میرے دل میں ایک آرزو ہمیشہ زندہ رہتی ہے…
کہ کبھی تو ہمیں بھی حج کی سعادت ملے گی
 ان شاء اللہ .... 
 کبھی تو ایسا دن بھی آئے گا 
جب ہم بھی کعبہ کو پہلی نظر دیکھ کر بے اختیار رو پڑیں گے…
کبھی تو قسمت ہمیں بھی مِنیٰ کے خیموں تک لے جائے گی اور ہم بھی اپنے رب کے ذکر میں کھوئے ہوئے ہوں گے۔
نہ دنیا یاد ہوگی، نہ اس کی فکر ہوگی... 
بس میرا اللہ اور اس کا کرم ہوگا۔

کبھی تو میدانِ عرفات کی وہ ساعت نصیب ہوگی
چمکتے سورج تلے توبہ سے بھری دعائیں ہوں گی 
اور سارے گناہوں کی دل سے معافی ہوگی…
جہاں ہر آنسو عبادت بن جائے گا …
ہر دعا آسمان تک پہنچتی محسوس ہوگی…
کانوں میں گونجتی تکبیروں کی صدا ہوگی…
دلوں میں اترتی ربِّ کریم کی محبت ہوگی…
کبھی تو وہ لمحہ بھی آئے گا 
جب تھکے قدموں کے باوجود دل ہلکا محسوس ہوگا…
ہونٹوں پر تلبیہ ہوگی،
اور روح عجیب سی راحت میں ڈوبی ہوگی۔۔۔

کبھی تو مزدلفہ کی رات ہوگی، 
دو نمازیں ایک ساتھ ادا ہوں گی…
کنکریاں چُننے کی سعادت ہوگی...
اور پھر وہ ساعت آئے گی جب کعبہ سامنے ہوگا، اور ہم طواف کرتے ہوئے ہر چکر کے ساتھ اپنے گناہوں کو پیچھے چھوڑتے جائیں گے، آنکھوں سے بہتے آنسو دل کی ساری تھکن بہا لے جائیں گے، نگاہ اٹھتے ہی دل دھڑکنا بھول جائے گا اور روح سجدۂ شکر میں ڈھل جائے گی…
اور ہاتھ غلافِ کعبہ کو تھام کر صرف اتنا کہے گا:
"اے میرے پیارے اللہ
ہمیں بھی اپنے پسندیدہ بندوں میں شامل فرما لیجئے…"

اور پھر ایک دن ان شاء اللہ .!!  
ہم بھی انہی خوش نصیبوں کی طرح پکاریں گے:
" لَبَّیْكَ اَللّٰھُمَّ لَبَّیْكَ لَبَّیْكَ لَا شَرِیْكَ لَكَ لَبَّیْكَ• اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِعْمَةَ لَكَ وَالْمُلْكَ لَا شَرِیْكَ لَكَ"
آمین ثم آمین یارب العالمین ۔
🪶از:ح عائش✰