*نیکوں کے لیے نیک اور بد کیلیے بد !*
*کیا یہ اصول لازم ہے؟*
*حریمِ مبشر*
قرآن کی بعض آیات ایسی ہیں جنہیں استعمال کرتے ہیں، لیکن ان کے مفہوم، پس منظر اور حدود کو پوری طرح سمجھے بغیر انہیں کسی ایک مخصوص نتیجے پر منطبق کردیتے ہیں۔ سورۂ نور کی آیت نمبر ۲۶ بھی ایسی ہی آیات میں سے ہے۔
جب کسی نیک سیرت عورت کے شوہر کا کردار اچھا نہ ہو، یا کسی شریف النفس مرد کی بیوی بدکردار اور نافرمان ہو، تو معاشرے میں فوراً یہ سوال اٹھتا ہے کہ قرآن تو کہتا ہے:
الْخَبِيثَاتُ لِلْخَبِيثِينَ وَالْخَبِيثُونَ لِلْخَبِيثَاتِ ۖ وَالطَّيِّبَاتُ لِلطَّيِّبِينَ وَالطَّيِّبُونَ لِلطَّيِّبَاتِ۔
ترجمہ: ناپاک عورتیں ناپاک مردوں کے لیے ہیں اور ناپاک مرد ناپاک عورتوں کے لیے، اور پاکیزہ عورتیں پاکیزہ مردوں کے لیے ہیں اور پاکیزہ مرد پاکیزہ عورتوں کے لیے۔
پھر ایسا کیوں ہوتا ہے کہ ایک عورت نماز، روزے، حیا، تقویٰ اور حسنِ اخلاق کی پابند ہوتی ہے، لیکن اس کا شوہر اس کے دینی جذبات کی قدر نہیں کرتا؟ کبھی ایک مرد دین دار، بااخلاق اور ذمہ دار ہوتا ہے، مگر اسے ایسا ساتھی ملتا ہے جو اس کے مزاج، اخلاق اور دینی رجحانات سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔ بعض وقت نیک انسان کو اپنے ہی گھر میں دینی و اخلاقی آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کیا یہ آیت ان واقعات کی نفی کرتی ہے؟ کیا ہر ناخوش گوار ازدواجی تعلق کسی ایک فریق کے کردار کی خرابی کا نتیجہ ہوتا ہے؟ کیا کسی کا نیک ہونا اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ اسے دنیا میں ہر حال میں نیک شریکِ حیات ہی ملے؟ اور اگر ایسا نہیں تو پھر اس آیت کا صحیح مفہوم کیا ہے؟
یہ سوالات محض نظری نہیں، بلکہ ان کا تعلق ان ہزاروں گھروں سے ہے جہاں ازدواجی زندگی کے تلخ تجربات کے باوجود ایک فریق اپنے دین، اخلاق اور پاکیزہ کردار پر قائم رہتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ اس آیت کو مفسرین کی تشریحات سے سمجھا جائے۔
سورۂ نور کی آیات ۱۱ سے ۲۶ تک واقعۂ افک کا بیان ہے۔ منافقین نے حضرت عائشہ صدیقہ پر بہتان لگایا، اس کے جواب میں اللہ تعالیٰ نے نہ صرف ان کی براءت نازل فرمائی بلکہ تہمت لگانے والوں کے لیے سخت وعیدیں بھی بیان فرمائیں۔ اسی سلسلۂ کلام کی آخری آیت میں ارشاد فرمایا:الْخَبِيثَاتُ لِلْخَبِيثِينَ وَالْخَبِيثُونَ لِلْخَبِيثَاتِ وَالطَّيِّبَاتُ لِلطَّيِّبِينَ وَالطَّيِّبُونَ لِلطَّيِّبَاتِ۔
اس آیت کی تفسیر میں مفسرین کے درمیان ایک سے زیادہ اقوال منقول ہیں۔
امام محمد بن جریر طبری رحمہ اللہ نے اپنی مشہور تفسیر جامع البیان میں حضرت ابن عباس، مجاہد، سعید بن جبیر، قتادہ اور دیگر اکابر تابعین کے اقوال نقل کیے ہیں۔ ان حضرات کے نزدیک اس آیت میں خبیثات سے مراد خبیث باتیں اور طیبات سے مراد پاکیزہ باتیں ہیں۔ یعنی بری باتیں برے لوگوں کے شایانِ شان ہیں اور پاکیزہ باتیں پاکیزہ لوگوں کے لائق ہیں۔ امام طبری رحمہ اللہ نے بھی اسی قول کو سیاقِ آیات کے اعتبار سے راجح قرار دیا ہے، کیونکہ اس سے پہلے کی آیات میں بہتان تراشوں کی مذمت اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی پاک دامنی کا بیان ہے۔ امام ابن کثیر رحمہ اللہ نے بھی اسی قول کو متعدد صحابہ و تابعین سے نقل کیا اور اس کے بعد حضرت عبدالرحمن بن زید بن اسلم کا قول ذکر کیا ہے کہ اس سے مراد خبیث عورتیں خبیث مردوں کے لیے اور پاکیزہ عورتیں پاکیزہ مردوں کے لیے ہیں۔ اس قول کے مطابق حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی پاکیزگی اور رسول اللہ ﷺ کی طہارت بھی اس حقیقت کی تائید کرتی ہے کہ آپ ﷺ کی زوجۂ مطہرہ پر لگائے گئے الزامات سراسر بہتان تھے۔
اس تفصیل سے معلوم ہوا کہ آیت کی تفسیر میں ازدواجی جوڑوں کا مفہوم ایک منقول قول ضرور ہے، لیکن اسے واحد اور متفق علیہ مفہوم قرار دینا درست نہیں۔ بلکہ آیت کے سیاق کے لحاظ سے خبیث و طیب اقوال کا مفہوم نہایت قوی ہے۔
یہی وہ مقام ہے جہاں ہمیں ایک عام غلط فہمی کی اصلاح کرنی چاہیے۔ آیت کا ترجمہ پڑھ کر فوراً یہ فیصلہ کرلینا کہ دنیا میں ہر نیک مرد کو لازماً نیک عورت اور ہر نیک عورت کو لازماً نیک مرد ہی ملے گا درست نہیں۔
*کیا نیکی کا بدلہ دنیا میں ہمیشہ نیک شریکِ حیات کی صورت میں ملتا ہے؟*
یہاں ایک سوال ہوتا ہے کہ جب اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں سے محبت فرماتا ہے، ان کے اعمال کو قبول فرماتا ہے، ان کے لیے آسانیاں پیدا فرماتا ہے تو پھر ان کی ازدواجی زندگی میں ایسی مشکلات کیوں آتی ہیں جن کا تصور بھی انسان کے لیے تکلیف دہ ہوتا ہے؟
*کیا یہ اللہ تعالیٰ کے عمومی اصولِ عدل و احسان کے خلاف ہے؟*
اس کا جواب سمجھنے کے لیے ہمیں دنیا کی حقیقت کو سمجھنا ہوگا۔ اللہ تعالیٰ نے دنیا کو دارالامتحان بنایا ہے،دارالجزاء نہیں۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: أَحَسِبَ النَّاسُ أَنْ يُتْرَكُوا أَنْ يَقُولُوا آمَنَّا وَهُمْ لَا يُفْتَنُونَ وَلَقَدْ فَتَنَّا الَّذِينَ مِنْ قَبْلِهِمْ فَلَيَعْلَمَنَّ اللَّهُ الَّذِينَ صَدَقُوا وَلَيَعْلَمَنَّ الْكَاذِبِينَ۔ کیا لوگوں نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ انہیں صرف اتنی بات پر چھوڑ دیا جائے گا کہ وہ کہہ دیں کہ ہم ایمان لے آئے، اور ان کی آزمائش نہیں ہوگی؟ حالانکہ ہم نے ان لوگوں کو بھی آزمایا تھا جو ان سے پہلے گزر چکے ہیں، پس اللہ ضرور ظاہر کردے گا کہ کون سچے ہیں اور کون جھوٹے۔ (العنکبوت: ۲۔۳) معلوم ہوا کہ ایمان کا دعویٰ کرنے کے بعد آزمائش کا پیش آنا کوئی غیر معمولی بات نہیں، بلکہ دنیا کی تخلیق ہی کا ایک مقصد انسان کے ایمان، صبر اور عمل کا امتحان لینا ہے۔ایک اور مقام پر فرمایا: وَنَبْلُوكُمْ بِالشَّرِّ وَالْخَيْرِ فِتْنَةً وَإِلَيْنَا تُرْجَعُونَ۔ اور ہم تمہیں برائی اور بھلائی دونوں کے ذریعے آزماتے ہیں، اور تم سب ہماری ہی طرف لوٹائے جاؤ گے۔ (الانبیاء: ۳۵)۔ غور کیجیے! قرآن نے صرف مصیبت اور تکلیف کو آزمائش نہیں کہا بلکہ بھلائی، آسائش اور نعمت کو بھی آزمائش قرار دیا ہے۔ایک مال دار کا امتحان اس کے مال میں ہے،اور غریب کا امتحان اس کی غربت میں ہے۔اسی طرح ایک خوش گوار ازدواجی زندگی بھی امتحان ہے اور ایک مشکل ازدواجی زندگی بھی۔
لہٰذا یہ سمجھنا درست نہیں کہ جس شخص کو دنیا میں کسی معاملے میں تکلیف پہنچی، اس کا مطلب ہے کہ اللہ تعالیٰ اس سے ناراض ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: أَشَدُّ النَّاسِ بَلَاءً الْأَنْبِيَاءُ، ثُمَّ الْأَمْثَلُ فَالْأَمْثَلُ۔ سب سے زیادہ سخت آزمائش انبیاء علیہم السلام پر آتی ہے، پھر ان لوگوں پر جو ان کے بعد فضیلت میں ان سے قریب تر ہوں۔ (جامع ترمذی)
اگر دنیا کی ہر تکلیف اللہ کی ناراضی کی علامت ہوتی تو سب سے زیادہ آزمائشیں انبیاء علیہم السلام پر نہ آتیں، حالانکہ وہ اللہ تعالیٰ کے سب سے برگزیدہ بندے تھے۔
قرآن مجید میں ایسی ازدواجی مثالیں ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ اگر پاکیزہ مردوں کے لیے پاکیزہ عورتیں اور پاکیزہ عورتوں کے لیے پاکیزہ مرد ہی ہوتے ہیں تو پھر قرآن مجید میں ایسے ازدواجی رشتوں کا ذکر کیوں موجود ہے جن میں ایک فریق اللہ کا نہایت مقرب اور نیک بندہ ہے، جبکہ دوسرا ایمان و کردار کے اعتبار سے اس کے بالکل برعکس ہے؟
اس کا جواب خود قرآن مجید نے سورۂ تحریم میں دیا ہے: ضَرَبَ اللَّهُ مَثَلًا لِلَّذِينَ كَفَرُوا امْرَأَتَ نُوحٍ وَامْرَأَتَ لُوطٍ كَانَتَا تَحْتَ عَبْدَيْنِ مِنْ عِبَادِنَا صَالِحَيْنِ فَخَانَتَاهُمَا فَلَمْ يُغْنِيَا عَنْهُمَا مِنَ اللَّهِ شَيْئًا وَقِيلَ ادْخُلَا النَّارَ مَعَ الدَّاخِلِينَ۔ اللہ تعالیٰ نے کافروں کے لیے نوح اور لوط کی بیویوں کی مثال بیان فرمائی ہے۔ وہ دونوں ہمارے دو نیک بندوں کے نکاح میں تھیں، پھر انہوں نے ان کے ساتھ خیانت کی، تو وہ دونوں اللہ کے مقابلے میں ان کے کچھ بھی کام نہ آسکے، اور حکم دیا گیا کہ تم دونوں بھی جہنم میں داخل ہونے والوں کے ساتھ داخل ہوجاؤ۔ (التحریم: ۱۰)
یہاں ذرا ٹھہر کر غور کیجیے! حضرت نوح علیہ السلام اللہ کے جلیل القدر رسول تھے،حضرت لوط علیہ السلام بھی اللہ کے برگزیدہ نبی تھے۔ لیکن ان دونوں جلیل القدر انبیاء کی ازواج ایمان سے محروم رہیں اور اپنے شوہروں کی دعوت و تبلیغ کا ساتھ دینے کے بجائے اس کی مخالفت کرتی رہیں۔
امام قرطبی رحمہ اللہ اور دیگر مفسرین نے اس آیت کے تحت وضاحت کی ہے کہ ان عورتوں کی خیانت سے مراد دین کے معاملے میں مخالفت اور کفر ہے، نہ کہ بدکاری۔ انبیاء علیہم السلام کی ازواج کے بارے میں بے بنیاد جنسی الزامات لگانا درست نہیں۔ ان کی خیانت یہ تھی کہ انہوں نے اپنے نبی شوہروں کے دین کو قبول نہیں کیا اور ان کے مخالفین کا ساتھ دیا۔
اس مثال سے دو باتیں واضح ہوتی ہیں: اول یہ کہ کسی عورت کا کسی نبی کے نکاح میں ہونا اس کے لیے ہدایت کی ضمانت نہیں بنا۔ شوہر کی نبوت اور پاکیزگی بیوی کو خود بخود نیک نہیں بناسکی۔
دوم یہ کہ کسی نیک انسان کی ازدواجی زندگی میں دوسرے فریق کا برا ہونا اس نیک انسان کی نیکی کے خلاف کوئی دلیل نہیں۔ حضرت نوح اور حضرت لوط علیہما السلام کی پاکیزہ سیرت اپنی جگہ مسلم ہے، اور ان کی ازواج کی بدعملی اپنی جگہ۔
اب قرآن مجید کی دوسری مثال دیکھیے: فرعون تاریخ کے بدترین ظالموں میں شمار ہوتا ہے۔ اسی فرعون کے محل میں ایک ایسی عورت موجود تھی جسے اللہ تعالیٰ نے ایمان و تقویٰ کی عظیم مثال بناکر پیش فرمایا،وہ حضرت آسیہ رضی اللہ عنہا تھیں۔
اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:وَضَرَبَ اللَّهُ مَثَلًا لِلَّذِينَ آمَنُوا امْرَأَتَ فِرْعَوْنَ إِذْ قَالَتْ رَبِّ ابْنِ لِي عِنْدَكَ بَيْتًا فِي الْجَنَّةِ وَنَجِّنِي مِنْ فِرْعَوْنَ وَعَمَلِهِ وَنَجِّنِي مِنَ الْقَوْمِ الظَّالِمِينَ۔ اور اللہ نے ایمان والوں کے لیے فرعون کی بیوی کی مثال بیان فرمائی، جب انہوں نے دعا کی: اے میرے رب! میرے لیے اپنے پاس جنت میں ایک گھر بنا دے، اور مجھے فرعون اور اس کے عمل سے نجات دے اور مجھے ظالم لوگوں سے نجات عطا فرما۔ (التحریم: ۱۱)۔ اگر دنیا میں ہر نیک عورت کو لازماً نیک شوہر ملنا ہی قانون ہوتا تو حضرت آسیہ رضی اللہ عنہا کی مثال قرآن میں کیوں بیان ہوتی؟
قرآن نے یہ نہیں فرمایا کہ چونکہ ان کا شوہر فرعون ہے، اس لیے وہ بھی اسی جیسی ہوں گی؛ بلکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اہلِ ایمان کے لیے مثال قرار دیا۔ گویا ایک انسان کی نیکی اور دوسرے انسان کی بدی کو ایک ہی ترازو میں نہیں تولا جاسکتا، خواہ دونوں کا تعلق ازدواجی ہی کیوں نہ ہو۔
یہاں یہ اہم حقیقت سامنے آتی ہے کہ نکاح دو انسانوں کے درمیان تعلق ضرور قائم کرتا ہے، لیکن دونوں کے ایمان، کردار، اعمال اور آخرت کی ذمہ داریوں کو ایک دوسرے میں ضم نہیں کردیتا۔ ہر شخص اپنے اعمال کا خود جواب دہ ہے۔ وَلَا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِزْرَ أُخْرَىٰ۔ کوئی بوجھ اٹھانے والا دوسرے کا بوجھ نہیں اٹھائے گا۔ (الأنعام: ۱۶۴)
لہٰذا اگر کسی عورت کا شوہر نافرمان ہے تو محض اس نسبت سے عورت کی نیکی مشکوک نہیں ہوجاتی، اور اگر کسی مرد کی بیوی بدعمل ہے تو اس کی وجہ سے مرد کا کردار خود بخود آلودہ نہیں ہوجاتا۔
*کیا میاں بیوی کا ایک جیسا ہونا ضروری ہے؟* یہاں ایک باریک فرق سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ہم اکثر نیک اور بد کی تقسیم اتنی سادہ کردیتے ہیں کہ جس شخص کا مزاج ہمارے مزاج سے نہ ملے، جو ہماری توقعات پوری نہ کرے یا جس کے ساتھ ہماری ازدواجی زندگی خوش گوار نہ ہو، اسے فوراً خبیث یا بدکردار قرار دے دیتے ہیں۔ حالانکہ یہ طرزِ فکر درست نہیں۔ہر ناخوش گوار ازدواجی تعلق کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ ایک فریق لازماً نیک اور دوسرا لازماً بد ہے۔ ممکن ہے دونوں نماز روزے کے پابند ہوں، دونوں حلال و حرام کا لحاظ رکھتے ہوں، لیکن ان کی طبیعتیں مختلف ہوں۔ ایک خاموش مزاج ہو اور دوسرا باتونی، ایک سادگی پسند ہو اور دوسرا میل جول پسند کرتا ہو، ایک کی ترجیحات مختلف ہوں اور دوسرے کی مختلف۔لیکن معاملہ اس وقت مختلف ہوجاتا ہے جب اختلاف کے نام پر ظلم، حق تلفی، بدزبانی، خیانت، بے وفائی، دینی فرائض سے روکنا، تحقیر اور ناانصافی کو معمول بنالیا جائے۔
اسلام نے ازدواجی زندگی کو محض ساتھ رہنے کا نام نہیں دیا، بلکہ اس کی بنیاد حقوق، ذمہ داریوں، حسنِ معاشرت اور باہمی احترام پر رکھی ہے، وَعَاشِرُوهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ۔ اور ان عورتوں کے ساتھ اچھے طریقے سے زندگی بسر کرو۔ (النساء: ۱۹)
یعنی ازدواجی زندگی میں کسی ایک فریق کی نیکی دوسرے فریق کو اس کے حقوق پامال کرنے کا اختیار نہیں دیتی۔ فرمانِ رسول ھے: خَيْرُكُمْ خَيْرُكُمْ لِأَهْلِهِ، وَأَنَا خَيْرُكُمْ لِأَهْلِي۔ تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے حق میں بہتر ہو، اور میں تم سب سے زیادہ اپنے گھر والوں کے حق میں بہتر ہوں۔ (جامع ترمذی) یہاں رسول ﷺ نے انسان کی اچھائی کا ایک اہم معیار اس کا گھریلو کردار قرار دیا۔ اس سے معلوم ہوا کہ عبادات کے ساتھ گھر والوں کے حقوق ادا کرنا، حسنِ سلوک کرنا اور انصاف کرنا بھی نیکی کا لازمی حصہ ہے۔
اسی طرح عورت کی دینداری اس کے لباس، ظاہری حیا یا عبادات سے مکمل نہیں ہوتی، بلکہ شوہر کے حقوق، امانت داری، حسنِ اخلاق، سچائی اور ازدواجی ذمہ داریوں کی ادائیگی بھی اس کے کردار کا حصہ ہیں۔
*نیک انسان کو برا شریکِ حیات کیوں ملتا ہے؟* اس سوال کا جواب ایک ہی جملے میں دینا ممکن نہیں، کیونکہ ہر انسان کی زندگی، اس کے حالات اور اس کی آزمائش الگ ہوتی ہے۔ تاہم قرآن و سنت کی روشنی میں چند بنیادی حقیقتیں سامنے آتی ہیں۔ سب سے پہلی بات یہ کہ دنیا میں رشتوں کا ملنا اور ان کے نتائج ہمیشہ انسان کے اخلاقی مرتبے کے مطابق نہیں ہوتے۔ نکاح کے اسباب میں خاندان، معاشرت، باہمی رضامندی، انتخاب، حالات، تقدیر اور انسانی فیصلے سب شامل ہوتے ہیں۔ کبھی انسان کسی کے ظاہر کو دیکھ کر فیصلہ کرتا ہے،اور باطن سے واقف نہیں ہوتا، کبھی نکاح کے بعد حالات بدل جاتے ہیں اور کبھی وہی شخص جس کے متعلق بہت سی امیدیں وابستہ کی گئی تھیں، وقت گزرنے کے ساتھ اپنا مختلف کردار ظاہر کرتا ہے۔
یہ سب انسانی زندگی کے حقیقی پہلو ہیں۔
دوسری بات یہ کہ نیکی کا امتحان انسان کے اپنے گھر میں ہوتا ہے۔ باہر کے لوگوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے، لیکن گھر میں ایسے رویے کا سامنا ہو جو اس کے صبر، برداشت، حکمت اور اپنے اصولوں پر ثابت قدم رہنے کو آزماتا ہے۔
تیسری بات یہ کہ بعض آزمائشیں انسان کے اپنے انتخاب اور فیصلوں کے نتیجے میں بھی آتی ہیں۔ اسلام انسان کو تدبیر، تحقیق اور ذمہ دارانہ فیصلوں کا حکم دیتا ہے۔ اس لیے ہر مصیبت کو تقدیر کہہ کر انسانی غلطیوں، دھوکے یا ظلم کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
چوتھی بات یہ کہ بعض معاملات کی حکمت انسان کی نگاہ سے پوشیدہ ہوتی ہے۔ جبکہ اللہ تعالیٰ اس کے تمام پہلوؤں اور انجام کو جانتا ہے۔ وَعَسَىٰ أَنْ تَكْرَهُوا شَيْئًا وَهُوَ خَيْرٌ لَكُمْ وَعَسَىٰ أَنْ تُحِبُّوا شَيْئًا وَهُوَ شَرٌّ لَكُمْ وَاللَّهُ يَعْلَمُ وَأَنْتُمْ لَا تَعْلَمُونَ۔
اور ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو ناپسند کرو اور وہ تمہارے لیے بہتر ہو، اور ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو پسند کرو اور وہ تمہارے لیے بری ہو، اور اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔ (البقرۃ: ۲۱۶)
یہ آیت ہمیں انسانی علم کی محدودیت یاد دلاتی ہے۔ لیکن اس کا مطلب بھی یہ نہیں کہ انسان ہر ظلم کو قبول کرلے یا اپنے جائز حقوق سے دست بردار ہوجائے۔ صبر اور بے بسی ایک چیز نہیں، تقدیر پر ایمان اور ظلم کی تائید دو الگ چیزیں ہیں۔
*کیا ہر بری ازدواجی زندگی کو صبر کے نام پر برداشت کرنا چاہیے؟*
اس موضوع کا ایک نہایت اہم پہلو یہ بھی ہے کہ جب مرد یا عورت کو بتایا جائے کہ انکے ہم سفر ان کے لیے آزمائش ہے، تو اس بات سے یہ تاثر ہوتا ہے کہ گویا آزمائش کا مطلب خاموش رہنا اور اپنے حقوق سے دست بردار ہوجانا ہے۔
حالانکہ اسلام کا تصورِ صبر اس سے کہیں زیادہ وسیع اور متوازن ہے۔صبر کا مطلب یہ ہے کہ انسان مشکلات میں اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق مضبوط رکھے، حرام راستے اختیار نہ کرے، اور جائز تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنے مسائل حل کرنے کی کوشش کرے۔ صبر کا مطلب ظلم کو جائز سمجھنا، یا ظالم کو مزید ظلم کا موقع دینا نہیں ہے۔
قرآن نے ازدواجی زندگی کے مسائل میں صرف صبر ہی کا ذکر نہیں کیا بلکہ اصلاح، باہمی گفتگو، خاندان کے سمجھ دار افراد کی مداخلت اور ضرورت پڑنے پر علیحدگی کے راستے بھی بیان فرمائے ہیں۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ نکاح ایک مقدس رشتہ ضرور ہے، لیکن کسی انسان کو دوسرے انسان پر ظلم کرنے کا غیر محدود اختیار حاصل نہیں ہوجاتا۔
لہٰذا کسی نیک عورت کا ایسے شوہر کے ساتھ زندگی گزارنا جو اس کے حقوق ادا نہیں کرتا، اس عورت کے کردار کی خرابی کی دلیل نہیں۔ اسی طرح کسی نیک مرد کا ایسی بیوی کے ساتھ رہنا جو اس کے حقوق پامال کرتی ہے، اس مرد کی نیکی پر سوالیہ نشان نہیں۔
*کیا شریکِ حیات کا انتخاب انسان کے اختیار میں نہیں؟*
اب ایک دوسرا سوال پیدا ہوتا ہے۔ اگر اللہ تعالیٰ نے ہر شخص کے لیے اس کا شریکِ حیات پہلے سے مقدر کردیا ہے تو پھر انسان کو انتخاب، تحقیق اور سوچ سمجھ کر نکاح کرنے کی تاکید کیوں کی گئی ہے؟
یہاں تقدیر اور تدبیر کے باہمی تعلق کو سمجھنا ضروری ہے۔ اسلام انسان کو اسباب اختیار کرنے کا حکم دیتا ہے۔ نکاح سے پہلے دین، اخلاق، خاندان، مزاج اور کردار کی تحقیق کرنا، مناسب مشورہ لینا اور رضامندی سے فیصلہ کرنا سب اہم امور ہیں۔حدیث میں ہے
تُنْكَحُ الْمَرْأَةُ لِأَرْبَعٍ: لِمَالِهَا، وَلِحَسَبِهَا، وَلِجَمَالِهَا، وَلِدِينِهَا، فَاظْفَرْ بِذَاتِ الدِّينِ تَرِبَتْ يَدَاكَ۔ عورت سے چار چیزوں کی وجہ سے نکاح کیا جاتا ہے: اس کے مال، اس کے حسب و نسب، اس کے حسن اور اس کے دین کی وجہ سے؛ پس تم دین دار عورت کو ترجیح دو۔ (صحیح بخاری، صحیح مسلم)
یہ حدیث مردوں کو نکاح میں عورت کے دین کو ترجیح دینے کی تعلیم دیتی ہے۔ اسی طرح عورت اور اس کے سرپرستوں کو بھی رشتہ طے کرتے وقت مرد کے دین اور اخلاق کو بنیادی اہمیت دینی چاہیے۔ إِذَا أَتَاكُمْ مَنْ تَرْضَوْنَ خُلُقَهُ وَدِينَهُ فَزَوِّجُوهُ۔ جب تمہارے پاس ایسا شخص نکاح کا پیغام لے کر آئے جس کے دین اور اخلاق سے تم راضی ہو تو اس سے نکاح کردو۔ (جامع ترمذی)
معلوم ہوا کہ اسلام نے انسان کو محض قسمت کے حوالے کرکے بے فکر نہیں چھوڑا، بلکہ نکاح سے پہلے درست انتخاب کی تعلیم دی ہے۔
*ایک اہم سوال: اگر یہ آیت عمومی طور پر باہمی مناسبت بیان کرتی ہے تو پھر اس کی حقیقت کیا ہے؟*
یہاں ہمیں آیت کے مفہوم کو دو انتہاؤں سے بچانا ہوگا۔
ایک انتہا یہ ہے کہ اس آیت کو اس معنی میں لیا جائے کہ دنیا میں ہر پاکیزہ انسان کو لازماً پاکیزہ شریکِ حیات ہی ملتا ہے، اور اگر ایسا نہ ہو تو اس کی اپنی پاکیزگی مشکوک ہے۔ یہ مفہوم قرآن کے دوسرے واضح بیانات سے مطابقت نہیں رکھتا۔
دوسری انتہا یہ ہے کہ آیت کو ازدواجی مناسبت کے اعتبار سے بالکل بے معنی قرار دے دیا جائے، حالانکہ امام ابن زید رحمہ اللہ سمیت بعض اہلِ تفسیر نے اس مفہوم کو بھی بیان کیا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ پاکیزہ طبیعتیں پاکیزہ صفات کو پسند کرتی ہیں، نیک کردار والے انسانوں کی رغبت نیک کردار کی طرف ہوتی ہے اور بدکرداری رکھنے والے لوگوں کی مناسبت اکثر اپنے جیسے لوگوں سے ہوتی ہے۔ یہ انسانی فطرت اور معاشرتی مشاہدے کی ایک عمومی حقیقت ہے۔ لیکن عمومی مناسبت اور لازمی وقوع میں فرق ہے۔
بہرحال آج سوشل میڈیا پر دینی آیات، احادیث، تفسیری اقوال اور مذہبی موضوعات پر گفتگو عام ہے۔ ڈراموں میں آیتوں کا استعمال، ناولوں میں آیتوں کی تفسیر، یا فرضی کرداروں کے احوال پر آیتوں کو جوڑنا، انفلیوئنسرز کا مخصوص آیتوں کو لے کر عوام کو متوجہ کرنا، اور اسی کو سو فیصد حق سمجھ لینا غلط ہے۔ افسوس کہ کبھی ایک آیت کا صرف ترجمہ پیش کرکے اس سے ایسے نتائج اخذ کیے جاتے ہیں جن کی مکمل بنیاد نہ آیت کے سیاق میں ہوتی ہے، نہ مفسرین کی تشریحات میں اور نہ قرآن کے دوسرے مقامات سے ان کی تائید ہوتی ہے۔ دین کی تعلیم محض جملے یاد کرانے کا نام نہیں، بلکہ حقائق کو ان کے صحیح مقام پر سمجھنے کا نام ہے۔
اللہ تعالیٰ دین کی صحیح سمجھ عطا فرمائے ۔ آمین