حیا اور عفت صرف ایک پہناوا نہیں، بلکہ ایک طرزِ زندگی ہے۔
 ہر تعلق میں قربت ضروری نہیں،
 اور ہر قربت بے تکلفی کی محتاج نہیں۔

اسلام ہمیں صرف لباس میں حیا کا درس نہیں دیتا، بلکہ ہماری نگاہ، گفتگو، رویے اور میل جول تک میں پاکیزگی اور حدود کی پاسداری سکھاتا ہے۔
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
 ﴿قُلْ لِّلْمُؤْمِنِينَ يَغُضُّوْا مِنْ أَبْصَارِهِمْ وَيَحْفَظُوْا فُرُوْجَهُمْ﴾
"مومن مردوں سے کہہ دیجیے کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں۔"
اور مومن عورتوں کو بھی نگاہیں نیچی رکھنے اور پاکدامنی کی حفاظت کا حکم دیا گیا۔
 (سورۃ النور: 31)

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
 "الْحَيَاءُ شُعْبَةٌ مِنَ الْإِيمَانِ"
"حیا ایمان کی ایک شاخ ہے۔"

 سوچیے...
حیا کو ہم نے آخر اتنا معمولی کیوں سمجھ لیا؟
حیا تو سیدنا عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ کے کردار کا وہ وصف تھی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

أَلَا أَسْتَحِي مِنْ رَجُلٍ تَسْتَحِي مِنْهُ الْمَلَائِكَةُ 
"کیا میں اس شخص سے حیا نہ کروں جس سے فرشتے بھی حیا کرتے ہیں؟"

اور سیدہ فاطمۃ الزہرہؓ کی زندگی بھی عفت، پاکیزگی اور حیا کی روشن اور کامل مثال تھی۔
پھر آج ہم کس بنیاد پر یہ کہہ دیتے ہیں:
"بس دل صاف ہونا چاہیے، پردہ تو صرف دل اور نظر کا ہوتا ہے!"
کیا ان پاکیزہ ہستیوں کے دل صاف نہیں تھے؟
کیا ان کی نگاہیں پاک نہیں تھیں؟
پھر ان کی زندگیاں ہمیں صرف باطنی پاکیزگی ہی کیوں سکھائیں گی؟
ان کے ظاہری وقار، لباس، رویے اور حدود ہمارے لیے نمونہ کیوں نہیں ہوں گے؟
دل کی پاکیزگی یقیناً ضروری ہے،
مگر اسلام نے دل کی پاکیزگی کے ساتھ عمل اور ظاہر کی پاکیزگی بھی سکھائی ہے۔
حیا کا مطلب یہ نہیں کہ ہم دوسروں سے نفرت کریں،
نہ یہ کہ ہر انسان سے بے رخی اختیار کر لیں۔
 حیا تو یہ سمجھنے کا نام ہے کہ—
 کہاں رکنا ہے،
 کتنا قریب ہونا ہے،
 کیا کہنا ہے،
 اور کس حد سے آگے نہیں بڑھنا۔

کبھی ایک "نہیں"کے پیچھے تکبر نہیں ہوتا, وہاں خودداری ہوتی ہے۔
کبھی کسی سے ہاتھ نہ ملانے کے پیچھے بدتمیزی نہیں ہوتی،
وہاں ایک اصول ہوتا ہے۔
کبھی مناسب فاصلہ رکھنے کے پیچھے نفرت نہیں ہوتی ،
وہاں اپنے ایمان، حیا اور عزتِ نفس کی حفاظت ہوتی ہے۔
اور شاید سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ—
 اپنی حدود کی حفاظت جتنی ضروری ہے، دوسروں کی حدود کا احترام بھی اتنا ہی ضروری ہے۔
ہمیں یہ سیکھنا ہوگا کہ کسی کی "نہیں" کو ذاتی توہین نہ سمجھیں،
کسی کی حیا کا مذاق نہ بنائیں،
اور کسی کے اصولوں کو اپنی بے تکلفی کی خاطر کمزور کرنے کی کوشش نہ کریں۔
 یاد رکھیے!
ایک باادب اور باوقار معاشرہ صرف بڑی بڑی باتوں سے نہیں بنتا،
وہ تب بنتا ہے جب ہم ایک دوسرے کے دائرے اور حدود کا احترام کرنا سیکھتے ہیں۔
 اپنی نگاہ کی حفاظت کریں،
 اپنی زبان کی حفاظت کریں،
 اپنے رویوں کی حفاظت کریں،
 اور اپنی حیا کی حفاظت کریں۔
کیونکہ—

🌸 حیا کمزوری نہیں، کردار کی طاقت ہے۔
 اور حدود فاصلے نہیں، عزت کی ضمانت ہیں۔
ازقلم: زا-شیخ