*دورِ حاضر میں علمائے کرام کی ذمہ داریاں۔*
ہر دور اپنے ساتھ کچھ نئے سوالات نئے چیلنجز اور نئی فکری آزمائشیں لے کر آتا ہے۔ کسی زمانے میں باطل نظریات کا مقابلہ تلوار سے کیا جاتا تھا، کسی دور میں قلم اور مناظرے میدانِ کارزار تھے مگر آج کا دور ذہنوں کی تسخیر افکار کی تشکیل اور نظریات کی ترویج کا دور ہے۔ اب جنگ صرف سرحدوں پر نہیں لڑی جا رہی بلکہ موبائل کی اسکرینوں، تعلیمی اداروں، سوشل میڈیا کے پلیٹ، فارموں اور انسانی ذہنوں کے اندر بھی جاری ہے۔ ایک طرف سائنس و ٹیکنالوجی نے انسانی زندگی کو غیر معمولی وسعت دی ہے، تو دوسری طرف اسی ترقی کے سائے میں *الحاد مادہ پرستی تشکیک مذہب بیزاری اور مختلف فکری نظریات* نے نئی صورتوں میں اپنے قدم جمائے ہیں۔ ایسے حالات میں علمائے کرام کی ذمہ داری محض درس و تدریس وعظ و نصیحت اور روایتی مسائل کے بیان تک محدود نہیں رہ سکتی بلکہ وقت کا تقاضا ہے کہ وہ علمِ دین کی روشنی میں عصرِ حاضر کے سوالات کا جواب دیں نوجوانوں کی فکری رہنمائی کریں اسلام کی حقانیت کو حکمت بصیرت اور مضبوط استدلال کے ساتھ پیش کریں۔
*علمائے کرام کی ذمہ داری روایت کی حفاظت اور زمانے کی تفہیم*
علمائے کرام امت کے فکری رہنما اور دینی امانت کے محافظ ہیں۔ یقینی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ مساجد کے میناروں سے آذان، مدارس کے سینوں سے علما ایک عام سے انسان کو ایمان، اسلام، عقائد سمجھنے کی صلاحیت یہ سب علماۓ کرام کی شان ہے، لیکن ان کا منصب صرف ماضی کے علمی ذخیرے کو محفوظ رکھنا نہیں بلکہ اس ذخیرے کی روشنی میں حال کے مسائل کو سمجھنا اور مستقبل کی راہوں کی نشان دہی کرنا بھی ہے۔ اگر معاشرہ بدل رہا ہو، سوالات کی نوعیت تبدیل ہو رہی ہو اور نئی نسل کے ذہن میں نئے اشکالات پیدا ہو رہے ہوں، تو دعوت و اصلاح کے طریقۂ کار میں حالات کے مطابق حکمت اور وسعت پیدا کرنا ضروری ہے۔ اس کا مطلب دین کے اصولوں سے سمجھوتا کرنا نہیں بلکہ انہی اصولوں کو مؤثر انداز میں پیش کرنا ہے۔ قرآنِ کریم کا ارشاد ہے: *اُدْعُ إِلَىٰ سَبِيلِ رَبِّكَ بِالْحِكْمَةِ وَالْمَوْعِظَةِ الْحَسَنَةِ۔یعنی اپنے رب کے راستے کی طرف حکمت اور اچھی نصیحت کے ساتھ دعوت دیجیے۔* یہ آیت واضح کرتی ہے کہ دعوتِ دین میں صرف حق کا علم کافی نہیں بلکہ حق کو پیش کرنے کا سلیقہ مخاطب کی نفسیات کا فہم اور مناسب اسلوب بھی ضروری ہے۔
*الحاد کا چیلنج اور علمی جواب کی ضرورت:*
آج الحاد کا مسئلہ محض یہ نہیں کہ کوئی شخص خدا کے وجود کا انکار کر دے بلکہ اس کے ساتھ کئی فلسفیانہ اور نفسیاتی سوالات بھی وابستہ ہیں۔ کائنات خود بخود کیسے وجود میں آئی؟ اگر اللہ ہے تو دنیا میں دکھ اور مصیبتیں کیوں ہیں؟ مذہب کے بغیر اخلاق ممکن کیوں نہیں؟ کیا سائنس نے خدا کی ضرورت ختم کر دی ہے؟ کیا مذہب صرف قدیم انسان کی ذہنی تسلی کا ذریعہ تھا؟ ان سوالات کو محض گستاخی سمجھ کر رد کر دینا یا سوال کرنے والے نوجوان کو فوراً گمراہ قرار دے دینا مسئلہ کا حل نہیں۔ بعض سوالات کے پیچھے حقیقی فکری الجھن ہوتی ہے بعض کے پیچھے نامکمل معلومات اور بعض کے پیچھے سوشل میڈیا سے حاصل کردہ سطحی تصورات ہر صورتِ حال کو سمجھنا اور اسی کے مطابق جواب دینا ضروری ہے۔علمائے کرام کو چاہیے کہ عقائدِ اسلامیہ کے ساتھ علمِ کلام، فلسفۂ مذہب منطق اور جدید فکری مباحث کا منظم مطالعہ کریں اور ہر سوال کا جواب لوجیکل سمجھانے کی کوشش کریں۔
*سائنس اور دین تصادم نہیں صحیح تفہیم کی ضرورت:*
ہمارے معاشرے میں ایک قابلِ توجہ مسئلہ یہ بھی ہے کہ بعض اوقات سائنس اور مذہب کو اس طرح آمنے سامنے کھڑا کر دیا جاتا ہے جیسے ایک کو قبول کرنے کے لیے دوسرے کو ترک کرنا ضروری ہو۔ حالاں کہ سائنس کا بنیادی کام مشاہدے تجربے اور قابلِ آزمائش شواہد کے ذریعے طبیعی دنیا کے مظاہر کو سمجھنا ہے جبکہ مذہب انسان کو اس کے خالق مقصدِ حیات اخلاقی ذمہ داری اور آخرت کے بارے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ دونوں کے دائرۂ کار میں فرق کو سمجھے بغیر پیدا ہونے والی بحثیں اکثر غلط فہمیوں کو بڑھاتی ہیں۔ یہ درست ہے کہ کسی سائنسی دعوے کی جانچ تجرباتی شواہد سے ہوگی اور کسی دینی مسئلہ کی تحقیق اس کے اپنے علمی اصولوں کے مطابق کی جائے گی۔ اسی طرح سائنسی نظریات کو سمجھے بغیر ان پر اعتراض کرنا بھی درست نہیں اور کسی سائنسی دریافت کو خدا کے وجود کے انکار کی دلیل بنا دینا بھی منطقی طور پر لازم نہیں آتا۔
لہٰذا علمائے کرام کے لیے ضروری ہے کہ وہ حیاتیات طبیعیات کیمیا فلکیات اور جدید سائنسی مباحث کی بنیادی اصطلاحات سے واقفیت حاصل کریں۔ مدارس میں ایسے تعارفی علمی حلقے قائم کیے جائیں جہاں طلبہ کو جدید علوم کے بنیادی تصورات سمجھائے جائیں اور جدید تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم مسلم طلبہ کے لیے ایسے علما دستیاب ہوں جو ان کے علمی سوالات کو سمجھ سکیں۔ ہمیں یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہیے کہ ہر عالم کا سائنس دان ہونا ضروری نہیں لیکن جدید سائنسی مباحث سے مکمل ناواقفیت کو بھی خوبی نہیں سمجھنا چاہیے۔
*سوشل میڈیا فکری انتشار اور علمی قیادت:* آج سوشل میڈیا محض تفریح کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ رائے سازی اور نظریات کی ترویج کا ایک طاقتور وسیلہ بن چکا ہے۔ چند منٹ کی ویڈیو کسی نوجوان کے ذہن میں برسوں سے قائم تصورات کو متزلزل کر سکتی ہے، جبکہ ایک مختصر مگر مؤثر علمی گفتگو اسے فکری استحکام بھی عطا کر سکتی ہے۔ افسوس کہ بعض اوقات سنجیدہ علمی مسائل کو سنسنی خیز عنوانات، غیر ضروری مناظروں، شخصی حملوں اور غیر مصدقہ معلومات کے ذریعے پیش کیا جاتا ہے۔ اس طرزِ عمل سے حق کی خدمت کے بجائے اختلافات میں اضافہ اور عوام میں بداعتمادی پیدا ہو سکتی ہے۔علمائے کرام کو چاہیے کہ وہ جدید ابلاغی ذرائع کو دعوت تعلیم اور اصلاح کے لیے استعمال کریں۔ مختصر ویڈیوز سوال و جواب کے پروگرام مستند مضامین پوڈکاسٹ اور نوجوانوں کے لیے آن لائن علمی نشستیں منعقد کی جائیں۔ ہر عالم کے لیے ضروری ہے کہ وہ ہر موضوع پر فوری تبصرہ کرنے کے بجائے تحقیق کے بعد بات کرے خبر کی تصدیق کرے اور اختلافی مسائل میں علمی وقار برقرار رکھے۔ حدیثِ مبارک ہے: *مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلْيَقُلْ خَيْرًا أَوْ لِيَصْمُتْ۔* (متفق علیہ) یعنی جو اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو اسے چاہیے کہ اچھی بات کہے یا خاموش رہے۔ یہ اصول ڈیجیٹل دور میں بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا کسی مجلس اور محفل میں۔
*عملی تجاویز ذمہ داریوں سے نتائج تک:* عصرِ حاضر کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے چند عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ مدارس اور جامعات میں جدید فکری سوالات پر مستقل علمی نشستیں اور تحقیقی شعبے قائم کیے جائیں۔ ایسے علما کی تیاری پر توجہ دی جائے جو دینی علوم میں راسخ ہونے کے ساتھ فلسفۂ مذہب جدید الحاد اور سائنسی مباحث کی بنیادی تفہیم بھی رکھتے ہوں۔ مختلف مدارس کے درمیان علمی تعاون بڑھایا جائے اور مستند محققین سائنس دانوں ماہرینِ نفسیات اور سماجی علوم کے ماہرین کے ساتھ مشترکہ مذاکرے منعقد کیے جائیں۔ نوجوانوں کے لیے سوال و جواب کی ایسی نشستیں ہوں جن میں ان کے شبہات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور جوابات معتبر علمی بنیادوں پر دیے جائیں۔اسی طرح عوامی خطابات میں صرف مسائل کی نشان دہی پر اکتفا نہ کیا جائے بلکہ ان کے حل بھی پیش کیے جائیں۔ خاندانی انتشار، ذہنی دباؤ، منشیات اخلاقی، بحران ڈیجیٹل فریب اور سماجی ناانصافی جیسے مسائل میں دینی رہنمائی کے ساتھ متعلقہ ماہرین کی معاونت بھی حاصل کی جائے۔ خواتین اور بچیوں کی تعلیم و تربیت اور فکری رہنمائی کے لیے بھی مناسب علمی وسائل فراہم کیے جائیں۔ مدارس کے نصاب اور تعلیمی ماحول میں ایسی تدریجی اصلاحات کی جائیں جو دینی شناخت کو محفوظ رکھتے ہوئے طلبہ کی تحقیقی صلاحیت، زبان و بیان ،تنقیدی مطالعے اور زمانہ فہمی کو فروغ دیں۔ ان تمام کوششوں کی کامیابی کا معیار محض جلسوں کی تعداد یا سوشل میڈیا پر مقبولیت نہیں بلکہ یہ ہونا چاہیے کہ کتنے لوگوں کے شبہات دور ہوئے کتنے نوجوان دین سے قریب آئے اور معاشرے میں علم و اخلاق اور ذمہ داری کا شعور کتنا بڑھا۔
آج امت کو ایسے علما کی ضرورت ہے ،جو اپنے اسلاف کے علمی ورثہ سے مضبوط وابستگی رکھتے ہوں، مگر اپنے زمانے کے سوالات سے ناواقف نہ ہوں، جو عقیدے میں پختہ، تحقیق میں دیانت دار، گفتگو میں باوقار اور اخلاق میں رحیم ہوں۔ جو الحاد کے سامنے دلیل پیش کر سکیں، سائنس کے مباحث کو سمجھ سکیں، نوجوانوں کے سوالات سن سکیں، اور جدید نظریات کا علمی جائزہ لے سکیں۔ یہ کام نہ تنہا کسی ایک عالم کے بس کا ہے اور نہ صرف خطابت سے مکمل ہو سکتا ہے۔ اس کے لیے مسلسل مطالعہ، اجتماعی کوشش، تخصص، تربیت اور ادارہ جاتی منصوبہ بندی درکار ہے۔زمانہ بدلنے سے حق نہیں بدلتا، لیکن حق کو سمجھنے اور سمجھانے کے لیے حکمتِ عملی میں بہتری لانا ضروری ہو جاتا ہے۔ اگر علما زمانے کے فکری محاذوں سے غافل رہیں گے، تو ان کے درمیان پیدا ہونے والے خلا کو غیر مستند آوازیں پُر کریں گی اور اگر وہ علم، کردار ،حکمت اور خیر خواہی کے ساتھ میدان میں آئیں گے تو یہی دور دعوت و اصلاح کے نئے امکانات بھی پیدا کر سکتا ہے۔ آج ضرورت صرف اس بات کی نہیں کہ علما منبر پر کھڑے ہو کر امت کو راستہ دکھائیں بلکہ اس بات کی بھی ہے کہ وہ امت کے تعلیمی اداروں ،فکری مباحث، ڈیجیٹل دنیا اور نوجوانوں کے ذہنوں تک پہنچیں۔ کیونکہ دورِ حاضر میں عالم کی کامیابی صرف اس میں نہیں کہ وہ باطل کی تردید کر دے بلکہ اس میں بھی ہے کہ وہ حق کو اس وضاحت قوت اور حکمت سے پیش کرے کہ نئی نسل اسے سمجھ سکے، اس پر مطمئن ہو سکے اور اپنی زندگی میں اسے اختیار کر سکے۔
*✍️محمد مزمل المصباحی✍️*