بسم اللہ الرحمن الرحیم.

   برکت کے نام پر فتنوں کا فروغ!

دین سیکھنے کا ذریعہ یوٹیوب یا مستند علماء 

               مضمون (122)

محترم قارئین! آج ہمارے معاشرے کا ایک بڑا المیہ یہ ہے کہ جس طبقے سے اسے جڑنا چاہیے تھا، اسی سے رفتہ رفتہ اس کا تعلق کمزور ہوتا جا رہا ہے۔ کبھی لوگ دین کا مسئلہ پیش آنے پر علماء، ائمہ مساجد اور اہلِ علم کی طرف رجوع کرتے تھے، ان سے پوچھتے، سمجھتے اور تحقیق کے بعد عمل کرتے تھے؛ لیکن آج صورتِ حال یہ ہے کہ بہت سے لوگ دینی مسائل بھی یوٹیوب کی ویڈیوز سے سیکھ کر عمل کرنے لگے ہیں۔ نہ صحیح اور غلط کی تمیز، نہ حدیث اور غیر حدیث کا فرق، نہ شریعت کے مزاج کی معرفت! بس کسی نے کچھ کہہ دیا، ویڈیو میں سن لیا اور بلا تحقیق اسے دین سمجھ کر اپنا لیا۔

یاد رکھیے! دین محض سنی سنائی باتوں اور سوشل میڈیا پر نشر ہونے والی ویڈیوز کا نام نہیں، بلکہ قرآن و سنت اور مستند دینی رہنمائی سے حاصل ہونے والا علم ہے۔ ہر مشہور بات صحیح نہیں ہوتی اور ہر مذہبی انداز میں پیش کی جانے والی بات شرعی دلیل نہیں بن جاتی۔
   ایک غیر ثابت دعا اور اس کا بڑھتا ہوا رواج
آج کل لوگوں میں ایک دعا بڑی تیزی سے مشہور کی جا رہی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ جب جیب سے رقم نکالیں، خواہ تجارت کے سلسلے میں ہو یا کسی کو صدقہ و خیرات دیں، تو یہ پڑھیں:بِسْمِ اللّٰهِ مِنْ كَنْزِ اللّٰهِ

اور جب کہیں سے رقم حاصل کرکے جیب میں رکھیں تو یہ پڑھیں:
بِسْمِ اللّٰهِ فِي كَنْزِ اللّٰهِ

اسے اس انداز سے بیان کیا جاتا ہے گویا یہ رسول اللہ ﷺ کی تعلیم کردہ دعا ہے اور اس کے پڑھنے میں خصوصی برکت ہے۔ حالاں کہ تحقیق کے بغیر کسی دعا کو حدیثِ نبوی ﷺ قرار دینا معمولی بات نہیں، بلکہ رسول اللہ ﷺ کی طرف ایک غیر ثابت بات منسوب کرنے کا خطرناک معاملہ ہے۔

اس سلسلے میں تلاش و تحقیق کی گئی، متعدد علماء سے دریافت کیا گیا، مگر کسی سے اس دعا کا حدیث ہونا ثابت نہیں۔ مزید اطمینان کے لیے دارالعلوم دیوبند کے دارالافتاء کا فتویٰ بھی ملاحظہ فرمائیے:

            فتویٰ دارالعلوم دیوبند

سوال نمبر:176247

عنوان: بسم اللہ فی کنزاللہ كیا یہ دعا صحیح ہے؟

سوال: تبلیغی حضرات جیب سے پیسے نکالتے ہیں تو بسم اللہ فی کنزاللہ اورجب رکھتے ہیں بسم اللہ من کنزاللہ پڑھتے ہیں ، یہ دعا شریعت میں ثابت ہے کہ نہیں؟اگراس جگہ کوئی مسنون دعا ہو تو بتا دیجیے ۔

جواب نمبر: 176247

بسم الله الرحمن الرحيم

Fatwa : 520-368/SN=06/1441

(۱) سوال میں جن دو دعاوٴں کا ذکر کیا گیا ہے تلاش کے باوجود ہمیں یہ دعائیں نہیں مل سکیں۔

(۲) جیب میں پیسہ رکھنے اور اس سے نکالتے وقت کی کوئی مسنون دعا ہمیں معلوم نہیں اور نہ تلاش کرنے پر کہیں ملی۔

واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند

اس فتویٰ سے واضح ہے کہ مذکورہ دونوں دعائیں تلاش کے باوجود دارالافتاء کو نہیں مل سکیں اور نہ ہی جیب میں پیسے رکھنے یا نکالنے کے وقت کوئی مخصوص مسنون دعا معلوم ہوئی۔ لہٰذا انہیں حدیثِ رسول ﷺ یا مسنون دعا سمجھ کر بیان کرنا درست نہیں۔ البتہ عام طور پر بسم اللہ پڑھنا اپنی جگہ باعثِ خیر ہے، مگر کسی مخصوص عبارت اور مخصوص موقع کے لیے خصوصی فضیلت ثابت کرنے کو شرعی دلیل درکار ہے۔
افسوس کہ تحقیق کے باوجود یہ غیر ثابت دعا برکت کے نام پر لوگوں میں تیزی سے رواج پا رہی ہے، حالاں کہ ایسی بے بنیاد باتوں کو ابتدا ہی میں روکنا ضروری ہے؛ کیونکہ بسا اوقات یہی معمولی سمجھی جانے والی باتیں آگے چل کر بڑے فتنوں کی بنیاد بن جاتی ہیں اور رفتہ رفتہ شریعت کے نام پر ایک مہلک رسم و رواج کی شکل اختیار کرلیتی ہیں۔

اس کی ایک واضح مثال بعض گھروں میں رائج نام نہاد دس بیبیوں کی کہانی ہے، جس کا شریعت سے کوئی مستند نیز دور دور تک کا تعلق نہیں، بلکہ اس کے بعض مندرجات عقیدۂ توحید کے منافی اور گمراہ کن تصورات پر مشتمل ہیں۔ اس کے باوجود آج بھی بعض گھروں میں اسے حصولِ برکت اور مشکلات کے خاتمے کا ذریعہ سمجھ کر عورتوں کی محفلوں میں پڑھا جاتا ہے۔ اس رسالے کے الفاظ اور تفصیلات علاقوں کے اعتبار سے قدرے مختلف ہیں، لیکن کہانی کا بنیادی خاکہ تقریباً ایک ہی ہے اور اس میں محترم دینی شخصیات کی طرف غیر ثابت اور من گھڑت واقعات منسوب کیے گئے ہیں۔

اس کہانی کا لبِ لباب مختصراً اپنے الفاظ میں پیش کرتا ہوں۔

اس کہانی میں دو بھائی اور دس بہنوں کا ذکر ہے۔ ایک بھائی غریب اور دوسرا امیر ہوتا ہے۔ غریب بھائی کو خواب میں حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی زیارت ہوتی ہے اور اسے آٹا، چینی، گڑ اور گھی کے لڈو بنا کر تقسیم کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔ وہ ایسا کرتا ہے تو اس کی غربت دور ہو جاتی ہے اور وہ خوش حال ہوجاتا ہے۔ بعد ازاں جب وہ اپنے امیر بھائی کو لڈو پیش کرتا ہے تو وہ اسے جھڑک کر انکار کردیتا ہے۔ نتیجتاً اس پر مصیبتوں کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، بچے فوت ہوجاتے ہیں، رزق و آسائش چھن جاتی ہے اور وہ دربدر ہوجاتا ہے۔ پھر اسے اپنی غلطی کا احساس ہوتا ہے، وہ بھی لڈو بناکر تقسیم کرتا ہے اور اس کی تمام مصیبتیں دور ہوجاتی ہیں، حتیٰ کہ فوت شدہ بچے بھی واپس مل جاتے ہیں!

ذرا غور کیجیے! یہ کیسی کہانی ہے جس میں محترم ہستیوں کی طرف غیر ثابت باتیں منسوب کی جاتی ہیں، خوابوں کو شرعی حکم کا درجہ دیا جاتا ہے اور لڈو تقسیم کرنے کو مصیبتوں کے خاتمے اور کھوئی ہوئی نعمتوں کی واپسی کا یقینی ذریعہ بناکر پیش کیا جاتا ہے؟

یہ کہانی نہ قرآن و حدیث سے ثابت ہے اور نہ اسے دینی عقیدہ یا شرعی عمل سمجھنے کی کوئی بنیاد ہے۔ اس کے بعض مندرجات توحید کے منافی تصورات اور غلو پر مشتمل ہیں۔ افسوس کہ بعض گھروں میں اسے حصولِ برکت اور مشکلات کے حل کا ذریعہ سمجھ کر پڑھا جاتا ہے، بلکہ اس کے پڑھنے کی منت بھی مانی جاتی ہے۔ اگر کوئی اس غیر ثابت رسم کی اصلاح کی کوشش کرے تو بعض اوقات اسی کو طنز، مخالفت اور جھگڑے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

 اصل المیہ اور ہماری ذمہ داری

سوچنے کی بات ہے کہ جب ایک غیر ثابت دعا کو حدیث سمجھ کر رواج دیا جا سکتا ہے اور ایک من گھڑت کہانی کو برکت کا ذریعہ بناکر مذہبی رسم کی شکل دی جا سکتی ہے تو کل نہ جانے ایسی کتنی باتیں دین کے نام پر ہمارے معاشرے میں جگہ بنا لیں گی!

یاد رکھیے! ہر وہ چیز جو بزرگوں سے منسوب ہو، خواب میں دکھائی دے یا مذہبی محفل میں پڑھی جائے، ضروری نہیں کہ وہ شریعت میں بھی معتبر ہو۔ عبادت، دعا، فضیلت اور حصولِ برکت کے مخصوص طریقوں کے لیے شرعی دلیل ضروری ہے۔ محض نیک نیتی کسی غیر ثابت عمل کو سنت نہیں بنا سکتی۔

ہمیں چاہیے کہ دینی مسائل یوٹیوب کی غیر مستند ویڈیوز اور سنی سنائی باتوں سے اخذ کرنے کے بجائے مستند علماء اور مفتیانِ کرام سے دریافت کریں۔ کسی دعا کو حدیث کہنے سے پہلے تحقیق کریں، کسی واقعے کو بزرگوں یا صحابہ و صحابیات کی طرف منسوب کرنے سے پہلے اس کی صحت معلوم کریں اور کسی رسم کو برکت کا ذریعہ سمجھنے سے پہلے اس کی شرعی حیثیت جانیں۔
دین کی خدمت یہ نہیں کہ ہم ہر نئی مذہبی بات کو قبول کرلیں، بلکہ دین کی حقیقی خدمت یہ ہے کہ ہم دین میں شامل کی جانے والی غیر ثابت باتوں کی حکمت، علم اور خیرخواہی کے ساتھ اصلاح کریں۔

برکت من گھڑت الفاظ، فرضی واقعات اور بے بنیاد رسموں میں نہیں، بلکہ قرآن و سنت کی پیروی، صحیح عقیدے، اخلاص اور اتباعِ شریعت میں ہے۔

آئیے! دین کو سوشل میڈیا کی غیر مستند تشریحات کے حوالے کرنے کے بجائے مستند اہلِ علم سے جڑیں؛ کیونکہ دین میں جذبات سے زیادہ علم، شہرت سے زیادہ تحقیق اور رسم و رواج سے زیادہ شریعت کی پیروی ضروری ہے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں دین کی صحیح سمجھ، حق و باطل میں امتیاز اور ہر قسم کی بے بنیاد مذہبی باتوں سے محفوظ رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
                 بقلم محمودالباری
mahmoodulbari342@gmail.com