*بنتِ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کا سوال اور امام شافعی رحمہ اللہ کا جواب۔*
ائمۂ سلف کی زندگیاں محض علم و فضل کے واقعات کا مجموعہ نہیں تھیں بلکہ ان کی زندگی کا ایک ایک لمحہ اخلاص، تقویٰ، عبادت، فکرِ آخرت اور دین کی خدمت سے معمور تھا۔ بظاہر ان کی زندگی کے بعض معمولات ہمیں عام محسوس ہوتے ہیں لیکن جب ان کے پیچھے چھپی ہوئی حقیقت سامنے آتی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ حضرات کس قدر بلند ہمت، وسیع علم اور گہری فکر کے مالک تھے۔ ان کے لیے آرام بھی علم بن جاتا تھا، کھانا بھی عبادت کا ذریعہ بن جاتا تھا اور جاگنے کا ہر لمحہ امت کے فائدے کے لیے صرف ہوتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ صرف اپنے زمانے کے امام نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی علم و عمل کے روشن مینار بن گئے۔
*بنتِ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کا سوال امام شافعی کا جواب۔*
امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ اپنے گھر والوں سے امام شافعی رحمہ اللہ کے علم و فضل اور تقویٰ و پرہیزگاری کے بارے میں کثرت سے بیان کیا کرتے تھے۔ ایک دن امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے امام شافعی رحمہ اللہ کو اپنے گھر آنے کی دعوت دی۔ امام شافعی رحمہ اللہ تشریف لائے اور رات کا کھانا تناول فرما کر مہمانوں کے کمرے کا رخ کیا اور فوراً ہی بستر پر لیٹ گئے۔
امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کی صاحبزادی نے صبح اپنے والد محترم سے عرض کیا ابا جان کیا یہ وہی امام شافعی ہیں جن کے متعلق آپ ہمیں بکثرت بتایا کرتے ہیں؟امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے فرمایا ہاں:صاحبزادی نے عرض کیا میں نے ان میں تین ایسی باتیں دیکھی ہیں جن پر مجھے تعجب ہوا ہے امام احمد نے پوچھا کون کون سی؟ بیٹی نے کہا *پہلی یہ کہ جب ہم نے رات کا کھانا دسترخوان پر لگایا تو انہوں نے خوب پیٹ بھر کر کھانا تناول فرمایا۔ دوسری یہ کہ کھانا تناول فرما کر وہ مہمانوں کے کمرے میں تشریف لے گئے اور بستر پر لیٹ گئے۔ رات کو نہ تو انہوں نے قیام اللیل کیا نہ ہی تہجد کی نماز پڑھی۔ اور تیسری بات یہ کہ فجر کی نماز بغیر وضو ہمیں پڑھائی۔ پانی کا جو لوٹا ان کے وضو کے لیے رکھا گیا تھا اس کو انہوں نے ہاتھ تک نہیں لگایا۔*
امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے بیٹی کی تنقید بھری گفتگو سنی تو امام شافعی رحمہ اللہ سے ان تین امور سے متعلق استفسار چاہا۔امام شافعی رحمہ اللہ نے فرمایا اے احمد *میں نے زیادہ کھانا اس لیے تناول کیا کیونکہ مجھے یقین ہے کہ آپ کا کھانا حلال روزی سے ہے اور تم کریم بھی ہو، اور کریم کا کھانا علاج ہوتا ہے جبکہ بخیل کا کھانا مرض ہے اور میں نے آسودہ ہونے کے لیے زیادہ کھانا نہیں کھایا بلکہ میرے زیادہ کھانے کی وجہ یہ ہے کہ آپ کے کھانے سے اپنا علاج کروں۔جہاں تک یہ بات ہے کہ میں نے قیام اللیل نہیں کیا تو دراصل جب میں نے اپنا سر تکیے پر سونے کے لیے رکھا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعض احادیث میرے ذہن میں آ گئیں۔ میں نے ان پر غور و فکر شروع کیا اور ان سے 72 فقہی مسائل کا استنباط کیا جن سے مسلمان استفادہ کر سکتے ہیں* اس لیے مجھے قیام اللیل کی فرصت نہ مل سکی۔اور جہاں تک بغیر وضو تمہیں نماز پڑھانے کی بات ہے تو سنو اللہ کی قسم میں پوری رات جاگتا رہا۔ نیند میری آنکھوں سے مکمل دور رہی اور تجدید وضو کی ضرورت نہیں پڑی۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے عشاء کے وضو سے ہی تم لوگوں کو فجر کی نماز پڑھائی ہے۔
یہ تھی ائمہ سلف کی پاکیزہ زندگیوں کی ایک جھلک اس واقعے میں ہمارے لیے بہت سے سبق پوشیدہ ہیں۔ سب سے بڑا سبق یہ ہے کہ علمِ دین صرف کتابوں کے صفحات پڑھ لینے کا نام نہیں بلکہ ایسا علم مطلوب ہے جو انسان کے ہر لمحے کو بامقصد بنا دے۔ امام شافعی رحمہ اللہ کا ایک رات میں احادیث پر غور کرکے فقہی مسائل کا استنباط کرنا ہمیں بتاتا ہے کہ اہلِ علم کا ذہن کس قدر بیدار اور امت کے فائدے کے لیے فکر مند ہوتا تھا۔ اسی طرح اس واقعے سے حلال رزق کی برکت، اہلِ علم کے ادب، حسنِ ظن، عبادت کی حقیقت اور وقت کی قدر کا سبق بھی ملتا ہے۔یہ لوگ صرف اس لیے امام نہیں بنے کہ انہوں نے بہت کچھ پڑھ لیا تھا بلکہ ان کی زندگی کا ایک ایک لمحہ یادگارِ الٰہی اور خدمتِ دین کا محور تھا۔ ان کا کھانا بھی نیت سے جڑا ہوا تھا، ان کا آرام بھی علم میں تبدیل ہوجاتا تھا، ان کی بیداری بھی امت کے لیے فائدہ مند تھی اور ان کا علم بھی عمل اور تقویٰ سے روشن تھا۔ آج ہمیں بھی اپنی زندگی کا جائزہ لینا چاہیے کہ ہمارے گھنٹوں اور دنوں میں کتنا وقت ایسی چیزوں میں صرف ہوتا ہے جو دنیا و آخرت دونوں میں ہمارے لیے فائدہ مند ہو۔
ائمۂ سلف کی زندگیوں کا مطالعہ صرف واقعات پڑھنے کے لیے نہیں بلکہ اپنی زندگی سنوارنے کے لیے ہونا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ان بزرگانِ دین کے نقشِ قدم پر چلنے، علم کو عمل سے سجانے اور اپنے ہر لمحے کو اپنی رضا کے لیے استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین یا رب العالمین بجاہ النبی الامین الکریم صلی اللہ علیہ وسلم۔
*✍️متعلم الجامعۃ الاشرفیہ✍️*
https://whatsapp.com/channel/0029VbDXe5y1dAw0srKp8e0j