انسانی معاشرہ مختلف رویّوں اور سوچوں کا مجموعہ ہوتا ہے۔ ہر دور میں لوگوں کے درمیان اختلافِ رائے بھی رہا ہے اور ایک دوسرے کے اعمال پر تبصرہ بھی کیا جاتا رہا ہے۔ لیکن موجودہ دور میں ایک ایسا رجحان بہت نمایاں ہو کر سامنے آیا ہے جسے ہم تنقید پسند معاشرہ کہہ سکتے ہیں۔ ایسا معاشرہ جہاں تعریف کم اور تنقید زیادہ کی جاتی ہے، جہاں اصلاح کے بجائے عیب تلاش کرنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔
تنقید اپنی اصل میں کوئی بری چیز نہیں۔ اگر تنقید خلوص، انصاف اور اصلاح کی نیت سے کی جائے تو وہ انسان کو بہتر بنانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ لیکن جب تنقید کا مقصد صرف کسی کو نیچا دکھانا، اس کی تضحیک کرنا یا اپنی برتری ثابت کرنا ہو جائے تو یہی تنقید معاشرے میں تلخی اور بداعتمادی پیدا کر دیتی ہے۔ بدقسمتی سے آج کے معاشرے میں اکثر تنقید اسی منفی صورت میں نظر آتی ہے۔
آج اگر کوئی شخص کوئی اچھا کام کرنے کی کوشش کرے تو اس کی حوصلہ افزائی کے بجائے لوگ اس کی خامیاں تلاش کرنے لگتے ہیں۔ کوئی لکھے تو اس کے انداز پر اعتراض، کوئی بولے تو اس کے الفاظ پر تنقید، اور کوئی آگے بڑھنے کی کوشش کرے تو اس کی نیت پر شک کیا جاتا ہے۔ اس طرح کا رویّہ نہ صرف افراد کے حوصلے کو کمزور کرتا ہے بلکہ معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کی رفتار کو بھی سست کر دیتا ہے۔
خاص طور پر سوشل میڈیا کے دور میں تنقید کا یہ رجحان اور بھی بڑھ گیا ہے۔ لوگ بغیر سوچے سمجھے اور بغیر مکمل حقیقت جانے دوسروں پر تبصرے کر دیتے ہیں۔ چند جملوں یا ایک پوسٹ کی بنیاد پر کسی کے کردار، نیت یا شخصیت کے بارے میں فیصلے سنا دیے جاتے ہیں۔ یہ طرزِ عمل نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ معاشرتی ہم آہنگی کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔
ایک صحت مند معاشرے کی پہچان یہ ہوتی ہے کہ وہاں مثبت تنقید اور تعمیری مشورے دیے جاتے ہیں۔ ایسے معاشرے میں لوگوں کی خوبیوں کو بھی سراہا جاتا ہے اور خامیوں کی نشاندہی بھی ایسے انداز میں کی جاتی ہے جس سے اصلاح ممکن ہو۔ لیکن اگر معاشرہ صرف تنقید تک محدود ہو جائے اور تعریف یا حوصلہ افزائی کا عنصر ختم ہو جائے تو لوگ آہستہ آہستہ مایوسی اور بددلی کا شکار ہو جاتے ہیں۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ بعض اوقات ہم دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے اندر جھانکنے کی زحمت نہیں کرتے۔ حالانکہ ہر انسان میں کچھ کمزوریاں ہوتی ہیں۔ اگر ہم اپنی اصلاح پر توجہ دیں اور دوسروں کے لیے آسانی پیدا کرنے کی کوشش کریں تو معاشرہ زیادہ خوشگوار بن سکتا ہے۔ لیکن جب ہر شخص دوسروں کے عیب گنوانے میں مصروف ہو جائے تو ماحول میں تلخی بڑھ جاتی ہے۔
اسلامی تعلیمات بھی ہمیں یہی درس دیتی ہیں کہ ہم دوسروں کے عیب تلاش کرنے کے بجائے اپنی اصلاح پر توجہ دیں اور لوگوں کے ساتھ حسنِ ظن اور نرمی کا رویّہ اختیار کریں۔ قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
"يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا يَسْخَرْ قَوْمٌ مِّن قَوْمٍ عَسَىٰ أَن يَكُونُوا خَيْرًا مِّنْهُمْ..."
(سورۃ الحجرات: 11)
ترجمہ: اے ایمان والو! کوئی قوم کسی دوسری قوم کا مذاق نہ اُڑائے، ممکن ہے وہ ان سے بہتر ہوں۔
اسی طرح قرآنِ مجید میں دوسروں کے عیب تلاش کرنے اور بدگمانی سے بھی منع کیا گیا ہے:
"يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اجْتَنِبُوا كَثِيرًا مِّنَ الظَّنِّ إِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ إِثْمٌ وَلَا تَجَسَّسُوا وَلَا يَغْتَب بَّعْضُكُم بَعْضًا"
(سورۃ الحجرات: 12)
ترجمہ: اے ایمان والو! بہت سے گمانوں سے بچو، بے شک بعض گمان گناہ ہوتے ہیں، اور ایک دوسرے کی ٹوہ میں نہ لگو اور نہ ایک دوسرے کی غیبت کرو۔
ان آیاتِ مبارکہ سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام ہمیں ایسا معاشرہ بنانے کی تعلیم دیتا ہے جہاں احترام، بھائی چارہ اور حسنِ اخلاق کو فروغ دیا جائے، نہ کہ طعن و تشنیع اور بے جا تنقید کو۔
لہٰذا ضروری ہے کہ ہم اپنے معاشرے کو صرف تنقید پسند معاشرہ بننے سے بچائیں۔ اگر ہمیں کسی کی غلطی نظر آئے
 تو نرمی اور خوش اسلوبی سے سمجھانے کی کوشش کریں، اور اگر کسی میں کوئی خوبی نظر آئے تو اس کو صدق دل سے سراہا جائے کیونکہ حوصلہ افزائی انسان کو آگے بڑھنے کی طاقت دیتی ہے۔
"یہی وہ شعور ہے جو کسی قوم کو ترقی اور کامیابی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔ جب معاشرے میں تعمیری تنقید کے ساتھ احترام، برداشت اور حوصلہ افزائی کو فروغ دیا جائے تو افراد میں اعتماد پیدا ہوتا ہے اور اجتماعی فلاح کا راستہ ہموار ہوتا ہے۔ اس لیے ہمیں چاہئے کہ 
ہم اپنے الفاظ اور رویّوں کو مثبت بنائیں اور تنقید کو اصلاح کا ذریعہ بنائیں، نہ کہ دل آزاری کا۔ اور ایسا معاشرہ تشکیل دیں جو محبت، رواداری اور اعلیٰ اخلاق کا آئینہ دار ہو۔"  ✨📖
ازقلم : فاطمہ ابوالکلام 🥀