*کتاب: غلو فی الدین*


*مصنف: فقیہ العصر و محدث کبیر حضرت اقدس مفتی محمد شعیب اللّٰہ خان صاحب دامت برکاتہم المفتاحی*


امتِ مسلمہ اس وقت جن فتنوں، انتہاپسندیوں اور فکری گمراہیوں میں مبتلا ہے، اُن میں سب سے زیادہ خطرناک مرض غلو ہے۔ یہی غلو ایمان کو بھی مجروح کرتا ہے، دین کی اصل صورت کو بھی بگاڑتا ہے، اور ملت کے اندر ایسے انتشار کو جنم دیتا ہے جس کے اثرات نسلوں تک باقی رہتے ہیں۔ اس نازک دور میں حضرت مفتی محمد شعیب اللہ خان صاحب دامت برکاتہم کی یہ اہم تصنیف “غلو فی الدین” امت کے لیے ایک رحمتِ عظمیٰ اور علمی نعمتِ کبریٰ ہے، جو ہر مسلمان کے گھر، ہر مدرسہ، اور ہر لائبریری کی اولین ضرورت ہے۔

حضرت نے اس کتاب میں غلو کے اسباب، صورتوں اور نتائج کو نہایت سادہ، مدلل اور قابلِ فہم اسلوب میں بیان کیا ہے۔ کتاب پڑھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ ایک مہربان استاد ہاتھ پکڑ کر بتا رہا ہے کہ کہاں ٹھہرنا ہے، کہاں بچنا ہے، اور دین ہمیں کس طرف متوازن طریقے سے لے جانا چاہتا ہے۔

کتاب کا ایک بڑا حصہ اُن لوگوں کے تعارف پر بھی مشتمل ہے جو یا تو مغربی تہذیب سے مرعوب ہیں یا اسلام دشمن قوتوں کے ایجنڈے پر کام کرتے ہیں۔ ایسی طاقتیں ہمیشہ مدارسِ اسلامیہ کو نشانہ بناتی رہی ہیں۔ حضرت نے مدارس کی خدمات، کارناموں اور شبیہ بگاڑنے کی سازشوں کو نہایت مدلل انداز میں واضح کیا ہے۔ مغرب زدہ ذہنوں کی جانب سے پیدا کیے گئے شبہات کا ایسا محکم اور تشفی بخش جواب دیا ہے کہ قاری کے دل سے ہر بےچینی اور وسوسہ دور ہو جاتا ہے۔

کتاب کا ایک نہایت اہم باب منکرینِ حدیث کے باطل نظریات کے رد میں ہے، جس میں قرآن و سنت کی علمی بنیادوں کو مضبوط دلائل کے ساتھ واضح کیا گیا ہے۔ حضرت نے نہ صرف انکارِ حدیث کے فتنہ پر روشنی ڈالی ہے بلکہ یہ بھی بتایا ہے کہ شرعی اصطلاحات سے کھیلنا کس قدر سنگین جرم ہے۔ قادیانیوں کی ختمِ نبوت میں تحریف کا مختصر مگر نہایت مدلل تذکرہ بھی اسی سلسلے کی ایک قیمتی کڑی ہے۔

یہ کتاب اپنے مرکزی موضوع؛ "غلو فی الدین" کا حق ادا کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ موضوعات پر بھی ایسی بصیرت افروز گفتگو کرتی ہے جو آج کے ہر مسلمان کی فکری ضرورت ہے۔ اس کا مطالعہ ایمان کو تازگی دیتا ہے، ذہن کو روشنی بخشتا ہے اور دین کی صحیح سمت متعین کرتا ہے۔

بجا طور پر کہا جا سکتا ہے کہ حضرت کی دیگر نفع بخش اور علمی کتابوں میں یہ کتاب جامعیت، افادیت اور عصری مسائل کے حل کے اعتبار سے ایک ممتاز اضافہ ہے۔ جس گھر میں یہ کتاب موجود ہو، وہاں فکری استقامت اور اعتدال کی بنیاد مضبوط ہو جاتی ہے۔

ہر مسلمان کو یہ کتاب ضرور پڑھنی چاہیے، اور ہر گھر تک اس کتاب کا پہنچنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔


*خاک پائے اکابر:*

*ابو اشرف علی گڈاوی*


کتاب حاصل کرنے کے لیے رابطہ کریں:

9065331343

8002196364

9661153909