔
ایک غیر مسلم مؤرخ نے اسی حقیقت پر اعتراف کیا:
“عیسیٰ علیہ السلام کو سولی دی گئی تو ان کے پیرو اپنے نبی کو چھوڑ کر بھاگ گئے۔
مگر محمد ﷺ کے پیرو اپنے مظلوم پیغمبر کے گرد جمع ہو گئے، ان کے دفاع میں جانیں قربان کیں، اور دشمنوں پر غالب آئے۔”
حوالہ: سیرت النبی، شبلی نعمانی، جلد اول، ص 60
ایمان کا سفر آج بھی جاری ہے
اوائلِ صحابہ کے قبولِ اسلام کے یہ واقعات ہمیں یہ درس دیتے ہیں کہ:
ایمان صرف ایک نظریہ نہیں، بلکہ جان و دل کی سچی وابستگی ہے
حق کی راہ مشکل ضرور ہے، مگر اللہ کی نصرت اسی راہ کے مسافروں کے ساتھ ہوتی ہے
مظالم کی شدت حق کی سچائی کا ثبوت ہے
اسلام نے غلاموں کو سردار اور کمزوروں کو تاریخ کا روشن چراغ بنا دیا
اللہ کی ہدایت جب دل میں اترتی ہے تو راستے خود روشن ہو جاتے ہیں
یہ واقعات آج کے مسلمان کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ اگر استقامت، اخلاص اور کامل یقین ہو تو دنیا کی کوئی قوت ایمان کی راہ نہیں روک سکتی۔
:نوٹ:
یہ حوالہ جات اصل. مکمل کتابی عبارات نہیں، بلکہ ان کا مختصر مفہوم اور تائیدی خلاصہ ہیں، جو صرف تصدیق کے لیے ذکر کیے گئے ہیں۔
بقلم محمودالباری
mahmoodulbari342@gmail.com