*لڑکیوں کا فتنہ*

✍🏻*محمد عادل ارریاوی*
________________________________

آج کے اس پُرفتن دور میں عورت کا فتنہ بھی ایک بہت بڑا فتنہ بن چکا ہے۔ شیطان نے بے حیائی بے پردگی اور ناجائز تعلقات کو اس قدر عام کر دیا ہے کہ قدم قدم پر ایمان و عفت آزمائش میں نظر آتے ہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج بعض لڑکیاں برقعہ اور حجاب پہننے کے باوجود اس کی حقیقی روح کو فراموش کر بیٹھی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ریلز بنانا غیر محرم مردوں کے ساتھ بے تکلف گھومنا پھرنا تفریح کے نام پر دینی حدود کو پامال کرنا اور ناجائز تعلقات کو معمولی سمجھ لینا انتہائی افسوس ناک بات ہے۔
دوسری طرف بہت سے مرد بھی ایسے ہیں جو ہر وقت لڑکیوں کے تعاقب میں رہتے ہیں اپنی نگاہوں کی حفاظت نہیں کرتے اور معصوم لڑکیوں کو اپنے جال میں پھنسانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسی طرح بعض لڑکیاں بھی غیر محرم مردوں سے مسلسل گفتگو کرتی ہیں ناجائز دوستی قائم کرتی ہیں ان کے ساتھ سیر و تفریح کرتی ہیں اور رفتہ رفتہ ایسے راستے پر چل پڑتی ہیں جس کا انجام رسوائی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔ یہ ہرگز نہیں کہ تمام لڑکیاں ایسی ہیں الحمد للہ بے شمار باحیا باپردہ اور نیک سیرت بیٹیاں بھی موجود ہیں لیکن جنہوں نے حیا کا دامن چھوڑ دیا وہ خود بھی تباہ ہوئیں اور دوسروں کو بھی تباہی کی طرف لے گئیں۔
آج بازاروں میں نکلیں پارکوں میں جائیں ہوٹلوں اور تفریح گاہوں کا رخ کریں تو بے حیائی کے مختلف مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دنیا شہوتوں کا بازار بن چکی ہے۔ کہیں عزت و عصمت کا سودا ہو رہا ہے کہیں کردار نیلام ہو رہے ہیں کہیں غیرت دم توڑ رہی ہے اور کہیں شیطان اپنی کامیابی پر مسکرا رہا ہے۔ آج ہر طرف دو ہی طبقے دکھائی دیتے ہیں ایک عزت و عصمت کے خریدار اور دوسرے عزت و عصمت کے لٹیرے۔
یاد رکھئے مسلمان عورت کی اصل زینت نہ مہنگا لباس ہے نہ فیشن اور نہ دنیا کی چمک دمک اس کی حقیقی زینت حجاب اور قرآنِ کریم ہے۔ جس دن مسلمان عورت کے ہاتھ سے قرآن چھن گیا اور اس کے سر سے حجاب اتر گیا اسی دن اس کی عزت وقار اور عظمت بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔ افسوس بعض خواتین حجاب تو پہنتی ہیں مگر اسی حجاب میں زینت کی نمائش کرتی ہیں غیر محرم مردوں سے بے تکلف ملتی جلتی ہیں اور پردے کے مقصد کو فراموش کر دیتی ہیں۔
خدارا اللہ ربّ العزت سے ڈریں اپنی عزت و عصمت کی حفاظت کریں اپنے حجاب کی لاج رکھیں اور یہ نہ بھولیں کہ ایک دن اللہ رب العزت کی بارگاہ میں حاضر ہو کر اپنی زندگی کے ایک ایک لمحے کا حساب دینا ہے۔ اس دن نہ دنیا کی رنگینیاں کام آئیں گی نہ ناجائز محبتیں اور نہ وقتی خواہشات کامیابی صرف اسی کے لیے ہوگی جو ایمان حیا عفت اور تقویٰ کے ساتھ اپنے رب کے حضور حاضر ہوگا۔
اللہ ربّ العزت ہمیں اور ہماری نسلوں کو ہر قسم کے ظاہری و باطنی فتنوں سے محفوظ فرمائے ہماری نگاہوں دلوں اور کردار کی حفاظت فرمائے آمین یا رب العالمین۔