بنت محمد رافع ✍️

کہہ دیں اپنے رب سے 
میں اس دنیا کی ہلچل، شور اور وقتی خوشیوں میں خود کو کھو بیٹھی ہوں…
دل کبھی سکون پاتا ہے، کبھی بےچین ہو جاتا ہے۔ تب محسوس ہوتا ہے کہ اصل سکون تو کہیں اور ہے… اور وہ ہے صرف اپنے رب کے پاس۔
میں اللہ تعالیٰ سے جُڑ جانا چاہتی ہوں…
ایسے جُڑنا چاہتی ہوں کہ میرا دل ہر حال میں اُسی کو یاد کرے،
خوشی میں بھی، غم میں بھی، تنہائی میں بھی اور ہجوم میں بھی۔
میں چاہتی ہوں کہ میری صبح اللہ کے نام سے شروع ہو…
فجر کی وہ ٹھنڈی ہوا، سجدے کی وہ لذت، اور آنکھوں سے بہتے وہ آنسو…
جو کسی کو دکھانے کے لیے نہیں، بلکہ صرف اپنے رب سے بات کرنے کے لیے ہوں۔
میں چاہتی ہوں کہ میرا دل قرآن سے لگ جائے…
جب میں اسے پڑھوں تو ایسے لگے جیسے اللہ مجھ سے بات کر رہا ہے،
ہر آیت میرے دل کو چھو جائے، مجھے بدل دے، مجھے سنوار دے۔
میں چاہتی ہوں کہ میری زندگی میں حیا آ جائے…
میرے الفاظ نرم ہو جائیں، میری نظریں جھک جائیں،
اور میرا ہر عمل اللہ کو راضی کرنے والا بن جائے۔
اے اللہ…!
میں کمزور ہوں، بار بار گناہوں میں گر جاتی ہوں،
لیکن تیرا در چھوڑنا نہیں چاہتی۔
مجھے معاف فرما دے، مجھے اپنی طرف واپس بلا لے،
میرے دل کو اپنی محبت سے بھر دے۔
یا رب!
مجھے نماز کی پابندی نصیب فرما،
مجھے تہجد کی توفیق دے،
مجھے ذکر کی مٹھاس عطا کر،
اور مجھے ایسے لوگوں کی صحبت دے جو مجھے تیری طرف لے جائیں۔
میں دنیا کی چمک دمک نہیں چاہتی…
مجھے بس تیرا قرب چاہیے،
تیری رضا چاہیے،
تیری محبت چاہیے۔
یا اللہ!
مجھے اپنا بنا لے، مجھے کبھی خود سے دور نہ ہونے دینا…
اور میرا انجام ایمان پر فرمانا۔
آمین 🤍✨